• 29 اپریل, 2024

سائیکل سفر خدام الاحمدیہ ساؤتومے اینڈ پرنسپ

یوم مصلح موعود کے حوالے سے موٴرخہ 18؍فروری 2023ء کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے خدام الاحمدیہ ساؤتومے نے ایک سائیکل سفر کا اہتمام کیا۔ اس سائیکل سفر کا مقصد دارالرحمت (ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کی طرف سے قائم کردہ لاوارث بوڑھوں کی دیکھ بھال کے مرکز) میں موجود بزرگان کی خبر گیری اور اظہار ہمدردی تھا۔اس سائیکل سفر کے لئے تقریباً دوہفتے قبل خدام الاحمدیہ نے تیاری شروع کر دی۔

17؍فروری کوتمام خدام سے میٹنگ کی گئی اور ان کو سائیکل سفر کے متعلق تفصیلی ہدایات دی گئیں۔ کچھ خدام کو سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کی نگرانی سونپی گئی۔یہ تمام خدام اس رات مشن ہاؤس میں سوئے تا علی الصبح نماز فجر کے بعد سے ہی تیاری کر کے سائیکل سفر کا آغاز کیا جا سکے اور دن کو گرمی زیادہ ہونے سے پہلے پہلے منزل مقصود جو کہ وہاں سے 35 کلومیٹر دور ایک شہر الماش (ALMAS) پہنچا جاسکے۔

18؍فروری کو نمازفجراور درس کے بعد تمام خدام اپنی اپنی سائیکل لے آئے۔ پھر خاکسار انصر عباس مبلغ انچارج و صدر جماعت احمدیہ ساؤتومے نے ہدایات دیں اور دعا اور صدقہ سے اس سائیکل سفر کا آغاز کیا۔ اس سفر میں پولیس کے دو موٹر سائیکل سکواڈ کر رہے تھے۔ پہلا سٹاپ نیوش سے 14 کلومیٹر دور گوادالوپ شہر تھا۔ جہاں جماعت گوادالوپ کے احباب نے سائیکل سواروں کو خوش آمدید کہا اور تمام سائیکل سواروں کو ریفریشمنٹ دی۔ اس کے بعد یہ قافلہ شہر ساؤتومے کی طرف روانہ ہوا جوکہ گوادالوپ سے 12 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ ساؤتومے شہر کے شروع میں کیتھولک چرچ کی طرف سے ایک اولڈایج ہوم ہے۔ خدام ان بزرگوں کو سلام کرنے کے لئے رکے اور ان کو خدام نے جوس اور بریڈ پیش کی۔ کیتھولک اولڈ ایج ہوم میں خاتون اول صدر مملکت کارلوش ویلا نووا کی اہلیہ محترمہ فاطمہ ویلا نووااور اولڈ ایج ہوم کی ڈائریکٹرس نے خدام کو خوش آمدید کہا۔ نیشنل ٹیلیویژن نے ان کے انٹرویوز کئے۔ پھر وہاں سے یہ قافلہ اپنی حتمی منزل الماش کی طرف روانہ ہوا جو کہ وہاں سے تقریباً 11 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

اختتامی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ تلاوت مکرم سلیمان یوسف صاحب نے کی۔ اس کے بعد مکرم عبداللہ صاحب صدر خدام الاحمدیہ ساؤتومےنے اپنی تقریر میں تمام خدام کو مبارک باد دی۔ کہ ہم یہاں ایک خاص مقصد لے کر آئے ہیں اور وہ مقصد دارالرحمت میں رہنے والے ہمارے بزرگان کی خبر گیری اور اظہار ہمدردی ہے۔ ہم ان سے ملنےاوریقین دہانی کرانے آئے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں آپ ہمارے والدین کی جگہ پر ہیں۔ ہمارے لئے عزت کا مقام ہے کہ ہم آپ لوگوں کی دعائیں لینے یہاں تک سائیکل چلا کر آئے ہیں۔

اس کے بعد خاکسار نےاپنی تقریر میں کہا کہ حضرت مصلح موعود نے خدام الاحمدیہ کا قیام اسی غرض سے فرمایا تھا کہ نوجوان قوم کی خدمت کریں۔ قوموں کی اصلاح نوجوانوں کی اصلاح کے بغیر نہیں ہو سکتی۔ آج یوم مصلح موعود کے حوالے سے یہ پروگرام منعقد کر کے نوجوانوں نے اس ملک میں تبدیلی کا ثبوت ہے جو آج ہم دیکھ رہے ہیں۔ یہاں خدام دارالرحمت میں بزرگان سے ملنے آئے ہیں۔ یہ نوجوان اس معاشرہ سے تعلق رکھتے ہیں جہاں لوگ بوڑھوں کو بدروحیں کہہ کر ان کی موجودگی کو اپنی ترقی کے لئے خطرہ جانتے ہیں اور ان کی خدمت نہیں کرتے۔ رسول پاک ﷺ نےجنت ماں کے قدموں کے نیچے قرار دی۔ اگر ہم اپنی نجات چاہتے ہیں توماں باپ کی خدمت کریں۔ آج خدام الاحمدیہ نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وقت بدل رہا ہے اب ان بزرگان کو بھی ان کا عزت والا مقام دیا جا رہا ہے۔ خداتعالیٰ ان تمام خدام کے اموال و نفوس میں برکت دے اور آئندہ بھی اس طرح کی ایکٹیویٹی کرنے کی توفیق ملتی رہے۔ دعاکے بعد سب نے بزرگان کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا اور کیک کاٹا۔اس پروگرام میں علاقے کے میئر کے نمائندہ، سپورٹس منسٹر کے نمائندہ اور خاتون اول نے شرکت کی۔ خاتون اول نے خدام کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کا یہ اقدام ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ ہمارے معاشرے میں لوگ بوڑھوں کو بدروحیں کہتے ہیں۔ نوجوانوں نے نیک نمونہ دکھاتے ہوئے بوڑھوں کی خدمت کا عزم کیا ہے۔

اس سائیکل سفر کو ساؤتومےکے نیشنل ٹیلی ویژن نے کوریج دی اور اگلے دن کے خبر نامے میں 4 منٹ کی خبر چلائی۔

(انصر عباس۔ مبلغ انچارج و صدر جماعت ساؤ تومے اینڈ پرنسپ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 مارچ 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ