• 29 اپریل, 2024

Cheneso طوفان سے متأثرہ افراد کی مدد

Cheneso طوفان سے متأثرہ افراد کی مدد
Humanity First جرمنی اور ماریشس – جماعت احمدیہ مڈغاسکر کے تعاون کے ساتھ

مڈغاسکر بحر ہند میں واقع ایک جزیرہ نما ملک ہے جس کو گاہے بگاہے مختلف طوفانوں کا سامنا رہتا ہے۔ سال 2023ء کا پہلا طوفان جو مڈغاسکر کی طرف بڑھا اس کا نام Cheneso تھا جو موٴرخہ 19 تا 23؍ جنوری 2023ء کے درمیان بحر ہند سے اس ملک میں شمال مشرقی جانب سے داخل ہوا اور چار روز تک مختلف علاقہ جات میں طوفانی ہواؤں اور بارش کا اثر دکھاتا ہوا شمال مغربی طرف سے باہر موزمبیق چینل کی طرف چلا گیا۔ اس طوفان نے ملک مڈغاسکر کے شمالی اور مرکزی علاقہ جات کو متأثر کیا جن میں سے سب سے زیادہ متأثر علاقہ Mahajanga (ماہاجنگا) کا صوبہ تھا۔

ملک کے حکومتی متعلقہ ادارہ کے مطابق اس طوفان کے سبب کل 3 افراد جاں بحق ہوئے، 6 افراد لاپتہ ہیں جبکہ 7 ہزار سے زائد افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی اور 13 ہزار سے زائد لوگ متأثر ہوئے۔ قریباً 4 ہزار گھر تباہ ہوئے اور بہت سی آبادیاں باقی علاقہ جات سے کٹ کر رہ گئیں کیونکہ راستوں پر بہت پانی جمع تھا یا پھر مختلف شاہراہیں اور پل مکمل طور پر یا جزوی طور پر ٹوٹ چکے تھے۔ یہ تمام اثرات تیز طوفانی ہوا اور بارش کے ساتھ ساتھ نشیبی علاقہ جات میں سیلابی صورتحال کے سبب بھی ہوئے۔

اللہ کے فضل سےHumanity First جرمنی و ماریشس کو یہ توفیق ملی کہ وہ جماعت احمدیہ مڈغاسکر کے تعاون کے ساتھ اس طوفان کے سب سے زیادہ متأثرہ صوبہ کے بڑے شہر Mahajanga (ماہاجنگا) جاکر متأثرین میں خورد و نوش کی اشیاء تقسیم کر سکے۔ فجزاھم اللّٰہ احسن الجزاء

اس سلسلہ میں جماعت احمدیہ مڈغاسکر کا 8 رکنی وفد دارالحکومت Antananarivo (انتَ ناناریو) سے موٴرخہ 5؍ فروری 2023ء روانہ ہوا۔ قریباً 15 گھنٹوں کی مسافت کے بعد یہ وفد Mahajanga پہنچا۔ مؤرخہ 6؍ فروری 2023ء کو اشیاء خوردو نوش کی خریداری کی گئی اور پھر خدام نے تقسیم کے لئے مناسب packets بنانے شروع کر دیئے۔ نیز اس تقسیم کو مستحقین تک پہنچانے کے لئے حکومت کے متعلقہ ادارہ (BNGRC) سےرابطہ کیا گیا جنہوں نے بتایا کہ ایسے گھرانے کہ جن کو طوفان اور اس کے بعد کی سیلابی صورتحال کے سبب اپنے گھر چھوڑنے پڑے اور وہ ابھی تک واپس اپنے گھروں کو نہیں جا سکے ایسے 489 گھرانوں کی فہرست ان کے پاس موجود ہے۔ چنانچہ جماعت نے 500 گھرانوں میں اشیاء خودر و نوش کی تقسیم کا انتظام کیا۔ ہر گھرانے کو 15 کلو چاول، 3 کلو چینی، 2 کلو لوبیا، آدھا کلو نمک، 2 پیکٹ spaghetti اور 2 لیٹر خوردنی تیل تقسیم کیا گیا۔

حکومت کے متعلقہ ادارہ نے تقسیم کے لئے مؤرخہ 8؍ فروری 2023ء کی تاریخ اور حکومتی سکول کے احاطہ کا انتخاب کیا۔ اس موقع پر علاقہ کے گورنر مکرم Lahiniaina Fitiaviana Ravelomahay (لاہی نی اَینَ۔ فی تیاوَنَ۔ راوے لو مہائی) صاحب نیز ضلعی Municipality کی صدر مکرمہ Velomary Tonganirina Zafiarinefo (ویلوماری۔ ٹونگا نی ری نا۔ زافی آری نے فو) صاحبہ مدعو تھے۔ نیز اس موقع پر مختلف ٹی وی، ریڈیو اور اخبارات کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں اسی موقع پر ایک اور رفاعی ادارہ ONN نے بھی متأثرین میں سویا پاؤڈر تقسیم کرنے کا انتظام کیا ہوا تھا او ر Red Cross کی تنطیم کی طرف سے لوکل ڈبل روٹی کی تقسیم کا انتظام بھی تھا۔ نیز لوکل سکول کا عملہ بھی موجود تھا۔ اس طرح اللہ کے فضل سے اس موقع پر ایک وسیع تعداد میں مختلف طبقات فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں تک اسلام احمدیت کا امن اور محبت بھرا پیغام پہنچانے کا موقع ملا اور متأثرہ ہم وطنوں کی مدد کرنے کی توفیق بھی میسر آئی۔

اس موقع پر تمام حکومتی عہدیداران اور دیگر رفاعی اداروں کے نمائندگان نے جماعت احمدیہ اور Humanity First کاوشوں کا سراہا اور بے حد شکر گزاری کا اظہار کیا۔ ایک مختصر پروگرام کے بعد کہ جس میں جماعت احمدیہ اور Humanity First کا تعارف پیش کرنے کا موقع ملا، ضرورتمند افراد کو کلاسوں میں تقسیم کر کے بٹھا دیا گیا اور خدام نے ہر کلاس تک سامان پہنچا کر ان افراد میں یہ سامان تقسیم کیا۔

اس دوران متعدد بار ایسے نظارے دیکھنے کو ملے کہ جن سے یہ احساس ہوتا تھا کہ حقیقتاً بھاری اکثریت ان افراد میں سے ایسی تھی کہ جن کے پاس کافی دنوں سے مناسب اور کافی کھانے کا سامان نہ تھا اور ان کی آنکھوں کی روشنی اور چہرہ کی خوشی کہ جب ان کو یہ تھیلے پکڑائے جاتے تھے دیدنی تھی۔

اگلے روز موٴرخہ 9؍ فروری 2023ء ہمارا وفد قریباً 15گھنٹے کی مسافت طے کر کے بخیر و عافیت واپس Antananarivo آگیا۔ فالحمد للّٰہ علیٰ ذٰلک۔

اللہ تعالیٰ ان تمام احباب کو بہترین جزا سے نوازے کہ جنہوں نے اس مصیبت کی گھڑی میں ہمارے ہم وطنوں کے لئے یہ تحائف بھیجے۔ نیز اللہ تعالیٰ ان تمام خدام کو بھی بہترین جزا عطا کرے کہ جنہوں نے اس پروگرام میں رضاکارانہ طور پر حصہ لیا۔ نیز دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک مڈغاسکر کو، تمام ہم وطنوں کو اور ساری دنیا کو اپنی حفظ و امان میں رکھے اور تمام مصائب اور آفات سے بچائے۔ آمین

(مدثر احمد۔ مبلغ سلسلہ و نمائندہ الفضل آن لائن مڈغاسکر)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 مارچ 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ