• 26 اپریل, 2024

نماز جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 11؍جنوری 2023ء بروز بدھ 12بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ حاضر اور چند نماز جنازہ غائب پڑھائیں۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم محمد سعید احمد لون صاحب ابن مکرم فضل کریم لون صاحب (ریڈ برج۔ یوکے)

8؍جنوری 2023ء کو 90سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم تنزانیہ میں پیدا ہوئے اور یہاں ایسٹ لندن کی جماعت کے ابتدائی ممبران میں سے تھے۔ جہاں انہیں بطور سیکرٹری مال، سیکرٹری تبلیغ اور صدر جماعت خدمت کی توفیق ملتی رہی۔ مرحوم کو ہیومینٹی فرسٹ کے تحت خصوصاً پانی کے کنویں لگانے کے سلسلہ میں انسانیت کی خدمت کی بھی توفیق ملی۔ آپ نے حج بیت اللہ کی بھی سعادت حاصل کی۔ مرحوم انتہائی نیک، دیندار، نماز اورروزہ کے پابند، قرآن کریم کی باقاعدگی سے تلاوت کرنے والے اور خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والے ایک بزرگ انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی کے علاوہ پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

1 مکرم محمد حسین صاحب ابن مکرم حاجی محمد اسحاق صاحب (کراچی)

14؍ستمبر 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کے والدین کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے تھا۔ احمدیت قبول کرنے کے بعد مخالفت کی وجہ سے ہجرت کرکے ضلع عمر کوٹ آگئے۔ مقامی سطح پر قائد خدام الاحمدیہ کے علاوہ زعیم انصار اللہ اور ناظم مال کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ دستگیر کالونی کراچی میں خادم مسجد کے طورپر بھی خدمت بجالاتے رہے۔ پنجگانہ نمازوں کے پابند، سادہ مزاج، ملنسار، شریف النفس، خلافت کے اطاعت گزار، ایک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ پانچ بیٹےا ور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے ایک پوتے مکرم حافظ عامر خان صاحب جامعہ احمدیہ ربوہ میں زیر تعلیم ہیں۔

-2 مکرم رانا منصور احمد صاحب ابن مکرم رانا منوراحمد صاحب مرحوم (ربوہ)

21؍اکتوبر 2022ء کو 55 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، تہجد گزار، ایک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ لمبا عرصہ فیکٹری ایریا ربوہ میں سیکرٹری صنعت وتجارت کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ جماعتی تحریکات اور صدقات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا کرتے تھے۔ آپ مکرم رانا تصور احمد خان صاحب (استاد جامعہ احمدیہ ربوہ) کے چھوٹے بھائی تھے۔آپ کے ایک بیٹے مکرم رانا عثمان احمد صاحب مربی سلسلہ ہیں۔

-3 مکرمہ کلثوم علی جان صاحبہ اہلیہ مکرم جبار علی جان صاحب (سابق صدر جماعت سرینام)

18؍دسمبر 2022ء کو 71 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ نے اپنے خاوند کے ہمراہ مئی 1979ء میں مکرم محمد صدیق ننگلی شاہد صاحب مبلغ سلسلہ کی تبلیغ کے نتیجہ میں احمدیت قبول کی اور پھر تادم آخر اخلاص ووفا کے ساتھ عہد بیعت پر قائم رہیں۔ دسمبر 2002ء میں نامعلوم افرد نے آپ کے شوہر کو قتل کردیا تھا۔ بوقت وفات مرحوم بطور صدر جماعت سرینام خدمت کی توفیق پارہے تھے۔ مرحومہ نے بیوگی کا عرصہ بہت عزت ووقار اور صبر کے ساتھ گزارا۔ بہت خاموش طبع، صابرہ وشاکرہ، ایک بے ضرر اور نیک خاتون تھیں۔ جماعتی پروگراموں میں بڑی باقاعدگی کے ساتھ شامل ہوتی تھیں۔ مبلغین کا بہت احترام کرتی تھیں۔اپنا چندہ بڑی فکر کے ساتھ بروقت ادا کیا کرتی تھیں۔

-4 مکرم چوہدری مختار احمد صاحب وڑائچ ابن مکرم حاجی محمد شفیع صاحب

27؍ نومبر 2022ء کو 86سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم حضرت چوہدری غلام حیدر صاحب رضی اللہ عنہ آف دھاریوال نمبردار چک 43 جنوبی سرگودھا کے نواسے تھے۔ مرحوم احمدیت کے شیدائی اور خلافت کے جانثار ایک مخلص انسان تھے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب کا مطالعہ باقاعدگی سے کیا کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں ان کی ایک بیٹی اور چار نواسے نواسیاں شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

ادارہ الفضل آن لائن مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہے۔

پچھلا پڑھیں

شہداء احمدیت برکینا فاسو کے نام

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی