• 23 اپریل, 2024

لجنہ ہالینڈ کی گولڈن جوبلی کے موقع پر رسالہ خدیجہ کے لئے حضور انور کا خصوصی پیغام

nederlands

لجنہ اماء اللہ کے قیام کا مقصداور روحانی ترقیات کا حصول

مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ لجنہ اماء اللہ ہالینڈ اپنے قیام کے پچاس سال مکمل ہونے پر جوبلی منارہی ہے اور اس موقع پر رسالہ ’’خدیجہ‘‘ خصوصی شمارہ شائع کرنا چاہتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے ہرلحاظ سے بابرکت فرمائے۔ آمین

مکرمہ صدرصاحبہ لجنہ نے اس موقع پر مجھ سے پیغام بھجوانے کی درخواست کی ہے۔ میرا پیغام یہ ہے کہ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کا اس تنظیم کے قیام کا جو مقصد تھا اس مقصدکو اپنی عملی، اخلاقی اور روحانی ترقیات کے حصول میں پیش نظر رکھیں اور انہیں اپنے خلافت سے مضبوط تعلق میں استعمال کریں۔

لجنہ اماء اللہ کی بنیاد حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ نے 25دسمبر1922ء کو رکھی۔ آپ نے ایک مضمون تحریر فرمایا جس میں آپ نے قادیان کی ایسی احمدی مستورات کو مدعو فرمایا جو اس کے مندرجات کی مؤید اوران سے متفق ہوں تاکہ ان مقاصد کے حصول کے لئے مل کر جلد کام شروع کیا جاسکے۔
آپ کے پیش نظر یہ مقاصد تھے کہ عورتیں اپنا اوردوسری مستورات کا علم بڑھائیں۔ ان کی اپنی انجمن ہوجس کے قواعدو ضوابط ہوں۔ وہ جلسوں میں اسلامی مسائل کی بابت اپنے لکھے ہوئے مضامین پڑھیں۔
اسلام کے واقف لوگوں کے لیکچربھی کروائیں۔ انجمن مستورات کی تمام کارروائیاں خلیفۂ وقت کی تیارکردہ سکیم اوراس کی ترقی کی خاطر ہوں۔ جماعت کے اتحاد کے لئے وہ دینی تعلیمات کے مطابق ہرقربانی کے لئے تیار رہیں۔ اخلاق اورروحانیت کی اصلاح اوراس کے ذرائع پر غوروفکران کے پیش نظرہو۔ بچوں کی تربیت میں اپنی ذمہ داری کو خاص طورپر سمجھیں کہ ان کی دینی زندگی چست ہو۔انہیں تکلیف برداشت کرنے والے بنائیں۔دین کے مسائل سے واقف کریں۔ان کے اندر خدا،رسولؐ، مسیح موعودؑ اورخلفاء سے محبت واطاعت کا جذبہ پیداکریں۔ ان میں زندگیاں وقف کرنے کا جوش پیدا کریں۔ تنظیم کی ممبرات باہمی تعاون سے کام کریں اوردوسروں کی غلطیوں کی چشم پوشی کریں اورصبروہمت کے اوصاف پیدا کریں۔ لوگوں کے ہنسی ٹھٹھے کا بہادری اور ہمت سے مقابلہ کا مادہ پیدا کیاجائے تاکہ دوسری مستورات کے لئے سبق ہو۔ اس مقصدکے لئے دوسری خواتین کو اپنی ہم خیال بنائیں۔جماعت کسی خاص گروہ کا نام نہیں۔ چھوٹے بڑے،غریب امیر سب کا نام جماعت ہے۔ باہمی محبت اورمساوات پیداکرنے کی کوشش کی جائے۔ سب مدداور کامیابیاں اللہ تعالیٰ کی طرف سے آتی ہیں اس لئے دعاکی جائے کہ وہ مقاصد الہام ہوں جوہماری پیدائش میں اس نے مدنظررکھے ہیں۔اس پر ابتداءً تیرہ خواتین نے دستخط کئے جو حضوررضی اللہ عنہ کے فرمان پر حضرت ام المومنین رضی اللہ عنہا کے گھرمیں جمع ہوئیں۔ آپ نے انہیں خطاب فرمایا اوراس کے ساتھ ہی لجنہ کا قیام عمل میں آیا۔ حضوررضی اللہ عنہ کو اللہ تعالیٰ نے الہاماً بتایاکہ اگرتم پچاس فیصدی عورتوں کی اصلاح کرلوتواسلام کو ترقی حاصل ہوجائے گی۔چنانچہ آپ لجنہ اماء اللہ کی تربیت اورتنظیم کی طرف ہمیشہ بہت زیادہ اور گہری توجہ فرماتے رہے۔

پس ان مقاصد کو ہمیشہ مدنظررکھیں جن کے لئے لجنہ اماء اللہ کا قیام کیا گیاتھا۔اس کے لیے خلیفۂ وقت سے دعاؤں اورراہنمائی کا حصول نہایت اہم ہے۔اگرآپ ان بنیادی نصائح کو مدنظر رکھیں گی توانشاءاللہ آپ کے تمام پروگرام اور سکیمیں کامیاب ہوں گی اور آپ کا ہرقدم ترقی کی جانب ہوگا۔اللہ تعالیٰ آپ کو توفیق عطافرمائے۔آمین

والسلام
خاکسار
(دستخط) مرزا مسرور احمد
خلیفۃ المسیح الخامس

پچھلا پڑھیں

جماعت احمدیہ گلاسگو، اسکاٹ لینڈ کا تربیتی پروگرام

اگلا پڑھیں

رزقِ حلال کی برکت