• 29 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ گیمبیا کی خدمت خلق کی بعض جھلکیاں

حضرت مسیح موعودؑ اپنے ایک فارسی شعر میں فرماتے ہیں:

مرا مقصود و مطلوب و تمنا خدمت خلق است
ہمیں کارم ہمیں بارم ہمیں رسمم ہمیں راہم

یعنی میرا مقصد و مطلوب و تمنا مخلوق کی خدمت کرنا ہے۔ یہی میرا کام ہے۔ یہی میرا ایمان ہے۔ یہی میری عادت ہے۔یہی میرا طریقہ کار ہے۔

اپنے بانی مبانی کے اسی مقصد حیات کو لے کر آگے چلتی ہوئی جماعت احمدیہ گیمبیا کی خدمت انسانیت کی چند جھلکیاں پیش خدمت ہیں۔

گزشتہ سال 2022ء میں بارشوں کے موسم میں ماہ جولائی میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے اور ملک کے دارالخلافہ بانجل/کومبو میں بعض جگہوں پر پانی کا نکاس نہ ہونے کی وجہ سے اکثر علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی اور گھروں اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا تھا۔ جبکہ بہت سے گھروں کی چھتیں اور دیواریں گر گئی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق اس سیلاب سے دو ہزار دو سو چھتیس فیمیلیز متاثر ہوئیں۔لوگ عموماً غریب ہونے کے باعث گھروں کی تعمیرنو بغیر بیرونی امداد کے کرنے کے قابل نہ تھے۔ اس موقع پر ہیومینٹی فرسٹ گیمبیا کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مدد کی گئی۔ جس امداد کو لے کر مکرم امیر صاحب گیمبیا خود تشریف لے گئے۔ اس امدادی سامان میں سیلاب زدگان کے ایک علاقہ جابنگ کے لئے چاولوں کے پچاس بیگ، بیس لیٹر کوکنگ آئل کے گیلن، پیاز کے بیگ، کپڑے اور نقدی شامل تھی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مکرم امیر صاحب نے کہا کہ مصیبت میں گھرے لوگوں کی مدد کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے اور ہم یہی کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ریجن کے ڈیزاسٹر مینیجمنٹ کے کوارڈینیٹر مکرم ماماڈو سیسے نے جماعت احمدیہ کا اس احسن قدم پر شکریہ ادا کیا۔جابنگ کے الکالو مکرم جبریل کولی نے بھی جماعت کی اس امداد پر شکریہ ادا کیا اور متاثرین کی طرف سے جماعت کی خدمات کو سراہا۔

ماہِ دسمبر 2022ء میں بانجل/کومبو کے ہی علاقہ میں تین مختلف گاؤں کِٹی، ویلینگرا اور سوکوٹا میں بیس گھروں میں آگ لگنے کی وجہ سے ان کا سارا سامان جل گیا اور اس حادثہ میں ایک سات سالہ بچہ کی موت بھی واقعہ ہوگئی۔ اس موقع پر ہیومینیٹی فرسٹ کی جانب سے تینوں گھروں کی مدد کی گئی۔ جس میں چاولوں کے دس بیگ، کوکنگ آئل، پیاز کے بیگ اور نقدی شامل تھی۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کے امیر مکرم بابا ایف تراولے نے کہا کہ ہیومینیٹی فرسٹ کے قیام کا مقصد ہی ضرورتمندوں اور غرباء کی مدد کرنا ہے تاکہ انسانیت کی خدمت کی جاسکے اور جماعت کی یہ تنظیم اب تک دنیا کے ساٹھ سے زیادہ ممالک میں قائم ہوچکی ہے جہاں پر دن رات یہ انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔امیر صاحب نے مزید کہا کہ حکومت اکیلی سب کچھ نہیں کرسکتی۔ اس لئے ہمیں حکومت کا ہاتھ بٹانا ہوگا۔تا ہر ابتلاء سے ہم ایک دوسرے کی مدد کرکے نکل سکیں۔

ایک متاثرہ خاندان کے ایک فرد مکرم حاجی جالو نے امیر صاحب اور جماعت کا اس گراں قدر اور بروقت مدد کو بہت سراہا اور کہا کہ یہ مدد ہمیں ہماری زندگیوں میں بھرے دکھوں کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انسانیت کی خدمت کے ان واقعات کو نہ صرف حکومتی عہدیداران نے سراہا بلکہ ملکی اہم اخبارات نے ان واقعات کو اپنی شہ سرخیوں میں جگہ دی اور جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ان ادنیٰ کاوشوں کو قبول فرمائے اور ان کو پھل لگائے۔ آمین

(مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل آئن لائن گیمبیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 مارچ 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ