• 30 اپریل, 2024

ریجنل اجتماع لجنہ اماء اللہ واگا ڈوگو برکینافاسو

اللہ تعالی کے فضل سے جماعت احمدیہ کی دیگر ذیلی تنظیموں کی طرح لجنہ کی تنظیم بھی سارا سال مختلف تعلیمی و تربیتی پروگرامز کا انعقاد کرتی رہتی ہے اسی سلسلہ میں واگا ڈوگو کی لجنہ کو فروری کے مہینہ میں اپنا پانچواں ریجنل اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی الحمد للّٰہ علی ذالک۔ جس کا انعقاد 25 اور 26؍فروری کو سومگاندے کے مرکزی مشن میں کیا گیا واگا کی ریجنل صدر نے اپنی تقریر میں کہا کہ وہ اپنے اس اجتماع کو شہدائے برکینا فاسو کے نام کرتی ہیں اللہ تعالی ہمیں اپنے ان شہداء کی قربانیوں کا حق ادا کرتے ہوئے اسلام اور احمدیت کی بہترین رنگ میں خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

اس سال کے اجتماع کا مرکزی موضوع تھا ’’محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم آزادئی نسواں کے علمبردار‘‘ اس موضوع کے تحت تین تعلیمی اور تربیتی تقاریر مختلف سیشنز میں پیش کی گئیں اور وہ موضوعات یہ تھے ’’اسلام میں کثرت ازدواج کی اجازت کن شرائط کے ساتھ ہے‘‘ دوسرا موضوع تھا ’’اسلام اور احمدیت میں خواتین کی قر بانیاں‘‘ اور تیسرا موضوع ’’سیکیورٹی اور ہیو مینٹیرین کرائسس کے دنوں میں عورتوں کی ذمہ داریاں‘‘ اس اجتماع میں ہماری ایک غیر احمدی دوست جو کہ ایک یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں محترمہ ساواڈوگو آوا نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی انہوں نے اپنے خطاب میں اظہار کیا کہ انہیں اس پروگرام میں شامل ہو کے بہت خوشی ہوئی ہے اور وہ آئندہ بھی ان شاء اللّٰہ تمام پروگرامز میں شرکت کریں گی۔

25؍فروری کی دوپہر بارہ بجے کے قریب واگا ریجن کی مختلف جماعتوں سے لجنہ کے قافلے سینٹرل مشن پہنچنا شروع ہوگئے یہاں پہنچنے پر ان سب کو خوش آمدید کہا گیا اور ان کی حاضری اکٹھی کی گئی تقریباً شام چار بجے نماز ظہر اور عصر باجماعت ادا کی گئی اور اس کے بعد اجتماع کا باقاعدہ آغاز ہوا اور تلاوت اور نظم کے بعد ریجنل صدرلجنہ مادام باپینہ اومو نے اپنے خطاب میں مہمان خصوصی اور مختلف جماعتوں سے آنیوالی لجنہ اور ناصرات کو خوش آمدید کہا جس کے بعد مختلف تعلیمی اور تربیتی مقابلہ جات ہوئے جن کے اختتام پر مغرب اور عشاء کی نمازیں باجماعت ادا کی گئیں۔

موٴرخہ 26؍فروری کی صبح چار بجے نماز تہجد کے ساتھ اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز ہوا تہجد اور نماز فجر کے بعد چندوں کی اہمیت اور انفاق فی سبیل اللہ کے موضوع پر درس دیا گیا اور اس کے بعد لجنہ اور ناصرات کے ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے اور پھر ناشتے کے بعد تقریباً 9 بجے اجتماع کی دوسرے دن کی کارروائی کا آغاز ہوا تلاوت اور نظم کے بعد ایک تربیتی تقریر پیش کی گئی اور پھر مختلف مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والی لجنہ اور ناصرات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

اس اجتماع کے انعقاد کے سلسلہ میں ماہ جنوری میں خاکسار نے ریجنل صدر لجنہ کے ساتھ مل کر ریجن کی مختلف جماعتوں کے دورے کئے اور تمام ممبرات کو بھر پور تیاری کے ساتھ اجتماع میں شرکت کی دعوت دی اور اجتماع کے اخراجات کے سلسلہ میں مالی قربالی کی بھی تحریک کی جس میں تمام ممبرات نے اللہ تعالی کے فضل سے دل کھول کر حصہ لیا اور اجتماع کے اخراجات کے لئے تقریباً تین لاکھ فرانک سیفا مالیت کی رقم اکٹھی کی اللہ تعالیٰ ان تمام قربانی کرنے والی ممبرات کے اموال میں بے انتہا برکت دے۔ آمین

واگا ڈوگو کے پانچویں ریجنل اجتماع میں مختلف جماعتوں سے تقریباً 118 لجنہ اور83ناصرات نے حصہ لیا یوں واگا ڈوگو کی تمام مجالس سے 201ممبرات نے شرکت کی اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان تمام شاملین کو اپنی رضا کی راہوں پر چلائے آمین۔ اجتماع کے اختتام پر ریجنل صدر لجنہ نے مختلف مقابلہ جات میں حصہ لینے والی لجنہ اور ناصرات کو مبارکباد دی اور اجتماع میں شمولیت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والی ممبرات میں انعامات تقسیم کئے جس کے بعد نیشنل صدر لجنہ کی نمائندہ نے اختتامی دعا کروائی جس کے بعد اجتماع اختتام پذیر ہوا ہم اپنے خدا کے اس فضل اور توفیق پر اس کے شکر گزار ہیں جس کے فضل اور توفیق سے واگا ڈوگو ریجن کی لجنہ کو اس کامیاب اجتماع کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمد للّٰہ علی ذالک

(رپورٹ: صائمہ ناصر۔ برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

فقہی کارنر (کتاب)

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ