• 8 مئی, 2024

دنانے ریجن، آئیوری کوسٹ میں مساجد کا افتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے موٴرخہ 25؍ ستمبر 2022ء جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ(Côte d’Ivoire) کو دنانے (Danané)ریجن میں تعمیر مکمل ہونے کے بعد دو مساجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمد للّٰہ علیٰ ذلک

مسجد بیت الرحمان، دنانے شہر

ان دو مساجد میں سب سے اول مسجد بیت الرحمان دنانے شہر ہے۔ موٴرخہ 24؍ ستمبر کو امیر صاحب مرکزی وفد کے ہمراہ ماں ریجن پہنچے۔ماں شہر میں رات قیام کے بعد 25؍ ستمبر کی صبح دنانے شہر میں واقع مشن ہاؤس میں تشریف لائے۔صبح 10 بجے باقاعدہ طور پر سنگ بنیاد کی افتتاحی تقریب کا آغاز ہوا۔تلاوت قرآن کریم مکرم ولی فوفانا صاحب نے کی جبکہ مکرم شبیر احمد مبلغ سلسلہ نے قصیدہ پڑھا۔جس کے بعد مکرم باری عبدالسلام صاحب ریجنل مشنری دنانے نے مقامی روایات کے مطابق حاضرین کو خوش آمدید کہا اور اس کے بعد ’’جماعت احمدیہ کا تعارف‘‘ کے عنوان سے تقریر بھی کی۔معاًبعد مکرم عبدالسلام طورے صاحب مبلغ سلسلہ دلوا ریجن نے ’’اسلام امن کا مذہب‘‘ کے عنوان سے تقریر کی۔اس تقریر کے بعد مکرم نیشنل صدر صاحب انصار اللہ، نیشنل صدر صاحب خدام الاحمدیہ، مکرم یحییٰ وتراصاحب صدر ہیومینیٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ، سوسائیٹی کے چیف نیز دو غیر از جماعت آئمہ نے تقاریر کیں۔ان تقاریر کے بعد مکرم امیر ومشنری انچارج صاحب نے پروگرام کی اختتامی تقریر بعنوان’’ مساجد اورعبادت الٰہی کی اہمیت ‘‘کی۔اختتامی تقریرکے بعد مکرم امیر صاحب نے مسجد کی تختی کشائی کی اور دعا کروائی تختی کشائی کے بعد نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں۔ جس کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔اس پروگرام میں350 افراد نے شرکت کی۔

دنانے شہر میں واقع جماعتی جگہ پر جنوری 2018ء میں مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر ومشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے تشریف لا کر مسجد کا سنگ بنیاد رکھا۔جس کے بعد اس مسجد کی تعمیر کا سلسلہ جاری رہا۔تاہم امسال ماہ جولائی میں اس کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد دوران ماہ افتتاح کیا گیا۔اس مسجد کا کل احاطہ 160مربع میٹر ہے جس میں اندازاً 250 افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔جبکہ مسجد کے ساتھ 2 باتھ رومز بھی وضو کے لئے تعمیر کئے گئے ہیں۔ مکرم رضوان احمد شاہد صاحب مربی سلسلہ نیز شبیر احمد صاحب مبلغ سلسلہ ریجن ماں نے وقتاً فوقتاً اس مسجد کی تعمیر کی توفیق پائی۔افتتاح کے پروگرام سے قبل مقامی مساجد کے آئمہ نے جماعتی پروگرام کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کیا تاہم اس کے باوجود نہ صرف دیگر لوگ پروگرام میں شریک ہوئے بلکہ دو امام بھی اس پروگرام کا حصہ تھے۔

مسجد بیت السلام، زوئیں شہر

اسی روز بعد از افتتاح مسجد بیت الرحمٰن مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب مع جماعتی وفد زوئیں(Zouan-Hounien)شہر میں حال ہی میں مکمل ہونے والی ایک مسجد، مسجد بیت السلام کے افتتاح کے لئے تشریف لے گئے۔جہاں شام 3 بجے افتتاحی پروگرام کا آغاز کیا گیا۔تلاوت قرآن کریم مکرم شمس الدین صاحب معلم سلسلہ نے کی جس کے بعد مقامی احمدی اسماعیل گولاندیے صاحب نے تقریر کی۔بعد ازاں علاقہ کے چیف، شہر کے میئر نیز وائس گورنر شہر نے بھی تقاریر کیں۔اس پروگرام کی اختتامی تقریر مکرم امیر صاحب نے بعنوان’’مساجد کی اہمیت‘‘کی۔ اس تقریب کے بعد مکرم امیرومشنری انچارج صاحب نے تختی کشائی کی اور دعا کروائی جس کے بعد اس بابرکت تقریب کا اختتام ہوا۔جس کے معاً بعد مکرم امیر ومشنری انچارج صاحب نے مسجد کے ساتھ واقع ہیومینیٹی فرسٹ کے پرائمری سکول میں زیر تعلیم طلباء میں ہیومینیٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کی جانب سے کتابیں اور سکول کے بستے بھی تقسیم کئے۔ان دونوں مساجد کے افتتاح کے پروگرام کےانتظامات کی توفیق مکرم شبیر احمد صاحب مبلغ سلسلہ نیز مکرم باری عبدالسلام صاحب کو ملی۔اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلٰی ذَلِک

مسجد بیت السلام، زوئیں کا سنگ بنیاد 1998ء میں رکھا گیا تاہم اکیسویں صدی کے اوائل میں ملک میں خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد یہ علاقہ باغیوں کے قبضہ میں چلا گیا۔بعد ازاں خانہ جنگی تو ختم ہو گئی تاہم لمبا عرصہ یہ علاقہ مختلف سیاسی مسائل کے باعث تعمیراتی کاموں سے محروم رہا۔کچھ سال قبل ہی یہاں سیاسی صورتحال نسبتاً بہتر ہونے کے بعد مسجد کی تعمیر کا کام دوبارہ شروع کیا گیا۔اس مسجد کا کل احاطہ100 مربع میٹر ہے جس میں تقریبا 150 افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش موجود ہے۔یہ مسجد اس سوسائٹی کی پہلی مسجد ہے۔اس مسجد کے قرب و جوار میں احمدیوں کے علاوہ دیگر مسلمان برائے نام ہیں زیادہ تر لادین لوگ آباد ہیں۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ دونوں مساجد کے افتتاح کو بابرکت کرے اور یہ مساجد اسلام کی حقیقی تعلیمات کو پھیلانے کا ذریعہ بنتی چلی جائیں نیز اس میں نماز پڑھنے والے حقیقی تقویٰ کے حصول کے لئے اس مسجد میں آنے والے بنیں۔آمین

(رپورٹ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل آن لائن آئیوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 2 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

سیّدنا حضرت امیر المؤمنین کا دورہ امریکہ 2022ء (قسط 9)