• 29 اپریل, 2024

برکینا فاسو سے جلسہ قادیان کا آنکھوں دیکھا حال

جلسہ کے ساتھ جماعت احمدیہ کے افراد کی لگن، سارا سال تیاری، جوش و خروش سے جلسے میں شمولیت اور ان جلسوں کا بے شمار برکات کا حامل ہونا اب دنیا پر عیاں ہے۔ ’’یہ وہ امر ہے جس کی بنیاد خالص تائید الٰہی اور اعلائے کلمۃ اللہ پر ہے۔‘‘ کے الفاظ کی گونج اب دنیا کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک سنائی دیتی ہے۔ جلسہ کی برکات کا مشاہدہ اب ہر احمدی کوہے۔ یوں تو دنیا بھر کے تمام جلسے ’’تائید الٰہی اور اعلائے کلمۃ اللہ‘‘ کی اصل کے تحت ہیں لیکن قادیان کا جلسہ اور ہر وہ جلسہ جس میں امام وقت خود رونق افروز ہوں خاص مقام رکھتے ہیں۔

برکینا فاسو میں کئی سالوں سے مارچ اپریل میں جلسہ سالانہ منعقد ہورہا ہے۔امسال برکینا فاسو کا تیسواں جلسہ سالانہ مارچ میں منعقد ہونا تھا ۔ تاہم 2021ء کے جلسہ کے اختتام تک یہ خیال پختہ ہونے لگا کہ آئندہ جلسہ مارچ اپریل میں کرنے کے بجائے دسمبر میں کیا جائے۔ بہرحال تمام حالا ت و واقعات کا جائزہ لینے اور صلاح مشورہ کے بعد جلسہ کی حتمی تاریخ دسمبر میں قادیان کے جلسہ کے ساتھ رکھ دی گئی۔ برکینا فاسو کے جلسہ کا پروگرام اس طرح ترتیب دیا گیا کہ جلسہ قادیان کا آخری روز برکینا فاسو کے جلسہ کا دوسرا روز ہو۔ تاکہ جلسہ قادیان کے موقع پر حضور انور کا براہ راست نشر ہونے والا خطاب مکمل توجہ سے سنا جا سکے اور اگر دیر بھی ہو جائے تو لوگوں کو واپس جانے کی جلدی نہ ہو۔

جلسہ سالانہ قادیان میں ورچوئل شرکت

امسال پہلی بار یہ پروگرام بنایا گیا کہ جلسہ سالانہ برکینا فاسو سے براہ راست جلسہ سالانہ قادیان میں ورچوئل شرکت کی کوشش کی جائے۔ ویسے تو اللہ تعالیٰ کے فضل سے سال 2021ء سے جماعت برکینا فاسو جلسہ سالانہ برطانیہ میں ورچوئل شرکت کرنے کی سعادت پا رہی ہے۔ لیکن وہ انتظامات بہت محدود پیمانے پرہوتے ہیں۔ جبکہ اس بار جلسہ گاہ برکینا فاسو سے براہ راست ورچوئل شرکت کا پہلا موقع تھا اس لئے بعض مسائل اور تحفظات سامنے تھے۔

ابتدائی تیاری

ابتدائی مراحل میں ورچوئل شرکت کی اجازت اور بعد ازاں اس اہم موقع کے لئے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔انٹرنیٹ کنکشن کو جلسہ گاہ میں پہنچانا ایک مرحلہ تھا چنانچہ انٹرنیٹ کیبل بچھانے کے لئے دو صد پچاس فٹ لمبی نالی کی کھدائی کر کے کنکشن جلسہ گاہ تک پہنچایا گیا۔

ایم ٹی اے لندن کے ساتھ ابتدائی ٹیسٹ

ایم ٹی اے لندن سے کال آگئی کہ ہم ابتدائی ٹیسٹ ایک ہفتہ پہلے کرنا چاہتے ہیں۔ہم ابھی تیار نہیں تھے چنانچہ فوری طو رپر سامان میسر کیا گیا اور الحمد للّٰہ جلسہ سے ایک ہفتہ قبل پہلا نیٹ ورک ٹیسٹ مکمل ہو گیا۔بعد ازاں جلسہ سے دور روز قبل پھر ٹیسٹ کیا گیا اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس میں بھی کامیابی ہوئی۔ پھر تیسرا ٹیسٹ حضور انور ایدہ اللہ کے خطاب کے روز پچیس دسمبر کو صبح رکھا گیا۔ایم ٹی اے لندن کے ساتھ خطاب سے دو گھنٹے قبل کمیونیکیشن شروع ہوئی جو آخر تک جاری رہی۔

صرف دعا

اسی سال فروری میں مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کی ورچوئل ملاقات سے دو گھنٹے پہلے جب نیٹ ورک کی رفتار انتہائی سست ہوگئی تو بہت تشویش لاحق ہو گئی تھی۔ صرف دعا سے وہ معاملہ حل ہوا تھا اور ملاقات بخریت سرانجام پائی۔ اُس وقت بھی ملاقات کے انتظامات عاجز کے سپرد تھے اور اب جلسہ قادیان میں ورچوئل شرکت کے جملہ انتظامات بھی عاجز ہی کر رہا تھا۔ انٹرنیٹ کنکشن کے متعلق ایک دھڑکا لگا ہوا تھا کہ اگر سگنل ڈاؤن ہو گئے تھے تو ہم شرکت نہیں کر پائیں گے۔ صبح سے کنکشن ٹھیک تھا لیکن پھر بھی خوف کی ایک لہر موجود تھی جو روح و جسم کے آر پار ہو رہی تھی۔عین اس وقت خیال آیا کہ دعا اور استغفار کے علاوہ اب کوئی چارہ بھی تو نہیں۔ جو ہماری قدرت میں تھا ہم نے کیا ہے باقی اللہ تعالیٰ مالک ہے۔چنانچہ اس کے بعد نہ صرف تسلی ہو گئی بلکہ ایک لمحہ کے لئے بھی ہماری کال ڈراپ ہوئی نہ سگنل ڈاؤن ہوا۔ الحمدللّٰہ

فائنل سیشن کے لئے تیاری

ہماری جلسہ گاہ کی چوڑائی بتیس میٹرز (105فٹ) جبکہ لمبائی ایک سو پانچ میٹرز (345فٹ) ہےجبکہ لجنہ کی طرف جلسہ گاہ کو مزید وسیع کیا جاتا ہے۔ سامنے ایک وسیع و عریض اسٹیج ہے۔ جلسہ گاہ میں قالین بچھائے جاتے ہیں اور احباب جماعت قالین پر بیٹھ کر جلسہ کی کارروائی میں شامل ہوتے ہیں۔ قادیان کے جلسہ میں شمولیت کے لئے ساری سیٹنگ تبدیل ہونا تھی کیونکہ اسٹیج دکھایا جانا ممکن نہیں تھا۔ ایم ٹی اے کی طرف سے بھی ہدایت تھی کہ صرف جلسہ گاہ کی طرف سے شارٹس لئے جائیں گے۔ اس لئے جب ہمارا صبح کا سیشن شروع ہوا تو اسٹیج والے احباب کو سامنے گرین ایریا میں بٹھایا گیا۔

گرین ایریا میں پہلی صف میں مکرم امیر صاحب برکینا فاسو اور آپ کے ساتھ مکرم عصام الخامسی صاحب صدر جماعت احمدیہ مراکش نمائندہ حضور انور برائے جلسہ سالانہ برکینا فاسو اور آپ کے پیچھے ممبران مجلس عاملہ، مبلغین کرام اور دیگر جماعتی عہدیدار تشریف رکھتے تھے۔

مقامی وقت کے مطابق ساڑھے دس بجے سیدنا حضرت امیر الموٴمنین تشریف لے آئے۔ مردانہ اور لجنہ جلسہ گاہ میں دونوں طرف ایم ٹی اے کے لئے بڑی اسکرین لگائی تھی۔ اس طرح دونوں طرف سہولت کے ساتھ شاملین جلسہ نے حضور انور کا خطاب اور جلسہ قادیان کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کے جلسہ جات کے مناظر بڑی اسکرین پر دیکھے۔

جلسہ گاہ میں نظم و ضبط

جلسہ قادیان کے اختتامی سیشن سے حضور انور کے خطاب سے پہلے ہمارے جلسہ کا سیشن چل رہا تھا اور احباب جماعت صبح آٹھ بجے سے جلسہ گاہ میں موجود تھے۔ ساڑھے دس بجے حضور انور کے ساتھ سیشن کا آغاز ہوا جو مقامی وقت کے مطابق بارہ بجے کے بعد اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر جلسہ گاہ بھری رہی۔مجموعی طور چار گھنٹے سے زائد وقت تک تمام شاملین جلسہ نظم و ضبط اور احترام کے ساتھ جلسہ گاہ میں موجود رہے اور جلسہ کی برکات سے فائدہ اٹھا کر حضرت اقدس علیہ السلام کی دعاؤں کے مستحق ٹھہرے۔ دوران خطاب جب قادیان اور لندن سے نعرہ جات لگائے جاتے تو برکینا فاسو کی جلسہ گاہ بھی نعرہائے تکبیر سے گونج اٹھتی۔

اختتامی لمحات

خطاب ختم کرنے کے بعد جب حضور انور اپنی کرسی پر تشریف لے آئے تو قادیان والوں کو نظمیں پڑھنے کا ارشاد فرمایا۔اختتامی لمحات کے موقع پر پڑھی جانے والے نظموں کا انتخاب بہت خوبصورتی سے کیا گیا تھا۔ خاکسار کی ڈیوٹی مکرم مہمان خصوصی عصام الخامسی صاحب کے ساتھ تھی۔ چونکہ آپ اردو نہیں سمجھتے اس لئے جلسہ کے اختتام کے وقت پڑھی جانے والی نظموں سے پوری طرح محظوظ نہیں ہو رہے تھے۔خاکسار نے ترجمہ کر کے بتانا شروع کیا تو پھر ان کی حالت بالکل اور تھی۔ پوری طرح ان خوبصورت لمحات کو انجوائے کر رہے تھے۔بعد ازاں بھی شکر گزار ہوئے کہ ترجمہ کی وجہ سے انہوں نے ان اختتامی لمحات کے وقت احباب کے جوش وخروش سے بہت لطف اٹھایا۔

امام وقت کی صدا پر فوری لبیک

قادیان سے نظمیں پڑھے جانے کے بعد حضور انور نے دلنواز مسکراہٹ اور بہت شفقت اور محبت سے، جو آپ کو اپنی پیاری جماعت سے ہے اور خاص طو رپر جس کا اظہار افریقن احمدیوں کے حوالے سے ہوتا ہے، کے ساتھ فرمایا ’’افریقہ والوں نے تو نہیں کوئی نظم پڑھنی؟ ان کو نہیں تیار کیا ہوا؟‘‘

ہم چونکہ فرنچ ترجمہ سن رہے تھےاس لئے کسی قدر تاخیر کے ساتھ یہ ارشاد ہماری جلسہ گاہ میں سنا گیا۔ لیکن جونہی حضور انور کی یہ آواز ہماری جلسہ گاہ میں گونجی تو احباب جماعت جوش و خروش کے ساتھ کھڑے ہوگئے اور بہت خوبصورت انداز میں لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کا ورد شروع کر دیا۔ بہرحال اس وقت فوری طو رپر آڈیو لنک تو ایم ٹی اے کے ساتھ شیئر نہیں ہو سکتا تھا لیکن ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حضور انور کے تشریف لے جانے سے پہلے احباب جماعت برکینا فاسو کھڑے ہوکر ہاتھ لہرا لہرا کر نظمیں پڑھنا شروع ہو گئے اور ہم پرحضور انو رکی شفقت بھری نظر بھی پڑی۔

حضور انور کے ارشاد پر برکینا فاسو جلسہ گاہ سے احباب جماعت فوری طو رپر کھڑے ہو کر نظمیں پڑھ رہے ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے جماعت احمدیہ برکینا فاسو کو امام وقت کے حکم پر فوری عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائی اور پھر حضور انور کے تشریف لے جانے کے بعد بھی بہت دیر تک نظمیں پڑھتے اور لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کا ورد کرتے رہے۔ ہمارے جلسہ میں اس سال گھانا جماعت کا ایک سو افراد کا وفد بھی شامل تھا۔ وہ بھی جلسہ گاہ میں موجود تھے۔ یوں جلسہ برکینا فاسو کی برکت سے گھانا جماعت کی نمائندگی بھی اس تاریخی موقع پر ہوگئی۔

(چوہدری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل آن لائن برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی