• 26 اپریل, 2024

مکرم نعیم احمد خان سابق نائب امیر کراچی وفات پاگئے

(لندن مانیٹرنگ ڈیسک) احباب جماعت کو نہایت افسوس سے یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ محترم نعیم احمد خان سابق نائب امیر جماعت احمدیہ کراچی مورخہ 25۔اپریل 2020ء کو بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُونَ۔ آپ ڈاکٹر عبدالرحمٰن کامپٹی کے داماد تھے۔ آپ کی اہلیہ محترمہ ڈاکٹر آصفہ ہیں۔

مکرم نعیم احمد خان مورخہ 3 نومبر 1933ء کو پیدا ہوئے۔ آپ کے والد محترم کا نام عبد الجلیل خان ہے۔ آپ کے خاندان میں سب سے پہلے مکرم مولوی اختر علی نے حضرت مولوی حسن علی بھاگلپوری صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ بیعت کی تھی۔ جو مکرم نعیم احمد خان کی والدہ کے ماموں اور والد کے پھوپھا تھے۔ مکرم مولوی اختر علی کے ذریعہ آپ کے تمام خاندان نے سلسلہ احمدیہ میں شمولیت اختیار کی۔ آپ نے میٹرک پٹن انڈیا سے کیا۔ قیام پاکستان کے بعد 15 سال کی عمر میں لاہور آگئے۔ دیال سنگھ کالج سے انٹر اور ٹی آئی کالج لاہور سے ایم ایس سی کیا۔ بعد ازاں لندن چلے گئے۔ 1959ء میں کراچی تشریف لائے اور کراچی گیس کمپنی میں ملازمت کی۔ یہاں سے آپ 1993ء میں سینئر جنرل منیجر کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔

مجلس خدام الاحمدیہ ضلع کراچی میں بطور نائب ناظم صنعت و تجارت خدمات کا آغاز ہوا۔ بعد میں ناظم خدمت خلق مقرر ہوئے اس کے بعد نائب قائد مجلس کراچی مقرر کئے گئے۔ 1966ء میں مجلس خدام الاحمدیہ ضلع کے قائد منتخب ہوئے اور چار سال اس خدمت کو انجام دینے کی توفیق ملی۔ انصاراللہ میں آنے کے بعد کچھ عرصہ مجلس انصار الله مارٹن روڈ کراچی کے زعیم اعلیٰ رہے۔ 1977ء میں ناظم انصاراللہ ضلع کراچی مقرر ہوئے اور 1997ء تک اس عہدے پر فائز رہے۔ 1997ء میں ناظم انصار الله علاقہ کراچی مقرر ہوئے۔ 1997ء میں سیکرٹری وقف جدید جماعت احمدیہ کراچی مقرر ہوئے۔ بعد ازاں آپ کو نائب امیر جماعت احمدیہ ضلع کراچی مقرر کیا گیا۔

آپ فضل عمرفاونڈیشن کے کئی مرتبہ ڈائر یکٹر منتخب ہوئے۔ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف آرکیٹیکٹس اینڈ انجینئرز کی پہلی مجلس عاملہ میں بطور آڈیٹر خدمات سرانجام دیں اورکئی سال تک کراچی چیپٹر کے صدر بھی رہے۔ 1970ء میں دار الضيافت ربوہ کے لئے جب پہلی مرتبہ روٹی پکانے کی مشینیں لگانے کا منصوبہ بنایا گیا اور مشینیں بنانی شروع کی گئیں تو آپ کو بھی بطور انجینئر اس کام میں حصہ لینے کا اعزاز حاصل ہوا۔

اللہ تعالیٰ مرحوم سے مغفرت کا سلوک فرماتے ہوئے جنت الفردوس میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 30 اپریل 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 افریقہ ڈائری نمبر15، 01۔مئی 2020ء