مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 21؍ستمبر 2022ء بروز بدھ 12بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ غائب اور ایک نماز جنازہ حاضر پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرمہ اقبال پر وین صاحبہ (سلاؤ۔ یوکے)
16؍ستمبر 2022ء کو 73 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ کے دادا حضرت میر اسلام خان صاحبؓ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو خواب میں دیکھنے کے بعد کابل سے قادیان کا سفر اختیار کیا اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے ملاقات کا شرف حاصل کیا اور پھر وہیں رہائش پذیر ہو گئے اور قادیان میں ہی وفات پائی۔ مرحومہ کی شادی مکرم محمد عالم خان نیازی صاحب آف دارالصدر غربی ربوہ سے ہوئی جن سے ان کے دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔ مرحومہ کو خلافت سے ایک خاص انس تھا۔ انہوں نے اپنے خاوند کا بھر پور ساتھ دیا جو مجلس نصرت جہاں سکیم کے تحت سیر الیون میں 6 سال ٹیچر رہے۔ اس کے علاوہ جرمنی اور پھر یو کے میں قیام کے دوران لجنہ اما اللہ میں بطور سیکر یٹری مال اور دیگر عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔
نماز جنازہ غائب
-1 مکرم الف دین صاحب (سابق صدر جماعت چرناڑی، گوئی ضلع کوٹلی آزاد کشمیر)
17؍اگست 2022ء کو 70سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نے کثیر العیال ہونے کے باوجود اپنے خاندان کی ذمہ داریوں کو بااحسن ادا کیا اور ہر ایک کے ساتھ خوشدلی اور خندہ پیشانی سے پیش آیا کرتے تھے۔ زعیم انصار اللہ اور صدر جماعت چرناڑی کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ کشمیر میں قیام کے دوران لمبا عرصہ تک تمام جماعتی ڈاک آپ کی دکان کے ایڈریس کی معرفت احمدی احباب تک پہنچتی رہی ۔آپ نے دکان پر جماعتی ڈاک کے جماعت وار الگ الگ باکس بنائے ہوئے تھے۔ دکان پر لوگوں کو الفضل پڑھاتے اور تبلیغ کیا کرتے تھے۔ صوم وصلوٰۃ کی خود بھی پابندی کرتے اور اپنی اولاد کو بھی اس کی عادت ڈالی۔ جماعتی چندوں کا یہ حال تھاکہ باقاعدگی سے روزانہ کی بنیاد پر چندہ الگ کیا کرتے تھے۔ بچوں کے ساتھ خاص شفقت کا سلوک کرنے والے، خاموش طبع اور ہر دلعزیز انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں چار بیٹے اور چھ بیٹیاں اور کئی نواسے نواسیاں اور پوتے پوتیاں شامل ہیں۔
-2 مکرم مرزا محمد یونس صاحب (ربوہ)
10؍ستمبر 2022ء کو حرکت قلب بند ہوجانے سے بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کو 2008ء میں خلافت جوبلی کے موقع پردو ماہ جھنگ سینٹرل جیل میں اسیر راہ مولیٰ رہنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ مرحوم کو تبلیغ کا بہت شوق تھا اور تبلیغ کا کوئی موقعہ ہاتھ سے جانے نہیں دیتے تھے۔ اسیری کے دوران جیل میں بھی تبلیغ کا سلسلہ جاری رکھا۔ آپ صوم وصلوٰۃ کے پابند، چندوں میں باقاعدہ، ملنسار، نرم مزاج، بہت اچھے اخلاق کے مالک ،خلافت کے ساتھ اخلاص کا تعلق رکھنے والے ایک نیک انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ آپ محترم مرزا محمد الدین ناز صاحب (صدر، صدر انجمن احمدیہ پاکستان) کے پھوپھی زاد بھائی تھے۔
-3 مکرمہ شمیم اختر صاحبہ اہلیہ مکرم سعید افضال احمد بٹ صاحب مرحوم (خیر پور ۔ سندھ)
12؍ستمبر 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ نے صدر لجنہ خیر پور کے طو پر خدمت کی توفیق پائی۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند ایک نیک، مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔ مرکزی مہمانوں کی خدمت اور ان کے آرام کا خیال رکھنا ان کے خاص وصف تھے۔ آپ نے 2001ء میں اپنے ایک بیٹے کی روڈ ایکسیڈنٹ میں وفات پر بڑے صبر وہمت کا مظاہر کیا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ آپ مکرم ڈاکٹر ظہیر الدین بٹ صاحب (امیر ضلع خیر پور سندھ) کی والدہ تھیں۔
-4 مکرمہ شمیم اختر صاحبہ اہلیہ مکرم غلام محمد شاہد صاحب (بشیر آباد سٹیٹ سندھ۔حال ربوہ)
5؍ستمبر 2022ء کو 60 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ اور تہجد کی پابند، بہت نرم دل، خدا ترس، محنتی اور صابرہ وشاکرہ خاتون تھیں۔ خلافت کا احترام اور محبت ان میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔ چندوں کے علاوہ صدقہ وخیرات بھی بڑی باقاعدگی سے کرتیں اور کبھی کسی سوالی کو خالی ہاتھ نہ لوٹاتی تھیں۔ جماعتی پروگراموں اور اجلاسات میں باقاعدگی سے شرکت کرتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم لقمان ثاقب صاحب (مربی سلسلہ) وکالت علیا تحریک جدید ربوہ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
-5 مکرم چوہدری عبد الماجد صاحب (کیلیفورنیا ۔امریکہ)
5؍جولائی 2022ء کو 89 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کے نانا حضرت منشی عبد العزیز صاحب اوجلوی رضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔ میٹرک کرنے کے بعد حضرت مرزا بشیر احمد صاحب رضی اللہ عنہ کی تحریک پر ایئر فورس میں بطور ائیرمین شامل ہوئے۔ 1953ء میں برطانیہ سے تین سالہ کورس کرکے بطور پائیلٹ آفیسر کمیشن مقرر ہوئے۔ لیکن 1962ء میں ترقی میں رکاوٹ کی وجہ سے استعفیٰ دے دیا۔ آپ PAF میں مستقل کمیشن حاصل کرنے والے ابتدائی افسران میں سے تھے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار، بہت خاموش طبع، منکسر المزاج، ہنس مکھ، نڈر، شفیق اور فدائی احمدی تھے۔ صدر جماعت اور زعیم انصار اللہ حلقہ سید پوری گیٹ راولپنڈی کے علاوہ امین جماعت روالپنڈی کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
-6 مکرم ریاض احمد صاحب (کوئمبٹور۔صوبہ تامل ناڈو۔انڈیا)
10؍اگست 2022ء کو 45 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ ۔ مرحوم نے کوئمبٹور جماعت کے نائب امیر اور سوشل میڈیا کے چیئر مین کے علاوہ سیکرٹری رشتہ ناطہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
-7 مکرم منور احمد صاحب ابن مکرم اللہ بخش صاحب مرحوم (کنری سندھ)
31؍اگست 2022ء کو 83 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار، چندوں میں باقاعدہ، غریب پرور، مخلص اور باوفا انسان تھے۔ مساجد کی تعمیر اور مرمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ دو نئی مساجد کی تعمیر کی پوری نگرانی کے علاوہ کئی مساجد کی مرمت اپنی نگرانی میں کروانے کی توفیق پائی۔ جب حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ اور حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ کنری اور سٹیٹس کے دورہ پر تشریف لے جاتے تو مرحوم کو حفاظت کی ڈیوٹی دینے کی توفیق ملتی رہی۔ مرحوم موصی تھے۔ آپ مکرم حمید اللہ ظفر صاحب (مربی سلسلہ پرتگال) کے چچا تھے۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین
ادارہ الفضل آن لائن مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہے۔