• 27 اپریل, 2024

جلسہ سالانہ نائیجیریا 2019ء کے موقع پر حضور انور کا خصوصی پیغام

پیارے ممبران احمدیہ مسلم جماعت نائیجیریا

السلام علیکم ورحمة اللہ و برکاتہ

مجھے نہایت خوشی ہوئی ہے کہ آپ 22،21،20دسمبر 2019ء کو اپنا جلسہ سالانہ منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس جلسے کو اعلیٰ کامیابی سے نوازے۔ اللہ کرے کہ تمام شاملین اس سے اعلیٰ روحانی فیض حاصل کرنے والے ہوں اوربھلائی، نیکی و تقویٰ میں بڑھنے والے ہوں۔

آپ کو یہ بات مد نظر رکھنی چاہیے کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بیعت میں آنے کے بعد اللہ تعالیٰ کی طرف سے برکتوں اور نعمتوں میں سے ایک جلسہ سالانہ کا قیام ہے۔ یہ اس لیے ہے کیونکہ یہ منفرد اجتماع ہمیں اپنے روحانی اور اخلاقی معیاروں کو بہتر کرنے،دلوں کو پاک کرنےاور اپنے علم کو بڑھانے کے مواقع فراہم کرتا ہے تاکہ ہم تقویٰ میں بڑھنے والے ہوں اور اس طرح زیادہ بہتر رنگ میں خدا تعالیٰ اور اس کی مخلوق کے حقوق ادا کرنے والے ہوں۔

پس جلسے میں شامل ہونے والے ہر فرد کو ،خواہ وہ مرد ہو یا عورت، اس با ت کو یاد رکھنا چاہیے کہ اس کا مقصد خدا تعالیٰ کی رضا کا حصول ہے۔ اور یہی جلسے میں شامل ہونے کا واحد مقصد ہے۔آپ تقویٰ اور حقوق العباد کی ادائیگی میں بڑھتے ہوئے اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کر رہے ہوں اور جلسے میں اس بنیادی مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے شامل ہوں۔ اگر ایسا نہیں تو جلسہ میں شامل ہونا بے مقصد اور فائدہ سے خالی ہو گا۔

اللہ آپ سب کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور آپ کے جلسہ سالانہ کو کامیاب فرمائے اور آپ کو جلسے کی کارروائی سے فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ آپ کو بیعت کے تقاضوں کو پورا کرنے والا بنائے اور ہمیشہ نظام خلافت کا وفادار بنائے۔ اللہ آپ کو اپنی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لانے کی توفیق عطا فرمائے اور نیکی اور تقویٰ میں بڑھتے ہوئے انسانیت اور اسلام کا مددگار بنائے۔ اللہ کا فضل آپ سب کے شامل حال ہو۔ آمین

والسلام
خاکسار
(دستخط) مرزا مسرور احمد
خلیفة المسیح الخامس

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 جنوری 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 جنوری 2020