• 29 اپریل, 2024

اعلانات واطلاعات

لجنہ اماء اللہ پاکستان کی دیرینہ خادمہ اور بزرگ شخصیت مکرمہ شوکت گوہر کو سپرد خاک کر دیا گیا

احباب جماعت کو یہ افسوسناک اطلاع دی جا چکی ہے کہ لجنہ اماء اللہ کی نصف صدی تک خدمت کرنے والی دیرینہ خادمہ، محترم مولانا عبدالمالک خان سابق ناظر اصلاح و ارشاد مرکزیہ کی صاحبزادی اور محترم ڈاکٹر لطیف احمد قریشی کی اہلیہ محترمہ شوکت گوہر مورخہ 5 جنوری 2020ء کو صبح سوا چھ بجے طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ میں بعمر 77 سال وفات پاگئی تھیں۔ آپ کی نماز جنازہ مورخہ 7 جنوری 2020ء بروز منگل مسجد مبارک میں بعد نماز ظہر محترم سید خالد احمد شاہ ناظرِ اعلیٰ و امیرِمقامی نے پڑھائی۔مرحومہ خداتعالیٰ کے فضل سے موصیہ تھیں اس لئے تدفین قطعہ بزرگان بہشتی مقبرہ دارالفضل میں ہوئی۔ قبر تیار ہونے پر محترم ناظر صاحب اعلیٰ نے ہی دعا کروائی۔ اس سے قبل آپ کی میت گیسٹ ہاؤس قصر خلافت میں رکھی گئی تھی جہاں ربوہ بھر کی خواتین کی کثیر تعداد نے اپنی رفیقہ کار اور خادمہ دین کا آخری دیدار کیا۔
مرحومہ کی لجنہ اماء اللہ میں خدمات کا ایک حصہ گزشتہ رپورٹ میں بیان کیا جا چکا ہے۔آپ کو شروع سے ہی خدمت سلسلہ کا بہت شوق تھا۔

ربوہ رہائش پذیر ہو کر انہوں نے اپنے محلہ دارالصدر شرقی الف کی صدارت کے فرائض سنبھالے۔ حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ نے محترم مولانا عبدالمالک خان کا تقرر جب ربوہ میں فرما دیا تو وہ بھی ربوہ شفٹ ہوگئے۔ مکرمہ شوکت گوہر نے محلہ کی لجنہ کی صدارت اپنی والدہ کے سپرد کی اور خود ناصرات الاحمدیہ ربوہ کا کام سنبھال لیا اور محترمہ صاحبزادی امۃ الباسط بیگم کے ساتھ بطور نائبہ سیکرٹری ناصرات ربوہ خدمت سرانجام دیتی رہیں۔ آپ کی خدمات کو سراہتے ہوئے حضرت صاحبزادی ناصرہ بیگم صدر لجنہ اماء اللہ ربوہ نے آپ کو اپنی مجلس عاملہ میں جنرل سیکرٹری مقرر فرما دیا۔ آپ 15 سال تک اس کام پر متعین رہیں۔ اس دوران حضرت صاحبزادی ناصرہ بیگم نے آپ کی ہر رنگ میں تربیت فرمائی اور لجنہ کے کام کو مزید بہتر کرنے کے طریقے بتائے اور سمجھائے۔

آپ کو محترمہ طاہرہ صدیقہ ناصر کے ساتھ بھی کچھ عرصہ بطور جنرل سیکرٹری خدمت کی توفیق ملی۔ لیکن پھر آپ کو لجنہ مرکزیہ میں خدمت کے مواقع میسر آگئے۔ مرکزیہ میں آکر آپ کو محترمہ صاحبزادی امۃ القدوس بیگم اور محترمہ امۃ العلیم عصمت کی رہنمائی میں خدمت کے مواقع ملےاور مرکزی عاملہ میں متعدد شعبہ جات میں بطور سیکرٹری کام کرتی رہیں۔ جب محترمہ امۃ العلیم عصمت صدر لجنہ اماء اللہ پاکستان مقرر ہوئیں تو سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آپ کو خود جنرل سیکرٹری مرکزیہ مقرر فرمایا۔ اس عہدہ پر آپ 6 سال تک متعیّن رہیں۔

لجنہ اماء اللہ کی خدمت کا کام آپ کو علالت کی وجہ سے چھوڑنا پڑا۔ اس کے باوجود آپ کی خواہش ہوتی تھی کہ کسی نہ کسی طرح خدمت دین جاری رہے۔ آپ نے 50سال تک مختلف شعبہ جات میں خدمات سلسلہ جاری رکھیں۔ اس دوران آپ کا سلوک اپنی رفقاء خواتین کے ساتھ بہت مشفقانہ اور دوستانہ رہا۔اسی وجہ سے آپ دفتر لجنہ میں ہر دلعزیز تھیں۔ ہر نیکی کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتیں۔ ہمسایوں سے حسن سلوک، غریبوں اور ضرورتمندوں کا خیال رکھنا اور مہمان نوازی۔ چندہ تحریک جدید اور وقف جدید کی ادائیگی خلیفہ وقت کے اعلان کے معاً بعد پہلی فرصت میں کرتیں۔ امسال بھی وفات سے دو دن پہلے وقف جدید کے اعلان کے ساتھ ہی اپنا چندہ اسی وقت ادا کر دیا۔

محترم ڈاکٹر لطیف احمد قریشی نے بتایا کہ مرحومہ نے 50 سالہ دور رفاقت میں بہترین بیوی،بہترین ماں،بہترین بہن اوربہترین بیٹی کے طور پر اپنے حقوق ادا کئے اور میرے کاموں میں ہمیشہ ہاتھ بٹایا۔ میڈیکل کے امور میں پورا سہارا دیا اور مدد کی۔

الغرض آپ مثالی زندگی گزارنے کے بعد اس دنیا سے رخصت ہوئیں۔انہوں نے مزید بتایا آخری بیماری بہت لمبی تھی اس کے باوجود گھر کے کاموں میں دلچسپی لیتیں اور ان کو مکمل کرتی تھیں۔ بیماری میں کبھی شکوہ زبان پر نہ آیا، بیماری کو صبر کے ساتھ برداشت کیا۔

محترمہ شوکت گوہر کو خلافت احمدیہ سے گہرا اور دلی تعلق تھا۔حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ جب بھی کراچی تشریف لاتے تو آپ کو خدمت کی توفیق ملتی۔ ربوہ آنے کے بعد حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ سے اطاعت اور محبت کا تعلق تھا۔حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو اکثر دعائیہ خطوط لکھتی رہتی تھیں۔خلافت کی اطاعت کا جذبہ آپ کے والد محترم مولانا عبدالمالک خان نے آپ کےاندر بچپن سے ہی راسخ کردیا تھا۔
آپ نے پسماندگان میں خاوند مکرم ڈاکٹر لطیف احمد قریشی، 3 بیٹے اور2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ بچوں کی تفصیل درج ذیل ہے۔

  • مکرم ڈاکٹر محمد احمدمحمودقریشی۔کنیکٹی کٹ Connecticut امریکہ۔ ہیومینیٹی فرسٹ امریکہ کے سرگرم کارکن
  • مکرمہ امۃ الرفیق راحت اہلیہ مکرم ناصر عتیق احمد کینیڈا
  • مکرم عبدالحئی مبشر ڈارسٹ برطانیہ
  • مکرمہ ڈاکٹر امۃ اللطیف عصمت نیوجرسی امریکہ صدر لجنہ حلقہ اہلیہ مکرم ڈاکٹر مرزا انس احمد ابن مرزا ادریس احمد
  • مکرم ڈاکٹر عطاء المالک قریشی ماہر امراض دل اوہائیو امریکہ

اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور درجات کو بلند کرے۔
نیز ان کی اولاد کو مرحومہ کے نقش قدم پر نیکی اور تقویٰ پر چلتے ہوئے خادم دین بنائے۔آمین
ادارہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن مرحومہ کے خاوند ، ان کی اولاد اور دیگر افراد خاندان سے دلی دکھ اورافسوس کا اظہار کرتا ہے۔

(رپورٹ:ابو سدید)

پچھلا پڑھیں

ٹیلیویژن۔ ایجاد سے LCD اور LED تک

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 جنوری 2020