• 28 اپریل, 2024

شکریہ احباب برائےقرارداد ہائے تعزیت بر شہادت شہدائے مہدی آباد برکینا فاسو

11؍ جنوری 2023ءکو برکینا فاسو کے ریجن ڈوری کی ایک جماعت مہدی آباد میں نماز عشاء کے وقت مسلح دہشت گرد آئے۔ یہ دہشت گرد، احباب جماعت کو قائل کرنے کی کوشش کرتے رہے کہ احمدیت چھوڑ دیں۔ جب کسی ایک بھی احمدی نے ایمان کی کمزوری نہ دکھائی اور احمدیت چھوڑنے سے صاف صاف انکار کر دیا تو انہوں نے نو(9) انصار کو مسجد سے باہر نکالا اور آخری بار پھر موقع دیا کہ احمدیت سے انکا رکر دیں ۔یہ پہاڑوں جیسا مضبوط ایمان رکھنے والےبہادر اور جری سپوت جان قربان کرنے کے لئے تیار ہوگئے لیکن وقت کے مسیح و مہدی کا انکار نہ کیا۔چنانچہ اس پر ایک ایک کو بڑی بے دردی کے ساتھ گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے خطبہ جمعہ فرمودہ 13؍ جنوری 2023ء میں اس واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا:
’’برکینا فاسو میں ہمارے نو(9)احمدی شہید کردیئے گئے پرسوں، بڑا افسوس ناک واقعہ ہے، اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ! اور بڑے ظالمانہ طریقہ سے اُن کو شہید کیا گیا لیکن اُن کے ایمان کا امتحان بھی تھا اور جس پر وہ ثابت قدم رہے، یہ نہیں کہ اندھا دھند فائرنگ کر کے بلکہ ہر ایک کو بلا بلا کر شہید کیا ہے۔‘‘

(خطبہ جمعہ فرمودہ 13؍ جنوری 2023ء)

سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ا پنے خطبہ جمعہ 20؍ جنوری 2023ء میں ان شہداء کا ذکر خیر کرتے ہوئے فرمایا:
’’گزشتہ دنوں افریقہ کے براعظم کے ملک برکینا فاسو میں جو عشق و وفا اور اخلاص اور ایمان اور یقین سے پُر افراد جماعت نے جو نمونہ مجموعی طور پر دکھایا ہے وہ حیرت انگیز ہے۔ اپنی مثال آپ ہے۔ جن کو موقع دیا گیا کہ مسیح موعود کی صداقت کا انکار کرو اور اس بات کو تسلیم کرو کہ عیسیٰ علیہ السلام آسمان پر زندہ ہیں اور آسمان سے اتریں گے تو ہم تمہاری جان بخشی کر دیتے ہیں۔ لیکن ان ایمان اور یقین سے پُر لوگوں نے جن کا ایمان پہاڑوں سے زیادہ مضبوط نظر آتا ہے جواب دیا کہ جان تو ایک دن جانی ہے آج نہیں تو کل اس کے بچانے کے لئے ہم اپنے ایمان کا سودا نہیں کر سکتے۔ جس سچائی کو ہم نے دیکھ لیا ہے اسے ہم چھوڑ نہیں سکتے اور یوں ایک کے بعد دوسرا اپنی جان قربان کرتا چلا گیا۔ ان کی عورتیں اور بچے بھی یہ نظارہ دیکھ رہے تھے اور کوئی واویلا کسی نے نہیں کیا۔ پس یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے افریقہ میں بلکہ دنیائے احمدیت میں اپنی قربانیوں کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔‘‘

(خطبہ جمعہ 20؍ جنوری 2023ء)

اس درد ناک واقعہ کے دکھ اور غم کو عالم احمدیت میں ہر طرف محسوس کیا گیا۔ ایک طرف یہ انتہائی تکلیف اور دکھ کی خبر تھی کہ اس قدر قیمتی جانوں کو دشمن نے اپنے ناپاک ارادے پورے کرنے کے لئےشہید کر دیا۔ او ردوسری طرف ان عظیم الشان وجودوں اور احمدیت کے ستاروں نے ایمان پر قائم رہ کر نہ صرف برکینا فاسو بلکہ پورے افریقہ کے ساتھ ساتھ عالم احمدیت کا سر بلند کر دیا کہ مسیح پاک کی جماعت میں کیسے کیسے جوانمرد پیدا ہو چکے ہیں جو ہر حالت میں دین کو دینا پر مقدم رکھنے کے فرض کو عمدگی سے نبھانا جانتے ہیں۔

اس موقع پر دنیا بھر کی جماعتوں اور افراد کی طرف سے مختلف ذرائع سے بے شمار تعزیت کے پیغامات موصول ہوئے۔ بعض نے تحریری قراردادیں بھجوائیں تو کچھ احباب نے سوشل میڈیا، ای میلز کے ذریعہ اور بہت لوگوں نے فون کرکے تعزیت کی ۔نہ صرف ہیڈ کواٹرز میں فون کالز کا تانتا بندھا رہا بلکہ مبلغین اور دوسرے واقفین کے عزیز واقارب اور دوست احبا ب اپنے اپنے تعلقات اور روابط سےجماعت کی خیریت معلوم کرنے اور شہداء کی فیملیز اور جماعت مہدی آباد کے لئے فکر مند نظر آئے۔ ہر پیغام میں ایک درد کا احساس تھا، ہر تعزیت نامہ دلی رنج کے ساتھ تحریر کیا گیا تھا۔ احباب و خواتین نے اس بات کا برملہ اظہار کیا کہ ہمارے افریقی بھائی بعد میں آکر عظیم الشان قربانی کر کے بہت آگے نکل گئے۔ وہ خدا کی نظر میں پسندیدہ ٹھرے اور خدا تعالیٰ نے انہیں اپنے چنیدہ بندوں میں شامل کرکے ہمیشہ کے لئے امر کر دیا۔ رہتی دنیا تک برکینافاسو کے ان شہدوں کا تذکرہ وفا کی علامت کے طو ر پر کیا جاتا رہے گا۔

جماعت احمدیہ برکینا فاسو ایسی تمام جماعتوں ، اداروں ، تنظیموں اور افراد کی ممنون احسان ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں آنے والے ڈھارس کے پیغامات اور دعاؤں نے ہم سب کو حوصلہ دیا۔تمام نام لکھنا ممکن نہیں ۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ آپ سب بہترین جزا سے نوازے۔ تکلیف کی اس گھڑی میں جس طرح ہماری حوصلہ افزائی کی گئی وہ جماعت احمدیہ کا ہی خاصہ ہے۔اظہار تشکر کے طور پر قرارداد بھجوانے والوں کے نام درج کئے جاتے ہیں :

  1. وکالت تبشیر ربوہ، پاکستان
  2. سیدنا بلا ل فنڈ کمیٹی صدر انجمن احمدیہ ربوہ پاکستان
  3. احمدیہ مسلم ایسوسی ایشن برطانیہ
  4. جماعت اسلامک احمدیہ بینن
  5. جماعت احمدیہ ڈنمارک
  6. جماعت اسلامک احمدیہ مالی
  7. احمدیہ مسلم ایسوسی ایشن ماریشس
  8. احمدیہ مسلم جماعت نائجیریا
  9. احمدیہ مسلم جماعت مراکش
  10. احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون
  11. احمدیہ مسلم مشن لائیبریا
  12. انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمیٹی
  13. لجنہ اماء اللہ پاکستان
  14. مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ
  15. مبلغ انچار ج جماعت احمدیہ بینن
  16. مبلغ انچارج نائجیریا
  17. مبلغ انچارج سیرالیون
  18. Community Awakening for Victims Assistance Burundy
  19. PAAMA UK

علاوہ ازیں بے شمار لوگوں نے انفرادی حیثیت سے بھی تعزیت اور ہمدردی کے پیغامات بھجوائےکچھ نام درج ذیل ہیں:

  1. امیر ومبلغ انچارج گھانا
  2. امیر و مبلغ انچارج سینیگال
  3. اسفند یار منیب صاحب نگران شعبہ تاریخ احمدیت
  4. امیر ضلع اسلام آباد
  5. نسیم احمد بٹ صاحب مبلغ سلسلہ نائیجریا
  6. ظہیر احمد جتوئی صاحب برطانیہ
  7. سید سعید الحسن صاحب سیرالیون
  8. مرزا شریف احمد صاحب گیمبیا
  9. شیخ رفیق احمد طاہر صاحب برطانیہ
  10. رانا سلطان احمد صاحب ربوہ
  11. اسماعیل طاہر صاحب قادیان

علاوہ ازیں بے شمار لوگوں نے انفرادی حیثیت سے بھی تعزیت اور ہمدردی کے پیغامات بھجوائےکچھ نام درج ذیل ہیں:اس درد ناک موقع پر جماعت احمدیہ کے شعراء کرام نے بڑی محبت سے اس واقعہ کو اپنے دلی جذبات کے ذریعہ بیان کر کے ہمیشہ کے لئے تاریخ احمدیت میں محفوظ کر دیا ہے۔ بہت بڑی تعداد میں ان شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئےمنظوم کلام کہا گیا ۔ یہ سارا کلام آڈیو ، ویڈیو اور تحریر کی شکل میں جمع کیا جارہا ہے۔ ان میں سے بہت سی نظمیں اور ترانے الفضل اور جماعتی رسائل میں شائع ہو چکے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ یہ سارا کلام اکٹھا بھی شائع ہو جائے گا۔ ان شاء اللّٰہ

ادارہ روزنامہ الفضل آن لائن لندن ہمارے خصوصی شکریہ کا مستحق ہے جس نے مسلسل کئی پرچے سانحہ مہدی آباد کے حوالے سے شائع کر کے تاریخی خدمت سرانجام دی ہے۔اسی طرح الفضل انٹرنیشنل نے کئی مضامین اور منظوم کلام اور دیگر مواد اس واقعہ پر شائع کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان ادارہ جات کے تمام کارکنان کو جزائے خیر سے نوازے۔

لواحقین شہداء مہدی آباد

ہم ممبران جماعت احمدیہ برکینا فاسو اور شہدائے مہدی آباد کے لواحقین، عالمگیر جماعت احمدیہ کے شکر گزار ہیں کہ اس مشکل گھڑی میں پوری جماعت دلی ہمدردی اور رنج کے ساتھ ہمارے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔اللہ تعالیٰ ہر ایک کو جزائے خیر سے نوازے اور اجر عظیم عطا کرے۔شہداء کے لواحقین اور ممبران جماعت احمدیہ مہدی آباد تا حال حالت ہجرت میں ہیں۔ فی الحال فوری طور پر مہدی آبا دمیں واپس جانے کی کوئی صورت نظر نہیں آ رہی۔ سیدنا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خصوصی راہنمائی او ر شفقت سےمہدی آباد کی تمام جماعت کو ڈوری شہر میں منتقل کرنے اور ان کو وہاں بسانے کے منصوبے پر کام ہو رہا ہے۔ ڈوری شہر میں جماعت احمدیہ کا ریجنل ہیڈ کواٹرہے۔ جہاں ریڈیو اسلامک احمدیہ مسجد، سکول اور لائبریری وغیرہ موجود ہے۔ا س کے ساتھ جماعت کا ملکیتی پندرہ ایکٹرز رقبہ بھی موجود ہے۔ اس رقبہ پر مہدی آباد کی جماعت کی رہائش کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ احباب جماعت احمدیہ عالمگیر سے درد دل سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری پردہ پوشی فرمائےاور جماعت کی حفاظت کے سامان کرے۔ شہداء کے لواحقین کو صبر و ہمت عطا فرمائے۔

(مرسلہ: چوہدری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل آن لائن برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 مارچ 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ