مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 19؍ اکتوبر 2022ء بروز بدھ 12بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ غائب اور ایک نماز جنازہ حاضر پڑھائی۔
نماز جناز ہ حاضر
مکرم میاں احسا ن اللہ ریاض صاحب ابن مکرم میاں عزیز اللہ صاحب(یوکے)
12 ؍ اکتوبر 2022ء کو 88 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم حضرت محمد عبد اللہ سنوری صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نسل میں سے تھے۔ آپ کو پاکستان میں مسجد دارالذکر لاہور او ر مسجد اقصیٰ ربوہ کی تعمیر میں کام کرنے کا موقعہ ملا۔ آپ نے UAE میں لمبا عرصہ بطور سیکرٹر ی مال خدمت کی توفیق پائی۔ 2007ء میں برطانیہ آگئے اور کچھ عرصہ مجلس انصار اللہ برطانیہ کے دفتر میں خدمت بجالاتے رہے۔ صوم وصلوۃ کے پابند، بہت، ہمدرد، نیک، دیندار اورمخلص انسان تھے۔ چندوں کے علاوہ دیگر تحریکات میں بھی باقاعدگی سے حصہ لیتے تھے۔پسماندگان میں دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ آپ مکرم چوہدری ناصر احمد صاحب (چیئر مین مرزا شریف احمد فاؤنڈیشن ) کے بہنوئی تھے۔
نماز جناز ہ غائب
–1مکرمہ مجیدہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم چوہدری صغیر احمد چیمہ صاحب(کراچی)
7؍ ستمبر 2022ء کو 90 سال کی عمرمیں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کا تعلق چہور مغلیاں ضلع شیخوپورہ سے تھا۔ آپ کے خسر حضرت چوہدری کرم الٰہی صاحب رضی اللہ عنہ آف تلونڈی کھجور والی حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے صحابی تھے۔ آپ کے میاں کو کراچی میں متعدد عہدوں پر خدمت کا موقع ملااور جماعتی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے سبب روزانہ رات کو دیر سے گھر آتے لیکن آپ نے کبھی ان سے اس بات کا شکوہ نہیں کیا بلکہ ان کی پوری معاونت کرتیں اور بچوں کی نگہداشت پر خود پوری توجہ دیتی رہیں۔آپ کو خلافت احمدیہ سے والہانہ محبت تھی۔خاندان مسیح موعود علیہ السلام، مربیان کرام اور واقفین سلسلہ کا بھی بہت احترام کرتی تھی۔ قیام نماز کے لیے خاص کوشش کرتیں اوربچوں کو بھی اس کے لیے خاص تاکید کرتیں۔ جب تک ان کی نظر ٹھیک رہی روزانہ تلاوت قرآن کرتی رہیں اور بچوں کی تلاوت قرآن کریم کی بھی باقاعدہ نگرانی کرتی رہیں۔ جماعتی پروگراموں اور تنظیمی اجلاسات اور کلاسسز میں بچوں کو باقاعدہ بھجواتیں۔ آپ کو دعا کی قبولیت پر بہت یقین تھا۔ ہر دکھ اور تکلیف کے وقت دعا اور صدقہ کی طرف خصوصی توجہ دیتیں۔آپ طبیعت کی صاف گو، نہایت سادہ، خدا ترس اور صلہ رحمی کرنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم نعیم احمدمحمود چیمہ صاحب( مربی سلسلہ) آج کل گھانا میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
-2مکرمہ آصفہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم مرزا محمد اسماعیل بیگ صاحب (ٹورانٹو)
20؍ستمبر 2022ءکو 67 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ صوم وصلوۃ کی پابند، خلافت سے والہانہ عقیدت کا تعلق رکھنے والی، ایک غریب پروراور نیک خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے تینوں بیٹے کسی نہ کسی رنگ میں جماعتی خدمت کی توفیق پار ہے ہیں۔
-3مکرمہ لعل خاتون صاحبہ اہلیہ مکرم محمد نواز ابڑو صاحب (لاڑکانہ۔ سندھ)
7؍ستمبر 2022ء کو88 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ نے 1949ءمیں بیعت کی سعادت حاصل کی۔ پیشہ کے لحاظ سے سکول ٹیچر تھیں۔ تنخواہ ملتے ہی سب سے پہلے چندہ کی رسید کٹواتی تھیں۔ آپ نے صدر لجنہ لاڑکانہ شہر کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ صوم وصلوۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند اور خلافت سے والہانہ عقیدت رکھنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔ آپ کی ایک خاص خوبی مہمانوں کی خدمت اورغریبوں، یتیموں کی خبر گیری کرنا تھی۔مرحومہ 1/3حصہ کی موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ آپ مکرم نعیم احمد ابڑو صاحب ( امیر ضلع لاڑکانہ) کی دادی تھیں۔
-4مکرمہ نذیر بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم چوہدری مقصود احمد باجوہ صاحب(فیصل آباد)
29؍اگست 2022ء کو90سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ حضرت چوہدری غلام محمد صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی اور مکرم چوہدری نعمت اللہ ساہی صاحب(سابق ناظم جائیداد ربوہ) کی ہمشیرہ تھیں۔ مرحومہ نمازوں اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، تہجد گزار،اجلاسات میں باقاعدگی سے شرکت کرنے والی، خلافت کی وفادار، عہدیداروں کا احترام کرنے والی، مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی ایک نیک، مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔آپ کی ایک بیٹی مکرمہ طاہرہ قدرت اللہ صاحبہ کینیڈا میں اپنے حلقہ میں بطور صدر لجنہ خدمت کی توفیق پارہی ہیں۔
-5مکرمہ حنیفہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم محمد اشرف صاحب (جرمنی)
12؍ اگست 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ صوم وصلوۃ کی پابند اور چندوں کی ادائیگی میں بہت باقاعدہ ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔آپ کے میاں اپنی مجلس میں زعیم انصار اللہ کے علاوہ قائد عمومی کے دفتر میں خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔
-6مکرم چوہدری شرف احمد اعوان صاحب( جرمنی)
2؍ اگست 2022ء کو100 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم کے خاندان میں احمدیت آپ کے ماموں حضرت چوہدری غلام محمد صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ سے آئی۔ آپ نے 1939ء میں برٹش آرمی میں شمولیت اختیار کی اور جہاں پر مقیم تھے وہاں دوسرے احمدیوں کے ساتھ مل کر جماعت قائم کی۔ اسی زمانہ میں تحریک جدید کے مالی جہاد میں بھی شامل ہوئے۔2013ءمیں جرمنی آگئے تھے۔ لازمی چندہ کے علاوہ دیگر چندوں میں بھی باقاعدہ تھے۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں پانچ بیٹے اور چھ بیٹیاں شامل ہیں۔
-7مکرم محمد جمیل صاحب ابن مکرم عبد العزیز صاحب ( ملائیشیا)
8؍اگست 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کے خاندان میں احمدیت کا نفوذ آپ کے دادا کے بڑے بھائی حضرت مولوی عبد القادر صاحب رضی اللہ عنہ کے ذریعہ ہوا۔ مرحوم نے مقامی طور پر سیکرٹری امور عامہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ آپ کی اہلیہ بھی مقامی صدر لجنہ کے طور پر خدمت کی توفیق بجالارہی ہیں۔ آپ دس سال سے اپنے اہل خانہ کے ساتھ ملائیشیا میں مقیم تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور ایک بیٹاشامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین