برکینا فاسو کے ریجن ’’ڈوری‘‘ کا نام تو اکثر احمدیوں نے خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ کی زبان مبارک سے جلسہ ہائے سالانہ کی تقریروں کے دوران سن رکھاتھا لیکن کچھ عرصہ پہلے جب وہاں کے مربی مکرم ناصر احمد سدھو پاکستان تشریف لائے توان سے ملاقات کے دوران پتہ چلاکہ ان کے ساتھ سینیگال کے ایک مقامی معلم صاحب بھی آئے ہوئے ہیں۔ جب ان سے ملاقات ہوئی تو ان کے جذبہ ایمان وشوق تبلیغ سے متاثر ہو کر خاکسار نے ان کو اپنے گھر دعوت دی اور مغرب کی نماز پر ان کے ساتھ ایک یادگار سٹنگ بھی ہوئی جس میں ’’ڈوری‘‘ ریجن کے مخلص احمدیوں کا تذکرہ بھی چلتا رہا جو مکرم ناصر احمد سدھو کے ذریعہ احمدیت کی آغوش میں آئے۔ آج مہدی آباد کے نو احمدی سپوتوں نے اللہ کی راہ میں اپنی عظیم شہادت سے ان کی یاد تازہ کردی ہے۔
خاکسار اس عظیم سانحہ کے موقع پر جماعت احمدیہ برکینافاسو کے ان عظیم شہداء کی قربانیوں پرجہاں گہرے غم زدہ اور دکھی دل کے ساتھ تعزیت کرنا چاہتا ہے وہاں ان کی ایمانی جراٴت وبہادری پر انہیں خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہے کہ انہوں نے موت کوسامنے دیکھ کر اپنے قوی ایمان کا مظاہرہ کیا اور اتنے بڑے ابتلا کے میدان میں ثابت قدمی دکھائی اور دور آخرین میں پیدا ہو کر دور اوّلین کے بزرگوں کا نمونہ دکھایا۔ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے لواحقین کو صبر جمیل کی توفیق دے اور ساری دنیا کے احمدیوں کوثبات قدم عطافرمائے۔ آمین
اے برکینافاسو کے احمدی شہیدو! تم نے یقیناً حضرت صاحبزادہ عبداللطیفؓ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے راہ مولا میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اس دورکے لوگوں کے لئے حضرت مسیح موعودؑ کی صداقت کی عملی تصویرپیش کی ہے۔
اے وفاکے پُتلو! تم نے اپنے خون اس راہ میں بہا کر ہمارے لئے بھی وفا اور استقامت کی راہیں متعین کر دی ہیں۔
اے روشنی کے مینارو! آج تم نے اپنے لہو سے ایک تاریخ رقم کرکے پیچھے رہ جانے والوں کے لئے راستوں کوروشن کر دیا ہے۔
اے شہیدان احمدیت! تم نے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دین کو دنیا کی زندگی پر ترجیح دے کر اپنے عہدوں کو خوب نبھایا ہے۔
اور اے راہ حق کے شہیدو! تم پرسلام۔ یقیناً تم انہی کے پاسبان ہو جن کا ذکر قرون اولیٰ کے واقعات میں ملتا ہے جو اللہ کی راہ میں امر ہو کر ہمیشہ کے لئے زندہ ہوگئے۔
؎خوں شہیدانِ اُمت کا اے کم نظر! رائیگاں کب گیا تھا کہ اَب جائے گا
ہر شہادت ترے دیکھتے دیکھتے پھول پھل لائے گی، پھول پھل جائے گی
(این اے بدر)