• 28 اپریل, 2024

واگادوگو، برکینا فاسو میں ناصرات الاحمدیہ کی کارگزاری

سیدنا حضرت مصلح موعودؓ کے جماعت احمدیہ پر احسانات میں سے ایک بڑا بھاری احسان جماعت میں متفرق ذیلی تنظیموں کا قیام بھی ہے۔ امسال احمدی عورتوں کی تنظیم لجنہ اماء اللہ اپنے قیام کا صد سالہ جشن تشکر منا رہی ہے۔ ان سو سالوں میں لجنہ اماء اللہ کی غیر معمولی ترقیات، قربانی، ایثار ، خدمت خلق اور تبلیغ وتربیت کے کاموں کا سرانجام پایا جانا خلافت کے زیر سایہ ہی ممکن ہوا ہے۔

برکینا فاسو میں لجنہ اماء اللہ کا قیام 1990ء میں ہو گیا تھا۔ مختلف مراحل سے گزرتے ہوئے آج یہ تنظیم بہتر رنگ میں تبلیغ و تربیت اور خدمت خلق میں مصروف عمل ہے۔ لجنہ اماء اللہ کی تنظیم کا ایک حصہ ناصرات الاحمدیہ بھی ہے ۔ بچیوں کی تربیت ایک بہت اہم کام اور مشکل کام ہے۔ لجنہ اماء اللہ کی سطح پر کوشش کی جاتی ہے کہ احمدی بچیوں کی ہر ممکن تربیت کی جا سکے۔

اس حوالہ سے واگا دوگو میں مجالس کا دورہ کر کے ناصرات الاحمدیہ کے اجلاسات منعقد کروانےاور تربیتی امور کا جائزہ لینےکا ایک سلسلہ وار پروگرام منعقد ہوا ۔ ان پروگراموں میں ناصرات نے بھر پور طور پر حصہ لیا۔واگادوگو کی درج ذیل چھ مجالس میں یہ پروگرام کئے گئے:
(1)سوم گاندے (2)پی سی (3) بولبی (4)کام سونگے (5) بستان مہدی (6)تام پوئی

فوری اطاعت کا واقعہ

مجلس کام سونگے میں ناصرات کا اجلاس جاری تھا۔ بچیاں پورے انہماک سے اجلاس کی کارروائی میں شریک تھیں۔ خاکسار نے بتایا کہ ہمارے پیارے آقا نے بچیوں کو چھوٹے کپڑے پہننے سے منع فرمایا ہے۔ چھوٹی عمر سے ہی بچیو ں کو ایسے کپڑے پہننے چاہیں جس سے جسم پوری طرح ڈھک سکتا ہو۔اس دوران میں نے دیکھا کہ ایک بچی اجلاس سے اٹھ کر چلی گئی۔ اس نے اسکرٹ پہنا ہوا تھا۔ تھوڑی دیر بعد وہ بچی واپس آ گئی اور اسکرٹ کی جگہ لمبا چولا پہنا ہوا تھا۔ جب اس سے پوچھا گیا کہ وہ کیوں کپڑے تبدیل کر کے آئی ہے تو ا س بچی نے جواب دیا میں نے سنا کہ ہمارے پیارے حضور نے ہمیں پورے اور مناسب کپڑے پہننے کا کہا ہے اس لئے میں اسی وقت اس پر عمل کرنے کے لئے چلی گئی اور لباس تبدیل کر کے آئی ہوں ۔

بچیوں کا جوش وجذبہ اورولولہ

سوم گاندے کی مجلس میں اجلاس کے دوران بچیوں سے کہا گیا کہ وہ لجنہ کے سالانہ نیشنل اجتماع کے موقع پر لگنے والی نمائش میں ہاتھ سے کچھ نہ کچھ بنا کر لائیں تاکہ مجلس واگا دوگو کی طرف سے ناصرات کی بھر پور شرکت ہو۔اجلاس میں ایک چھوٹی بچی جس کی عمر بمشکل چار سال کے قریب تھی، نےہاتھ کھڑا کیا ۔ پوچھنے پر اس نے بتایا کہ میں بھی نمائش کے لئے مقامی طرز کا گنگن(Bracelet)بنا کر لاؤں گی۔ اس بچی کے جذبہ کو دیکھ کر ہم سب کو حیرانگی ہوئی او رباقی بچیوں کو بھی اس سے تحریک ہوئی۔

ان اجلاسات میں خاکسار کے ساتھ واگا دوگو کی ریجنل صدر لجنہ، ریجنل مبلغ کی اہلیہ اور بستان مہدی کی صدر لجنہ نے ہر مجلس کے دورے میں شامل ہو کر بچیوں کی حوصلہ افزائی کی ۔ اس کے علاوہ ہر مجلس کی صدر لجنہ او ر دیگر عہدیدارات نے بھرپور تعاو ن کیا۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو جزائےخیر سے نوازے اور ہمیں بچیو ں کی عمدہ رنگ میں تربیت کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(صائمہ حنا ۔ نیشنل سیکرٹری ناصرات الاحمدیہ برکینافاسو)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 مارچ 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ