• 5 جولائی, 2025

نماز جنازہ حاضر و غائب (مؤرخہ 29؍اکتوبر 2022ء)

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 29؍اکتوبر 2022ء بروز ہفتہ 12بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ غائب اور ایک نماز جنازہ حاضر پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ امۃ الرحمٰن قمر صاحبہ اہلیہ مکرم بشیر احمد صاحب (Peckham۔ یوکے)

26؍اکتوبر 2022ء کو 71سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ کے والد مکرم میر ولی صاحب مبلغ سلسلہ اور سسر مکرم رحیم بخش صاحب رضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعود ؑ کے صحابی تھے۔ آپ 2006ء میں یوکے شفٹ ہوئیں اور 2011ء تک جماعت پیکھم کے بچوں کو قرآن کریم پڑھاتی رہیں۔ 2011ء کے بعد خرابی صحت کے باعث یہ خدمت جاری نہ رکھ سکیں۔ اس سے قبل جرمنی میں بھی لمبا عرصہ بچوں بچیوں کو قرآن کریم پڑھانے کی توفیق پائی۔ مرحومہ صوم وصلوۃ کی پابند، سادہ فطرت، خوش مزاج، ہنس مکھ اور نیک خاتون تھیں۔ تلاوت قرآن کریم میں بہت باقاعدہ تھیں اور اپنے بچوں کو بھی ہمیشہ اس کی تلقین کرتی تھیں۔ خلافت احمدیہ سے اخلاص ووفا کا گہرا تعلق تھا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں شوہر کے علاوہ 3 بیٹے اور 3 بیٹیاں شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرم مسعود احمد مجاہد صاحب (ڈیلس۔ امریکہ)

12؍ستمبر 2022ء کو 92سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کی والدہ برکت بی بی صاحبہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت اللہ بخش صاحب رضی اللہ عنہ کی بیٹی تھیں۔ مرحوم نے فرقان فورس میں خدمت کی توفیق پائی۔ ائیر فورس کی ملازمت کے دوران لمبا عرصہ مختلف عہدوں پر خدمت بجالاتے رہے۔ کراچی کے حلقہ النور کے ابتدائی ممبران میں سے تھے اور اس حلقہ کی پہلی مجلس عاملہ میں بطور جنرل سیکرٹری خدمت کی توفیق پائی۔ صوم وصلوۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، بہت فعال، مستعد، وفادار، متوکل علی اللہ اور فدائی احمدی تھے۔ خلافت کے ساتھ والہانہ عقیدت کا تعلق تھا۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں چھ بیٹیاں اور چار بیٹے شامل ہیں۔

-2 مکرمہ مسز مراد سیال صاحبہ اہلیہ مکرم مہر محمد مراد سرگانہ صاحب (ملٹن کینز۔ یوکے)

28؍جولائی 2022ء کو 89سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ مکرم مہر عاشق محمد مراد سرگانہ صاحب مرحوم کی بیٹی تھیں۔ مرحومہ کے دادا حضرت مہر محمد اعظم صاحب رضی اللہ عنہ ایک کشف دیکھنے کے بعد قادیان آئے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ہاتھ پر بیعت کی سعادت حاصل کی۔ مرحومہ 51سال کی عمر میں یوکے آئیں اور ملٹن کینز جماعت کی ابتدائی ممبرات میں سے تھیں۔ آپ کے خاوند کی چونکہ وفات ہوگئی تھی اس لئے آپ نے خود ہی اپنے بچوں کی پرورش کی۔ مرحومہ صوم وصلوۃ کی پابند، چندوں میں باقاعدہ، مالی قربانی کرنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔

اللہ تعالیٰ مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

ادارہ الفضل آن لائن تمام مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہے۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

دنیا سے بے رغبت اور بےنیاز ہو جاؤ