• 2 مئی, 2024

نیشنل صدر مجلس خدام الاحمدیہ گھانا کا انتخاب

نیشنل صدر مجلس خدام الاحمدیہ گھانا کا انتخاب
احمدیہ مسلم مشن نیشنل ہیڈ کوارٹر اکرا میں ایک پروقار تقریب 12نومبر 2022ء

مؤرخہ 12؍نومبر 2022ء کو احمدیہ مسلم مشن نیشنل ہیڈ کوارٹر اکرا میں سابق صدر گھانا مکرم ناصر احمد بونسو کی الوداعی اور نئے منتخب صدر مکرم محمد حنیف Bipuah بیپوا کے استقبال کی غرض سے زیر صدارت امیر و مشنری انچارج مولوی نور محمد بن صالح ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے ہوا۔ تقریب کے آغاز میں مکرم امیر صاحب گھانا نے اراکین عاملہ خدام سے خلیفۃ المسیح کے منظورشدہ حلف نامہ کا حلف لیا۔جس کا عہد ہر عاملہ ممبر کے لئے ضروری ہے۔
تلاوت قرآن کریم اور عربی قصیدہ (پیش کردہ مولوی حافظ نسیم احمد یامے Nyame اور معلم عبدالغفور سعید) کے بعدعاملہ ممبران کا تعارف کروایا گیا۔ عہدہ کا حلف ہر عاملہ ممبر کو پیش کیا گیا کہ وہ دستخط کرنے سے پہلے اسے پڑھ لے تاکہ اپنی ذمہ داریاں کا احساس رہے۔مکرم امیر صاحب نے سبکدوش ہونے والے اراکین عاملہ کے سوا جملہ نئے مجلس خدام الاحمدیہ گھانا کے تمام عاملہ اراکین سے حلف لیا۔ بعدہ آپ نے افتتاحی دعا کروائی۔ اس کے بعد نئے صدر خدام نے خدام کا عہد دہرایا۔ بعدہ سابق صدر مکرم ناصر احمد بونسو کی تقریر سابق نائب صدر حنیف سام کیلسنSam Keelson کی طرف سے پڑھ کر سنائی گئی۔
مکرم حنیف بیپوا نے بتایا کہ انہوں نے 2011ء میں اشانٹی ریجن کے بطور قائد علاقہ نیشنل عاملہ میں شمولیت اختیار کی اور 2016ء میں انہیں سابق صدر مکرم ناصر بونسو نےناردرن سیکٹر کے لیے نائب صدر مقرر کیا گیا۔ مکرم حنیف بیپوا نےبتایا کہ مجلس عاملہ کا انتخاب حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ کی منظوری سے ہوا۔ آپ نےسابق صدر کی خدمات اور ہر طرح کی جماعتی سرگرمیوں و قربانیوں کو سراہا کہ انہوں نے اپنی ذاتی کار مجلس خدام الاحمدیہ کو عطیہ کی۔ اسی طرح ان کی دیگر مالی قربانیوں کا بھی ذکر کیا۔
مکرم امیر صاحب نے اپنے خطاب کا آغاز نیشنل عاملہ کو جماعتی نیشنل ہیڈکوارٹر میں خوش آمدید کہنے سے کیا اور اس امر کا اظہار کیا کہ تمام ممبران عاملہ کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہیں گے اور چیلنجز کے باوجود مجلس خدام کی ترقی کو یقینی بنائیں گے۔ آپ نے سابق صدر مکرم ناصر بونسو کی خدمات کو سراہا کہ انہوں نے بھرپورطور تنظیمی خدمات بجا لائیں اور میری تمام توقعات پر پورے اترے۔
سابق صدر مکرم ناصر احمد بونسو مسٹر ناصر احمد بونسو ایک ایسے وقت میں صدر منتخب ہوئے جب اس وقت کی عاملہ اور سابق صدر مکرم عبدالنور وہاب (ابن مولانا عبد الوہاب بن آدم سابق امیر جماعت گھانا) کے دور کے اختتام پر ان کو ایک پراجیکٹ شروع کرنے کی دعوت دی گئی تھی۔ چنانچہ نئے اراکین عاملہ خدام نے چارج سنبھال لیا اور بغیر کسی سوال و جواب اور تردد کے من و عن اطاعت کا مظاہرہ کیا اور یہ نہ جانتے ہوئے کہ وسائل کہاں سے آنے والے ہیں اللہ تعالٰی پر یقین اور بھروسہ کے ساتھ اس منصوبے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔اور بالآخر ایوان خدمت کا منصوبہ مکمل کرکے چھوڑا۔
آپ نےاس موقع پر اراکین عاملہ کو نماز باجماعت کی پابندی کو یقینی بنانے کی توجہ دلائی۔ مجلس شوریٰ کے ارکان نے عزیزم حنیف بیپوا کو منتخب کیا ہے اور جس لیڈر کا انتخاب کیا گیا وہ اس خدمت کےقابل تھےاسی وجہ سے اللہ نے ممبران کے دلوں سےاس قائدکا انتخاب کروایا جو اب ہمارے درمیان موجود ہیں۔ بعدہ آپ نے مجلس خدام الاحمدیہ گھاناسے ایک نئی گاڑی خریدنے کی اپیل کی کیونکہ اس سے قبل دوسری ذیلی تنظیمیں انصار اللہ اور لجنہ اماء اللہ تنظیمی امور کےلئے نئی گاڑیاں خرید چکی ہیں۔ نیز مجلس خدام الاحمدیہ سے یہ بھی درخواست کی وہ مقبرہ موصیان کاسوا Kasoa سینٹرل ریجن کی حالت کو مزیدبہتر بنانے کی ذمہ داری اٹھائیں۔ اس سلسلہ میں آپ نے سلسلہ احمدیہ کے اعلیٰ معیار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بہشتی مقبرہ ربوہ و قادیان کا حوالہ دیا کہ مجلس خدام الاحمدیہ مقبرہ موصیان گھاناکے لئے وہ معیار برقرار رکھنے کی کوشش کرے۔
سابق صدر خدام الاحمدیہ گھانا جناب ناصر احمد بونسو
رخصت ہونے والے صدر مکرم ناصر احمد بونسو نے آمد پر اپنی لکھی ہوئی تقریر کے بعد گزشتہ چھ سالوں کی خدام الاحمدیہ گھانا کی چند جھلکیاں خود پیش کیں جس میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ انہوں نے ہنگامی حالات کے باوجود اس تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے صدر خدام الاحمدیہ کے اعلیٰ عہدے پر خدمات انجام دینے کا موقع ملنے پر مجلس خدام الاحمدیہ کا شکریہ ادا کیا۔ آپ نے نومبر 2016ء میں اس وقت کے صدر مکرم عبدالنور وہاب سے چارج لیا تھا اور یہ سفر اتنا خوشگوار نہیں تھا جتنا لگتا ہے تاہم اللہ تعالیٰ کا فضل شامل حال رہا۔
بعدہ مکرم ناصر بونسو صاحب نے اپنے 6 سالہ دور میں خدام الاحمدیہ کی سرگرمیوں ترقیات نیز نئی تعمیرات، مساجد کی تعمیرات اور اپنے ملک گیر دورہ کے بارہ میں خدام کو آگاہ کیا۔ اسی طرح مجلس خدام الاحمدیہ گھانا کی مختصر تاریخ کی تکمیل،غیر ملکی اجتماع میں شرکت جن میں نائیجیریا، بورکینا فاسو، آئیوری کوسٹ، مالی، یوگنڈا اور تنزانیہ کے اجتماعات شامل ہیں،کا ذکر کیا۔ آپ کو دو مرتبہ جلسہ سالانہ یوکے میں شمولیت کی بھی سعادت ملی۔ اور MTA کے پروگراموں میں لندن سے شامل ہوئے۔
اپنے دورہ صدارت میں مجلس خدام الاحمدیہ کی مجلس شوریٰ کے اجلاسات میں باقاعدگی پیدا کی۔ خدام و اطفال کو حضور انور اید اللہ تعالٰی کی خدمت میں باقاعدہ خط لکھنے کی ترغیب دلانےکی ایک مہم چلائی جس کا بہت فائدہ ہوا۔ جنوری 2022ء تک 343 اطفال الاحمدیہ نے حضورانورایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں خطوط لکھے۔ اسی طرح MKA-MTA گھانا کے پروگرام کے تحت مجلس کی طرف سے 4 پروگرام متعارف اور تیار کروائے گئے، جن میں شادی بیاہ ٹاک شو، مسیح موعود، ایک کوئیز پروگرام اور ہماری تعلیمات شامل ہیں۔

‘‘Marriage Discourse’’, ‘‘Mmereyimu Messiah’’, ‘‘A Quiz Programme’’ ‘‘Our teachings’’

سابق و نو منتخب مجلس عاملہ خدام الاحمدیہ گھانا،مکرم امیر و مشنری انچارج گھانا

گزشتہ چھ سال میں مجلس خدام گھانا نے ملک کے شمالی حصوں میں نئے تبدیل شدہ ریجنز میں GHS 234,000.00 کی لاگت سے 13 پروٹوٹائپ مساجد کی تعمیر کے لیے مالی اعانت فراہم کی، جو اس وقت کے 39,000 برطانوی پاؤنڈ سٹرلنگ کے مساوی ہے۔ اسی طرح مجلس نے ایک نئی ٹویوٹا ہائی ایس منی بس کا عطیہ کیا۔

اسی طرح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی منظوری سے ’’ایوان خدمت‘‘ کے نام سے احمدیہ مسلم مشن ہیڈ کواٹر اکرا میں ایک خدام الاحمدیہ گیسٹ ہاؤس و سیکرٹریٹ بھی تعمیر کیا گیا جس پر لاکھوں گھانین Cedis سیڈیز کی لاگت آئی۔ مجلس خدام الاحمدیہ گھانا نے اس کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر مالی قربانی پیش کی۔ اس ایوان خدمت کا افتتاح 8؍اپریل 2018ء میں مکرم امیر صاحب گھانا نے کیا تھا۔

اس وقت خدام الاحمدیہ گھانا 15,000,000 گھانا سیڈیز (اس وقت کے $350,000) کی کثیر مالی قربانی کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ اس عمارت کی تعمیر کا آغاز 25؍اگست 2015 کو وقار عمل کے ذریعہ ہوا جس میں امیر صاحب گھانا اور خدام کے ایک گروپ نے حصہ لیا۔ سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ نے دعا کردہ ایک اینٹ تبرکاً گھانا بجھوائی جسے ایوان خدمت کی عمارت کے سنگ بنیاد میں مکرم مرزا محمود احمد صاحب، مرکزی آڈیٹر لندن نے 23؍اکتوبر 2015ء میں رکھا چنانچہ مجلس خدام الاحمدیہ نے قلیل مدت میں ایک خوبصورت تین منزلہ عمارت کھڑی کر دی۔

مکرم ناصر بونسو صاحب نے بتایا کہ گزشتہ چھ سالوں (2016ء تا 2022ء) میں گھانا کے 35 ریجن تھے جن میں صدرخدام اور ان کے عاملہ اراکین نے تمام ریجنوں کا دورہ کیا نیز بعض علاقوں میں ضلعی سرکٹ اور مجلس کی سطح پر بھی دورے کئے گئے اور خدام کے اجتماعات، اجلاسات، علمی و ورزشی مقابلہ جات نیز دیگر خدمت خلق، تبلیغی مارچ، تعلیمی اداروں میں کتب سلسلہ کے اسٹالز اور تبلیغی پروگراموں میں شرکت کی گئی۔ علاوہ ازیں انفرادی سطح پر بھی خدام سے رابطے کئے گئے۔ ان دورں کے دوران خدام کے تقریباً ہر سرکٹ (زون) کا دورہ کیا گیا اور ہزاروں کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا گیا۔ آخر میں مکرم امیر صاحب نے اپنے اختتامی کلمات میں مجلس خدام الاحمدیہ گھانا کی خدمات کو پھر سراہا اور نئے نیشنل صدر خدام الاحمدیہ کی کامیابی کے لئے دعا کی درخواست کہ اللہ تعالیٰ انہیں خدام کی قیادت کرنے کی بھرپور انداز میں توفیق عطا فرمائے۔ دعاکے بعد یہ پروقار تقریب سہ پہر1:35 پر اختتام پذیرہوئی۔جو مکرم امیر صاحب گھانا نے کروائی۔بعدہ طعام و ریفریشمنٹ سے تواضع کی گئی۔

(رپورٹ: احمد طاہر مرزا۔ احمدیہ مسلم نیشنل ہیڈ کوارٹر اکرا گھانا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

گمشدہ اونٹنی