• 4 مئی, 2025

جماعت احمدیہ البانیا کے جلسہ سالانہ کا انعقاد

جلسہ کی تاریخ و حاضری

موٴرخہ 9؍ اکتوبر 2022ء بروز اتوار، البانیا کے دارالحکومت Tirana میں موجود جماعت کی وسیع و عریض مسجد بیت الاول اور مشن ہاوس میں جماعت احمدیہ البانیا کے 13 واں جلسہ سالانہ کا انعقاد شایان شان طریق پر کیا گیا۔ الحمد للّٰہ۔ Covid-19 کے شروع ہونے کے بعد، دو سال کے بعد پہلا جلسہ منعقد ہوا ہے۔ لہٰذا گزشتہ جلسہ سالانہ سے جو 2019ء میں منعقد ہوا، حاضرین کی تعداد حالات کے مطابق نسبتاً کم تھی۔ اِس جلسہ میں کل 260 احباب و خواتین شریک ہوئے، جن میں سے اکثر البانیا اور کوسووا سے تشریف لائے البانین احمدی و زیر تبلیغ احباب تھے۔

ڈیوٹیاں

جلسہ سالانہ شروع ہونے سے قبل قریباً دو ماہ سے ہی جلسہ کی تیاریاں شروع ہوگئی تھیں۔ تقاریر کے عناوین اور مقررین کی تعیین ہوئی۔ ڈیوٹیاں تقسیم ہوئیں۔ مکرم Mariglen Beja صاحب افسر جلسہ سالانہ اور مکرم Sali Beja صاحب افسر جلسہ گاہ مقرر ہوئے۔ مکرم Dr. Bujar Ramaj صاحب ناظم استقبال، مکرم Gëzim Muzhaqi صاحب ناظم طعام،مکرم Markelian Shparthi صاحب ناظم برائے رجسٹریشن و پارکنگ، مکرم Genci Ramaj صاحب ناظم بُک اسٹال، نمائش تراجم قرآن مجید و ناظم coffee، مکرم Imer Gjergji صاحب ناظم آڈیو ویڈیو، مکرم S. Rama صاحب ناظم حفاظت اور مکرم Bekim Bici صاحب ناظم فوٹوگرافی کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔ بوسنیا سے تشریف لائے بوسنین احباب نے بھی جلسہ کی تیاری میں بہت تعاون کیا۔ بالخصوص مکرم Cazim Fetahovic صاحب، مکرم Mahir Cebiricصاحب اور مکرم Elvedin Bostanzija صاحب وقفوں کے دوران مہمانوں کو coffee پلانے میں مسلسل مستعد رہے۔ مکرم رانا منور محمد صاحب مبلغ سلسلہ کروشیا نے بھی کئی تکنیکی کاموں میں مدددی۔

اسی طرح لجنہ میں بھی مکرمہ قدسیہ مشتاق غوری صاحبہ کی قیادت میں ان کی ٹیم نے مسلسل خدمات بجالائیں۔ مشن ہاوس میں ٹھہرے مہمانوں کے قیام و طعام کا انتظام بھی کیا۔ تمام ناظمین نے اپنی ٹیم کے ساتھ احسن رنگ میں جلسہ کو کامیاب رنگ میں انعقاد کرنے کی بھرپور کوشش کی۔

جلسہ سے قبل 7 وقار عمل

اس کے علاوہ جلسہ سے دو ہفتہ قبل کل 7 وقار عمل بھی کئے گئے جس میں البانیا جماعت کے خدام نے اسی طرح ایک زیر تبلیغ دوست مکرم Marsel Hasanllari صاحب نے بھی بہت کام کیا۔ ان وقار عمل تقریباً 15 ہزار مربع میٹر پر پھیلی گھاس کاٹی گئی، درختوں کو سیٹ کیا گیا، جلسہ گاہ کے لئے نقل و حمل کے کام وغیرہ کئے گئے۔ فجزاھم اللّٰہ خیراً۔

البانیا کے علاوہ دیگر ممالک سے شامل وفود

البانیا کے علاوہ دیگر ممالک سےشاملین کی تفصیل اس طرح سے ہے:
کوسووا سے مکرم جناح الدین صاحب سیف صدر جماعت و مبلغ سلسلہ کی قیادت میں 82 کوسووا کے البانین احباب و خواتین نے شرکت کی، جو حسب سابق ایک بڑی بس اور کاروں میں قافلہ کی شکل میں نہایت منظم طریق پر تشریف لائے۔

اسی طرح شمالی مقدونیا سے مکرم شاہد احمد بٹ صاحب مبلغ سلسلہ اور مکرم صہیب ناصر صاحب مبلغ سلسلہ کی قیادت میں 7 احباب کا وفد شامل ہوا۔ بوسنیا سے مکرم مفیض الرحمن صاحب صدر جماعت و مبلغ سلسلہ کی قیادت میں 10 احباب کا وفد شامل ہوا۔ کروشیا سے مکرم رانا منور محمد صاحب صدر جماعت و مبلغ سلسلہ شامل ہوئے۔ لندن سے مکرم ڈاکٹر عبد الشکور اسلم خان صاحب سابق صدر جماعت البانیا مع اہلیہ مکرمہ بشریٰ شکور صاحبہ سابق صدر لجنہ اماء اللہ البانیا تشریف لائے۔ نیز جرمنی سے مکرم میجر زبیر خلیل خان صاحب Humanity First Germany کے بلقان ممالک کے انچارج بھی تشریف لائے۔

لوائے احمدیت و قومی پرچم

حسب پروگرام ٹھیک صبح 9:30 کو جماعتی روایات کے مطابق لوائے احمدیت لہرایا گیا جو صمد احمد غوری صدر جماعت و مبلغ سلسلہ نے کیا اسی طرح مکرم Dr. Bujar Ramaj صاحب نائب صدر جماعت نے البانیا کا جھنڈا لہرایا۔ اس کے بعد نائب صدر صاحب نے دعا کروائی۔

مردانہ و زنانہ جلسہ گاہیں

مرد حضرات کے لئے مسجد بیت الاول میں جلسہ گاہ تیار کیا گیا، جبکہ لجنہ و زیر تبلیغ خواتین کے لئے مشن ہاوس کے لیکچر ہال میں جلسہ گاہ تیار کیا گیا تھا جہاں پر جلسہ کی تمام کاروائی live streaming کے ذریعہ بڑی TV پر نشر کی گئی۔

پہلا اجلاس

لوائے احمدیت و قومی پرچم لہرانے کے بعد تمام احباب جلسہ گاہ میں تشریف لائے اور پہلے اجلاس کی کاروائی شروع ہوئی جس کی صدارت مکرم جناح الدین سیف صاحب صدر جماعت و مبلغ سلسلہ کوسووا نے کی۔ تلاوت قرآن مجید و البانین ترجمہ کوسووا کے احمدی مکرم Besmir Yvejsi صاحب نے پیش کیا

1۔ معاشرتی مسائل کا حل

پہلی تقریر صمد احمد غوری صدر جماعت و مبلغ سلسلہ البانیا نے معاشرتی خرابیاں اور دین اسلام کی روشنی میں ان کا حل کے موضوع پر کی۔ آج کے دور میں انسان کس طرح اپنے نفس کی غلامی کے ساتھ ساتھ وسائل، انٹرنیٹ، دنیا پرستی وغیرہ کا غلام بن چکا ہے۔ اس سے آزادی کے لئے انسان کو اپنا Locus of control کی تعیین کرنی ضروری ہے۔ اس کام میں قرآن مجید کی تعلیم اور جماعت کے ساتھ جُڑے رہنے سے ملنے والی مثبت طاقت بے مثال علاج کا کام دیتی ہے۔ اسی طرح البانین مسلمانوں میں ایک کثیر تعداد اپنے آپ کو جادو اور جنوں کے اثر کے تحت مانتے ہیں یا ان چیزوں کے منفی اثرات سے خائف رہتے ہیں۔ جماعت احمدیہ میں شامل ہوکر لوگوں کو اس قسم کے سارے خطروں سے حفاظت مل جاتی ہے۔ ان امور پر مقرر نے مختلف مثالوں سے موضوع پر روشنی ڈالی۔

Video: جرمنی عیسائی کو اللہ تعالیٰ نے اسلام کی طرف ہدایت فرمائی

اس کے بعد 8 منٹ کی ایک مختصر ویڈیو ’’ایک جرمن عیسائی جس کو اللہ تعالیٰ نے اسلام کی طرف ہدایت دی‘‘ کے عنوان سے پیش کی گئی جس میں مکرم Saeed Matthias Gessler صاحب نے اپنا قبول اسلام کا ایمان افروز واقعہ بیان کیا۔ ویڈیو البانین زبان میں dubbed کرکے پیش کی گئی۔

2۔ اسلام دین فطرت ہے

جلسہ کی دوسری تقریر مکرم Dr. Bujar Ramaj صاحب نے اسلام دین فطرت کے موضوع پر کی۔ موصوف نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی بیان فرمودہ قرآنی آیات کی پُر معارف تفسیر کی روشنی میں بتایا کہ اللہ تعالیٰ نے دو نظام قائم فرمائے، ایک جسمانی اور دوسرا روحانی اور دونوں نظاموں کو آپس میں مشابہ بنایا۔ ان دونوں نظام کی ہم آنگی کو پانا دراصل دین اسلام ہے اور اسی ذریعہ سے انسان کو حقیقی سکون ملتا ہے۔

Coffee Break

تقریباً 11 بجے پہلا اجلاس اختتام پذیر ہوا اور اس کے بعد آدھے گھنٹے تک coffee break ہوا۔ اس دوران شاملین جلسہ نے صحن میں نہ صرف ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کیا، بلکہ بُک اسٹال سے فائدہ اٹھایا اور البانین زبان میں کتابیں حاصل کیں۔ تمام کتابیں لوگوں کو مفت دی گئیں۔ جماعت احمدیہ البانیا کے ایک مخلص خادم نے ان تمام کتب کی قیمت ادا کی۔

بُک اسٹال کے علاوہ، اس دفعہ ایک نیا ٹینٹ ’’آپ جماعت احمدیہ میں کیسے شامل ہوسکتے ہیں؟‘‘ کے بینر کے ساتھ لگایا گیا۔ اس ٹینٹ سے بھی لوگوں نے جماعت کا تعارف حاصل کیا۔ الحمد للّٰہ۔

دوسرا اجلاس

11:30بجے دوسرا اجلاس کا آغاز زیر صدارت مکرم Dr. Bujar Ramaj صاحب نائب صدر جماعت البانیا ہوا۔ تلاوت قرآن مجید مکرم صہیب ناصر صاحب مبلغ سلسلہ شمالی مقدونیا نے کی، جس کا البانین ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔

3۔ مغرب سے چڑھتا ہوا سورج

جلسہ کی تیسری تقریر مکرم Sali Beja صاحب نے ’’مغرب سے چڑھتا ہوا سورج‘‘ کے عنوان پر کی۔ موصوف نے اپنی تقریر میں اولاً جماعت احمدیہ اور غیر احمدی مسلمانوں کے پیشگوئیوں کو سمجھنے کے مختلف نظریوں پر روشنی ڈالی اور پھر مغرب سے سورج کے طلوع ہونے کی پیشگوئی کی وضاحت کرتے ہوئے خلافت احمدیہ اور جماعت کی حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی زیر قیادت خدمات و ترقیات کا ذکر کیا۔ موصوف نے بتایا کہ مسلمانوں کے سامنے دو نظریات ہیں: ایک وہ جو قصے کہانیوں میں ہوتا ہے اور جس کا انجام انتظار لاحاصل ہے اور دوسرا جو الہام کی روشنی میں عقل کو نور بخشتا ہے، حقیقت پسند ہے اور جس کا مستقبل روشن و بابرکت ہے۔

Video: MTA Documentary ‘‘Way of Seekers’’

اس کے بعد MTA کی تیار کردہ ڈاکیومنٹری بعنوان Way of Seekers البانین زبان کے subtitles کے ساتھ دکھا گئی۔یہ ڈاکیومنٹری تقریباً 15 منٹ کی تھی۔

تعارفی تقریر

جلسہ پر آئے مہمانوں میں سے مکرم میجر زبیر خلیل خان صاحب نگران Humanity First Germany برائے بلقان ممالک نے مختصر تقریر میں حاضرین کو HF Germany کی روس و یوکرین جنگ سے متاثرین کے لئے ہورہی خدمات کا دلچسپ انداز میں تذکرہ کیا۔

نماز ظہر و عصر و طعام

12:40 پر اذان دی گئی اور حاضرین نے مسجد میں نمازیں ادا کیں۔ اس کے بعد احباب مشن ہاوس کے صحن میں تشریف لے گئے جہاں پر بہت ہی خوشگوار موسم میں کھانا تناول کیا۔

تیسرا اجلاس

حسب پروگرام 2:10 منٹ پر جلسہ کا تیسرا اور آخری اجلاس شروع ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت مکرم ڈاکٹر عبد الشکور اسلم خان صاحب سابق صدر جماعت البانیا نے کی۔ تلاوت قرآن مجید و ترجمہ محترم Alban Zeqiraj صاحب معلم سلسلہ کوسووا نے پیش کیا۔

Video: جرمن عیسائی خاتون کو اللہ تعالیٰ نے اسلام کی طرف ہدایت عطا فرمائی۔

اس کے بعد MTA کی تیسری ویڈیو پیش کی گئی جس میں ایک جرمن خاتون نے جو عیسائی تھیں، اپنا قبول اسلام احمدیت کا ایمان افروز سفر بتایا۔ 7منٹ کی یہ ویڈیو البانین زبان میں مکرمہ Elbesa Beja کی آواز میں dubbed کرکے دکھائی گئی۔

4۔ جماعت احمدیہ پر ایک تعارف

جلسہ کی چوتھی تقریر مکرمہ Mariglen Beja صاحب سیکریٹری تبلیغ البانیا نے جماعت احمدیہ پر ایک تعارف کے موضوع پر کی۔ موصوف نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے جو چند سال قبل جماعت کو غیر اسلامی سمجھتے تھے، جماعت کے قریب آئے، اور دلائل کو سمجھا اور دعاوں کے ذریعہ اللہ تعالیٰ نے انہیں احمدیت قبول کرنے کی توفیق دی اور آج اس جماعت میں سیکریٹری تبلیغ کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ موصوف نے بتایا کہ اگر انسان حقائق کو سمجھنے کی ہمت کرے اور اللہ تعالیٰ سے دعا بھی کرے تو اللہ تعالیٰ اس کو ضرور اپنی جماعت کے ساتھ جوڑدیتا ہے۔ موصوف نے اپنی تقریر میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مبارک الفاظ میں بتایا کہ جماعت احمدیہ کیسی بابرکت اور الٰہی جماعت ہے۔

Video: ڈووی سے متعلق حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پیشگوئی اور فتح عظیم

اس تقریر کے بعد چوتھی ویڈیو دکھائی گئی جوالبانیا کے جلسہ سالانہ سے ایک ہفتہ قبل MTA پر نشر ہوئی This Week with Huzoor تھی۔ اس ویڈیو میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلٰوۃ والسلام کی Dr. Alexander Dowie سے متعلق پیشگوئی اور حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا امریکہ کے شہر Zion میں مسجد فتح عظیم کا افتتاح کا نہایت ہی ایمان افروز بیان ہے۔ جماعت البانیا نے محض دو دنوں میں اس ویڈیوں کا البانین ترجمہ کرکے پروفیشنل انداز میں اس کی dubbing کی اور جلسہ پر حاضرین کو دکھائی۔ الحمد للّٰہ۔

اس ڈاکیومنٹری کے بعد صدر جماعت و مبلغ سلسلہ البانیا نے تمام احباب اور جلسہ کے کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور یہ بھی بتایا کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں جلسہ کی کامیابی کے لئے دعا کی درخواست کی گئی تھی جس پر حضور نے دعا کی کہ: ’’اللہ کرے یہ جلسہ سب کے اندر پاک تبدیلیاں پیدا کرنے کا موجب ہو اور تمام شامل ہونے والوں کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی دعاوں کا وارث بنائے اور اس جلسہ کے بابرکت ثمرات ظاہر فرمائے۔ اللہ آپ کے ساتھ ہو۔ آمین۔ؔ‘‘

یہاں یہ بھی ذکر کرتے چلیں کہ جلسہ سالانہ سے ایک ہفتہ قبل Tirana شہر میں بارش رہی۔ جلسہ والا ہفتہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے نہایت خوشگوار رہا۔ جلسہ کے روز دوپہر کا کھانا اور دیگر کئی انتظامات صحن میں باہر ہونے تھے، جو موسم کی خوشگواری کی وجہ سے بہت سہولت سے انجام پائے۔ الحمد للّٰہ۔

تعارفی تقریر و دعا

آخر پر مکرم ڈاکٹر عبد الشکور اسلم خان صاحب سابق صدر جماعت البانیا نے مختصر تعارفی تقریر کی جس میں انہوں نے انیس سال قبل جب وہ آئے البانیا خدمت کے لئے آئے تھے اور آج کے حالات کے متعلق اپنے تاثرات بیان کئے۔اس کے بعد موصوف نے اختتامی دعا کروائی اور جلسہ کا اختتام پذیر ہوا۔

جلسہ کے معاً بعد البانیا کے خدام اور بوسنیا سے آئے ہوئے مہمانوں نے وائنڈ اپ بسرعت مکمل کیا۔

اللہ تعالیٰ اس جلسہ کے بابرکت نتائج عطا فرمائے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اس جلسہ سے متعلق دعاوں کو قبول فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: صمد احمد غوری۔ مبلغ و صدر جماعت احمدیہ البانیا)

پچھلا پڑھیں

اے خدا! سارے زمانے کو ہدایت دے دے

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی