• 8 مئی, 2024

نماز جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نےمؤرخہ 18؍دسمبر 2022ء بروز اتوار 12بجے دوپہر اسلام آباد میں درج ذیل نماز جنازہ حاضر و غائب پڑھائے۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم چوہدری حبیب اللہ صاحب (صدر جماعت نارتھ ہیمٹن۔ یوکے)

14؍دسمبر 2022ء کو 76 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم قادیان میں پیدا ہوئے۔ آپ مکرم چوہدری رحمت اللہ صاحب کے بیٹے اور حضرت منشی کرم علی صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے تھے۔ 1975ء میں پاکستان سے برلن (جرمنی) شِفٹ ہوئے جہاں بطور صدر جماعت خدمت کی توفیق پائی۔ پھر یوکے آنے کے بعد نارتھ ہیمٹن جماعت میں مختلف حیثیتوں سے خدمت بجا لانے کے علاوہ یہاں بھی صدر جماعت کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ آپ کو تبلیغ کا بُہت شوق تھا۔ ہزاروں پمفلٹس تقسیم کئے۔ جماعت کی خدمت کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے تھے۔ مرحوم نماز و روزہ کے پابند، لوگوں کیساتھ انتہائی پیار و محبت سےملنے والے، خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والے ایک نیک انسان تھے۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرم محمد مقصود الحق صاحب (بنگلہ دیش)

13؍نومبر2022ء کو اپنے دفتر میں اچانک حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ جماعت کے مختلف عہدوں پر فائز رہے اور زندگی کے آخری سانس تک جماعتی ذمہ داریوں کو بڑے احسان رنگ میں ادا کرنے کی توفیق پائی۔ بہت ہنس مکھ اور ہر دلعزیز شخصیت کے مالک تھے۔ بڑی الحاح اور تضرع کے ساتھ تہجد اور باقی نمازیں ادا کرتے تھے۔ وفات کے بعد غیر از جماعت پڑوسیوں نے بتایا ہےکہ ان کی تلاوت قرآن سن کر ہم جاگتے تھے۔ حضرت مسیح موعود ؑ کی کتب کا مطالعہ بڑی باقاعدگی سے کرتے تھے اور اہم باتیں اپنی ڈائری پر نوٹ کرتے تھے۔ خلافت سے بے حد محبت اور عقیدت کا تعلق تھا۔ کہیں نبی کریم ﷺ کا ذکر ہوتا تو ان کی آنکھیں پر نم ہو جاتی تھیں۔ بہت ہی سادہ زندگی بسر کرنے والے اور منکسر المزاج نیک انسان تھے۔ پیغام حق پہنچانے میں ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کی اہلیہ مکرمہ نور النہار مقصود صاحبہ نائب صدر لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کے طورپر خدمت کی توفیق پارہی ہیں۔

-2 مکرمہ امۃ الجمیل صاحبہ اہلیہ مکرم عبد الجمیل بھٹی صاحب (شاہدرہ لاہور)

28؍نومبر 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ کا تعلق حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت حکیم احمد دین صاحب رضی اللہ عنہ کے خاندان سے تھا۔ صوم و صلاۃ کی پابند، تہجد گزار، نظام جماعت اورخلافت کی اطاعت گزار،بہت نیک اور مخلص خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

-3 مکرم ملک منور احمد جہلمی صاحب (ربوہ)

2؍نومبر 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے میٹرک کے بعد بیت المال صدر انجمن احمدیہ ربوہ میں بطور کلرک کام کا آغاز کیا اور اکتالیس سال کے بعد یہیں سے ریٹائر ہوئے۔ آپ جسمانی طورپر کمزور اور نحیف تھے لیکن بڑے ہمت و حوصلہ سے کام کیا کرتے تھے۔ صوم وصلاۃ کے پابند، بہت مخلص اور باوفا انسان تھے۔سلسلہ کی کتب کے مطالعہ کا بہت شوق تھا۔گھر میں آنے والے غیر از جماعت مہمانوں کو تبلیغ کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔

-4 مکرمہ ڈاکٹر صادقہ سلطانہ صاحبہ اہلیہ مکرم پروفیسر نعیم الحق صاحب (کوئٹہ)

27؍نومبر 2022 کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ کوئٹہ کے ایک بہت پرانے نہایت مخلص اور معروف خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔آپ کے والد مکرم میاں بشیر احمد صاحب مرحوم نہ صرف ایک بڑےقابل سرکاری افسر تھے بلکہ کافی عرصہ کوئٹہ جماعت کے امیر بھی رہے۔ اسی طرح مرحومہ کے دادا مکرم ڈاکٹر عبد اللہ خان صاحب مرحوم بھی کوئٹہ جماعت کے امیر رہ چکے ہیں۔ مرحومہ پنجوقتہ نمازوں کی پابند ،خلافت کی عاشق، بہت دعا گو، ہمدرد اور نافع الناس وجود تھیں۔ تمام چندوں او رمالی تحریکات میں کھلے دل سے حصہ لیتی تھیں۔ لجنہ کی طرف سے جو بھی کام سپرد ہوتا اسے بخوشی قبول کرتیں اور پوری کوشش سے اسے سرانجام دیتی تھیں۔ آپ کافی عرصہ کوئٹہ سول ہسپتال میں زچہ بچہ کے وارڈ میں واحد نگران ڈاکٹر تھیں جہاں تمام بلوچستان سے مریض آتے تھے۔ کچھ عرصہ کراچی سوشل سکیورٹی ہسپتال لانڈھی میں بھی کام کیا۔ 1984 سے کوئٹہ میں پرائیوٹ ہسپتال بنا کر مریضوں کی خدمت کررہی تھیں۔ لوگوں کی خدمت، رفاہ عامہ کے کاموں اور غریبوں کے مفت علاج کی وجہ سے شہر میں بہت عزت سے جانی جاتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔آپ کے ایک بھائی ڈاکٹر لئیق احمد صاحب نے نصرت جہاں کے تحت غانا اور گیمبیا میں خدمت کی توفیق پائی۔

-5 مکرم طاہر ذیشان افضل صاحب ابن مکرم محمد افضل قمر صاحب (مغلپورہ۔لاہور)

5؍اکتوبر 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے خاندان میں احمدیت آپ کے پڑدادا مکرم میاں دین محمد صاحب مرحوم کے ذریعہ آئی۔ جنہوں نے ایک رؤیا کی بنا پر حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر بیعت کی سعادت حاصل کی۔ مرحوم نے ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعدلاہور سے آئی سی ایس کا امتحان پاس کیا اور پھر بی ایس سی کمپیوٹر سائنس کی ڈگری مکمل کی۔ آپ نے مجلس خدام الاحمدیہ ضلع لاہور میں نائب ناظم عمومی کے علاوہ مقامی سطح پر سیکرٹری امورخارجہ اور مجلس خدام الاحمدیہ میں مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔نظارت خدمت درویشان کے تحت لاہور میں جلسہ سالانہ قادیان کے لئے متواتر ڈیوٹی دیتے آرہے تھے۔ مجلس خدام الاحمدیہ ضلع لاہور کی عمومی ٹیم کے ایک بہت فعال رکن تھے اور ہر ڈیوٹی کو اچھے طریقے سے سرانجام دیتے رہے۔ بہت نفیس، عاجز، اطاعت گزار اور ذمہ دار شخصیت کے مالک تھے۔ ہر ایک سے ہمیشہ مسکراتے چہرے کے ساتھ ملتے۔ خلافت اور جماعت کے سچے عاشق تھے۔ جماعتی کاموں کو پوری محنت اور دیانتداری سے ادا کرتے تھے۔ جب بھی کوئی مالی تحریک ہوتی ہمیشہ اس پر لبیک کہتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں والدین اور اہلیہ کے علاوہ دوبچیاں شامل ہیں۔

-6 مکرم ڈاکٹر نعیم احمد قریشی صاحب (پیپلز کالونی فیصل آباد)

16؍اگست 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم پیپلز کالونی فیصل آباد کے صدر کے طور پر خدمت بجالا رہے تھے۔ بہت اعلیٰ اخلاق کے مالک، خدمت کے جذبہ سے سرشار، ایک نیک، مخلص اور باوفا انسان تھے۔ اپنے اخلاق کی وجہ سے نہ صرف جماعتی حلقوں میں بلکہ غیر از جماعت میں بھی گرویدہ تھے۔جماعتی پروگراموں کے لئے ہمیشہ اپنا گھر پیش کیا کرتے تھے۔

-7 مکرم محمد یاسین صاحب ابن مکرم عبد الحفیظ صاحب (چک لالہ۔ضلع سیالکوٹ)

16؍جولائی 2022ء کو 58سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم جماعت کے صدر کے طورپر خدمت کی توفیق پارہے تھے۔ اس سے قبل 9 سال سیکرٹری مال بھی رہے۔ پنجوقتہ نمازوں کے پابند، تہجد گزار، اعلیٰ اخلاق کے مالک، بہت دیانت دار، اطاعت گزار اور سلجھے ہوئے انسان تھے۔ جماعتی پروگراموں میں شمولیت کو ترجیح دیتے اور باقاعدگی سے ان میں شرکت کیا کرتے تھے۔ مالی قربانی میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔

-8 عزیزہ ایمن طاہر بنت مکرم طاہر احمد بھٹی صاحب (عنایت پور بھٹیاں ضلع چنیوٹ)

4؍ستمبر 2022ء کو 13سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ قرآن پاک حفظ کررہی تھیں۔ جماعتی سرگرمیوں میں بھر پور حصہ لیتی تھیں۔ چھوٹی عمر سے ہی جماعت سے لگاؤ تھا۔ ہر ایک سے عزت اور احترام سے پیش آتی تھیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

ادارہ الفضل آن لائن مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہے۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

گمشدہ اونٹنی