• 28 اپریل, 2024

وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں

بند تُم نے کر دئیے جلسے جو پاکستان میں
کُل جہاں میں ہو رہے ہیں منفرد ہیں شان میں
جھولیاں بھر بھر کے ملتا ہے مقدس مائدہ
برکتیں ہیں بے بہا مہدیؑ کے دسترخوان میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
جب ہمارے درمیاں تشریف فرما ہوں حضور
گنگنا اُٹھتے ہیں دل خوشیوں کے سائبان میں
تین دن تک جب برستی ہے نصائح کی پھوار
اور بڑھ جاتے ہیں دل افزائشِ ایمان میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
ایک ننھے سے شگوفے سے گلستاں بن گیا
ایک قطرہ ڈھل گیا برسات کے باران میں
اِک ستارے میں نہاں تھیں کہکشائیں اَن گنت
ایک انساں ڈھل گیا اِک عالمِ گنجان میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
الغرض میں نام گنواؤں تو کس کس ملک کا
سب کے سب باندھے گئے بیعت کے اک پیمان میں
شکریہ تیرا ادا کرتے ہیں رب ذوالجلال
تو نے ہر پل دی ترقی دین کے میدان میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
جب بصد حسرت وطن کو الوداع کہنا پڑا
اِک توکل کے سِوا کُچھ بھی نہ تھا سامان میں
خوف کی حالت کو بدلا امن میں اللہ نے
ہم پہ اپنا ہاتھ رکھا اُس نے ہر بحران میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں

ایم ٹی اے کا ہو بھلا یہ زخمِ فرقت کی دوا
اِس کا حصہ خُوب ہے اس درد کے درمان میں
گھر میں ہر اِک احمدی کے جلوہ فرما ہیں حضور
تازگی آتی ہے اُن کو دیکھ کر ایمان میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
سلسلہ جلسوں کا امریکہ میں ، کینیڈا میں بھی
پھر تسلسل جرمنی میں ، ہند میں ، جاپان میں
نُورِ حق سے جگمگا اُٹھا ہے افریقہ بھی آج
سب پہ بازی لے گیا مہدیؑ کی وہ پہچان میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ، ہندوستان میں
آؤ دیکھو کس نے دنیا میں طنابیں گاڑ دیں
بڑھ گیا ہے کون دیکھو رُشد اور بُرہان میں
ہم تو خوشبو کی طرح پھیلے جہاں میں چار سُو
ہر جگہ عرشیؔ رہے ہم سایہِ رحمان میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
کس میں ہے وحدت ، خلافت اور منظّم کون ہے
کون ہے بازار کی اک بھیڑ کے فرمان میں
کس کو حُجرے میں محمدﷺ کے ملی جائے اماں؟
کون بیٹھا رہ گیا اِبلیس کے دالان میں؟
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
ہم خدا کے ہاتھ کے بوئے ہوئے وہ بیج ہیں
جو اُگے شہروں میں ، ویرانوں میں ، ریگستانوں میں
وہ ہوا کے دوش پر دنیا میں پھیلائی گئی
جو صدا تم نے دبانا چاہی پاکستان میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں

(ارشاد عرشی ملک)

پچھلا پڑھیں

فضائی آلودگی خوشحالی کی دشمن

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 دسمبر 2019