• 3 مئی, 2024

نیشنل اجتماع خدام الاحمدیہ برکینا فاسو

حضرت مصلح موعود ؓ نے جماعت احمدیہ کے نوجوان طبقہ کی تعلیم وتربیت کےلیے خدام الاحمدیہ کی تنظیم کا آغاز 1938 میں کیا۔ چنانچہ دنیا بھر کی جماعتوں میں خدام الاحمدیہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور ملک و قوم کی خدمت کرنے میں سرگرم ہے۔ ان کی تعلیم و تربیت کے لیے ہر سال ہزاروں کی تعداد میں پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔

جماعت احمدیہ برکینا فاسو میں بھی خدام الاحمدیہ کی تنظیم بڑی مضبوطی سے قائم ہوچکی ہے اور دن بدن اس کے نظام میں مضبوطی چلی آتی جارہی ہے۔الحمد للہ۔ اس سال خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کو نوجوانوں کی تعلیم وتربیت کے لیے سینکڑوں کی تعداد میں پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔جس پر طائرانہ نظر اس رپورٹ میں ڈالی جائے گی نیز نیشنل اجتماع خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کی بھی رپورٹ پیش کی جائے گی۔

خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کی سالانہ سرگرمیاں

اس سال خدام الاحمدیہ کو نیشنل سطح پر 6،ریجنل سطح پر 95 اور مختلف مجالس کی سطح پر 472 مینٹگز منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ کونے داؤدا صاحب صدر خدام الاحمدیہ برکینا فاسو نے ملک بھر کی 75 مجالس کا دورہ کیا۔ مختلف گاؤں میں رات گزاری اور خدام سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ نیشنل عاملہ خدام الاحمدیہ کو بھی سال کے مختلف دنوں میں تمام ملک کی مختلف مجالس میں دورہ کرنے کی توفیق ملی۔ ان دوروں سے مجالس کے خدام کے ساتھ ایک مضبوط تعلق پیدا کرنے کا موقع ملا اورخدام کو نظام جماعت کو سمجھنے کی توفیق ملی۔نیز خدام الاحمدیہ کے چندہ کو بڑھانے کے لیے مہتمم صاحب مال نے بھی مختلف ریجنز کے دورہ جات صاحب کئے جس سے خاطر خواہ تبدیلی واقع ہوئی۔

تین لوکل زبانوں میں مدرسہ کا قیام

اس سال خدام الاحمدیہ کی طرف سے چھٹیوں میں ملک کے تین ریجنز (ڈوری،ددگو اور کدگو ریجنز) میں ملک کی تین بڑی زبانوں (مورے، جولا، فلفلدے) میں ایک ماہ کے لیے مدرسہ منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں مختلف مضامین پڑھائے گئے۔ ان مضامین میں، یسرنا القرآن، قرآن کریم، حدیث، علم کلام، تاریخ اسلام و تاریخ جماعت احمدیہ وغیرہ شامل ہیں۔

تربیت

ملک بھر کی مختلف مجالس میں باقاعدگی سے تربیتی کلاسیں جاری ہیں چنانچہ اس سال 590 کلاسیں باقاعدگی سے جاری رہیں۔اس کے علاوہ 241 مرتبہ نماز تہجد کا انعقاد کیا گیا۔ نیز سینکڑوں کی تعداد میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں خطوط لکھے گئے۔

فضل عمر تربیتی کلاس

اس کے علاوہ برکینا فاسو میں اس سال 2 تا 11 ستمبر 2021 کو بستان مہدی میں فضل عمر تربیتی کلاس منعقد کرنے کی بھی توفیق ملی۔ اس کلاس میں13 ریجنز سے 23 خدام شامل ہوئے۔ اس کلاس میں یسرنا القرآن، حدیث، کتب سلسلہ، فقہ، موأزنہ مذاہب، تاریخ اسلام و تاریخ احمدیت اور نظام جماعت کے مضامین پڑھائے گئے۔ نیز ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد بھی کیا گیا۔

اس کے ساتھ ہی ملک کے مختلف حصوں میں بھی خدام کے لیے تربیتی کلاسز کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں 86 مجالس کے 1157افراد شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ اطفال الاحمدیہ کے لیے بھی تربیتی کلاسز کا انعقاد کیا گیا۔ چنانچہ 83 مجالس میں 1477 اطفال نے شمولیت اختیار کی۔

آمین قرآن کریم

شعبہ تعلیم کے تحت 1005 قرآن کریم اور یسرنا القرآن کی کلاسز منعقد کی گئیں۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے7ریجنز سے 231 خدام و اطفال نے قرآن کریم ختم کیا جن کی تقریبِ آمین منعقد کی گئی۔ ان میں مندرجہ ذیل ریجن شامل ہیں۔ کدگو، کایا، وایوگیا، بانفورہ، تنکو ڈوگو، ڈوری، ددگو، اورلیو۔

خدام و اطفال کی تعلیمی معیار بڑھانے کے لیے 800 سے زائد کلاسز منعقد کی گئیں۔

امور طلبأ

امور طلباء کے تحت طلباء کو پڑھانے کا انتظام بھی کیا گیا۔چنانچہ 89 ایسے پروگرام منعقد کیے گئے۔

تبلیغ

شعبہ تبلیغ کے تحت 218 مذاکروں کا انعقاد کیا گیا۔جماعت احمدیہ کے ریڈیو اور ریجنز کے مختلف ریڈیوپر خدام نے 93 پروگرام کیے۔ برکینا فاسو میں ملک کے مختلف حصوں میں میلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ خدام الاحمدیہ کی طرف سے 106 بک سٹال لگائے گئے۔نیز ملک کے مختلف حصوں میں پمفلٹ تقسیم کرنے کا سلسلہ بھی جاری رہا چنانچہ خدام الاحمدیہ کی طرف سے 44 پروگرام منعقد کیے گئے جس کے تحت ہزاروں کی تعداد میں پمفلٹ تقسیم کیے گئے۔

امسال خدام الاحمدیہ کی طرف سے 26حکومتی احکام سے ملاقات کے پروگرام بھی بنائے گئے جس کے تحت 108 حکام سے ملاقاتیں کی گئیں۔ ان میں گورنر ریجن، میئر، ہائی کمشنراور دیگر اتھارٹیز شامل ہیں۔ ان حکومتی حکام کو جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچایا گیا نیز خدام احمدیہ کی تنظیم کا تعارف بھی کروایا گیا۔

وقار عمل

جماعت احمدیہ میں وقار عمل کو بہت اہمیت حاصل ہے۔جس کے تحت جہاں خدام و اطفال کو ہاتھ سے کام کرنے کی عادت ڈالی جاتی ہے نیز جماعت کا قیمتی سرمایہ اپنی مدد آپ کے تحت کام کر کے بچایا جاتا ہے۔برکینا فاسو میں ہر سال مساجد تعمیر کی جاتی ہیں جس میں تعمیر کا ایک بہت بڑا حصہ وقار عمل سے کیا جاتا ہے۔ نیز مشن ہاوسز، ملکی شاہراہوں کی صفائی، اجتماعات و جلسہ سالانہ کی تیاری، مساجد کی صفائی و دیگر کام وقار عمل کے ذریعہ ہی سرانجام دیے جاتے ہیں۔ اس سال 506 وقار عمل کے پروگرام کے منعقد کیے گئے جن میں ہزاروں خدام و اطفا ل نے شمولیت اختیار کی۔

خدمت خلق

خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کو ہر سال خدمت خلق کے تحت بغیر رنگ و نسل قوم وملت انسانیت کی خدمت کی توفیق ملتی ہے۔ چنانچہ اس سلسلہ 400 ایسے پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔نیز 7 ریجنز میں خون کے عطیات کا بھی پروگرام بنایا گیا۔ جن میں بانفورہ،بوبو، گاوا، کایا، واگا، ٹینکو ڈوگو اور پو کی مجالس شامل ہیں۔ برکینا فاسو کے شمالی علاقہ میں دہشت گردوں کے حملوں کی وجہ سے ہزاروں افراد کو بے گھر ہونا پڑا ہے۔ ان کی مدد کے لیے خدام الاحمدیہ کی طرف سے کیمپ لگائے گئے جس کے تحت کپڑے اور خوراک کے تھیلے تقسیم کیے گئے۔

اس کے علاوہ Water for Life کے تحت واٹر پمپ ٹھیک کرنے کے پروگرامز میں خدام نے بڑھ چڑ ھ کر حصہ لیا۔

صحت و جسمانی

صحت و جسمانی کے تحت ورزشی مقابلہ جات کے 197 پروگرام منعقد کیے گئے۔

نیشنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو

اس سال تین دنوں کے لیے 24تا 26 دسمبر بروز جمعہ ہفتہ اور اتوار کو برکینا فاسو کے دارالحکومت واگا ڈوگو میں جماعت احمدیہ کی زمین بستان مہدی میں خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کو اپنا انیسواں اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس سال اجتماع کا عنوان ’’سماجی ہم آہنگی اور خدام الاحمدیہ کی ذمہ داریاں‘‘ تھا۔

وقار عمل

اجتماع کی تیاری کے لیے تین ہفتے پہلے سے ہی وقار عمل شروع کر دیئے گئےتھے۔چنانچہ ہر اتوار کو مجلس واگا ڈوگو کے خدام وقار عمل کے لیے تشریف لاتے رہے۔اس کے علاوہ باقاعدگی سے تین ہفتوں تک جامعۃ المبشرین برکینا فاسو کے طلباء نے وقار عمل کرکے اجتماع کی تمام تیاریاں مکمل کیں۔ ابتدأ میں روزانہ شام تین بجے سے مغرب کی نماز تک وقار عمل کا انعقاد کیا جاتا رہا۔بعد ازاں آخری ہفتہ میں سارا دن اس کا اہتمام کیا جاتا رہا۔

میٹنگز

اجتماع کو کامیاب بنانے کے لیے صدر صاحب خدام الاحمدیہ کی زیر صدارت اجتماع خدام الاحمدیہ کے لیے مقرر کی گئی کمیٹی کی تین میٹنگز کی گئیں اور تیاری کے تمام مراحل پر تبادلہ خیال کیا جاتا رہا۔ صدر صاحب خدام الاحمدیہ کی راہنمائی ہر موقع پر کمیٹی ممبران کے ساتھ رہی۔

وفود کی آمد

23دسمبر بروز جمعرات کو ہی مختلف ریجنز سے وفود کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔چنانچہ یہ سلسلہ رات دیر تک جارہی رہا۔ وفود کی آمد پر شعبہ استقبالیہ کی طرف سے پرجوش استقبال کیا جاتا اور ان کی آرام گاہ تک پہنچایا جاتا نیز کھانا بھی پیش کیا جاتا۔

معائنہ

23 دسمبر بروز جمعرات شام 5 بجے مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینا فاسو نے اجتماع گاہ،رہائش اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا اور قیمتی نصا ئح فرمائیں۔ 7 بجے نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں اور رات کا کھانا پیش کیا گیا۔

25دسمبر 2021

جمعہ کے دن کا آغاز صبح 4 بجے نماز تہجد سے کیا گیا اور فجر کی نماز کے بعدحافظ نمی آداما صاحب نے نماز کی اہمیت کے موضوع پر درس دیا۔ صبح 7 بجے ناشتہ پیش کیا گیا۔ نیز اجتماع کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔اس دوران مزید وفود پہنچتے رہے۔ دوپہر 12بجے کھانا پیش کیا گیا۔ اور 1 بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ خدام کو فرینچ ترجمہ کے ساتھ سنایا گیا۔ دوپہر 2 بجےحسن جنگانی صاحب نے خطبہ دیا اور نماز جمعہ و عصر ادا کیں گئیں۔

افتتاحی سیشن

دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر مکرم امیر صاحب برکینا فاسو اور صدرصاحب خدام الاحمدیہ برکینا فاسو نے برکینا فاسو اور خدام الاحمدیہ کا پرچم لہرایا اور دعا کروائی۔بعد ازاں تلاوت قرآن کریم سے افتتاحی تقریب کا آغاز ہوا۔ صدر صاحب خدام الاحمدیہ نےخدام سے عہد لیااور نظم پڑھی گئی۔ اس کے بعد صدر صاحب خدام الاحمدیہ نے حاضرین اجتماع کو خوش آمدید کہا بعدازاں مکرم امیر صاحب برکینا فاسو نے خدام کو نصائح کیں۔

ورزشی مقابلہ جات

افتتاحی تقریب کے بعد ورزشی مقابلہ جات کا آغاز کیا گیا۔ ورزشی مقابلہ جات خدام اور اطفال کے الگ الگ کروائے گئے۔چنانچہ خدام کے ورزشی مقابلہ جات میں (1)فٹ بال، (2)دوڑ100میٹر، (3)ریلے ریس، (4) لانگ جمپ، (5)ٹرپل جمپ اور (6) رسہ کشی کے مقابلہ جات شامل تھے۔

اسی طرح اطفال الاحمدیہ کے ورزشی مقابلہ جات میں (1)فٹ بال، (2) رسہ کشی، (3)دوڑ 80 میٹر، (4)ریلے ریس، (5) ثابت قدمی، (6) بوری ریس، (7)منہ میں چمچ پر لیموں رکھ کر چلنا اور(8) تین ٹانگ دوڑ کے مقابلہ جات شامل تھے۔

شام 6:40 پر نماز مغرب و عشاء کی گئیں اور راجا اظہار احمد صاحب نے ’’موجودہ جدید زندگی‘‘ کے موضوع پر درس دیا۔

25 دسمبر 2021

ہفتہ کے دن کا آغاز بھی جماعتی روایات کے مطابق تہجد سے ہوا اور فجر کی نماز کے بعد ڈاکٹر سعود احمد ناصرصاحب نے ’’خون کے عطیہ‘‘ کے موضوع پر درس دیا اور ورزشی مقابلہ جات کا آغاز کیا گیا۔

عطیہ خون

جماعت احمدیہ کی تعلیمات میں سے ایک بڑی چیز خدمت انسانیت ہے جس کے تحت سینکڑوں پروگرام دنیا بھر میں چل رہے ہیں۔ اسی طرح خون کے عطیات دینے کی روایت بھی جماعت کے خدام کی گھٹی میں بھری ہوئی ہے۔چنانچہ ہر سال اجتماع کے موقع پر سینکڑوں کی تعداد میں خدام خون کے عطیات دیتے ہیں۔ اسی سلسلہ میں اجتماع کے دوسرے دن خون کے عطیات کا پروگرام بنایا گیا تھا۔ چنانچہ بلڈ بنک کی حکومتی ٹیمیں باقاعدہ اپنے سازو سامان کے ساتھ بستان مہدی وقت پر پہنچ گئیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس سال 255 خدام نے خون کے عطیات کے لیے اپنے آپ کو پیش کیا۔ لیکن بعض میڈیکل وجوہات کی بنا پر 237 خدام سے خون کے عطیات لیے گئے۔ اللہ تعالیٰ انھیں جزائے خیر دے۔ آمین

دوسرے دن ظہر و عصر کی نماز کے بعد جیالو عبد الرحمٰن سابقہ صدر خدام الاحمدیہ برکینا فاسو نے ’’سماجی ہم آہنگی اور خدام الاحمدیہ کی ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر درس دیا۔شام چار بجے کے بعد ورزشی مقابلہ جات کا پھر سے آغاز کیا گیا اور اطفال الاحمدیہ کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد حسن جنگانی صاحب نے ’’مالی قربانی‘‘ کے موضوع پر درس دیا اور بعد ازاں علمی مقابلہ جات کا آغاز کیا گیا۔

علمی مقابلہ جات

اجتماع کے پہلے اور دوسرے دن رات کے کھانے کے بعد خدام و اطفال کے علمی مقابلہ جات کا الگ الگ انعقاد کیا گیا۔ چنانچہ خدام کے دس علمی مقابلہ جات کروائے گئے جن کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے۔ (1)تلاوت قرآن کریم (2)حفظ قرآن (3)اذان (4)نماز کا طریق (5)قصیدہ (6)مطالعہ کتب (7)پیغام رسانی (8) تقریر بزبان فرینچ (9)فی بدیہہ تقریر (10) جنرل نالج

اسی طرح اطفال کے چھ علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ (1) تلاوت قرآن کریم (2) حفظ قرآن (3) اذان (4) مشاہدہ معائنہ (5) دینی معلومات (6) پیغام رسانی

شوریٰ

دوسرے دن کی رات کو مکرم امیر صاحب کی سربراہی میں خدام الاحمدیہ کی شوریٰ کا انعقاد کیا گیا۔ چنانچہ خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کے چھٹے صدر کے لیے امیر صاحب برکینا فاسو کی سربراہی میں انتخاب کروایا گیا۔اس شوریٰ میں 16 ریجنز سے 63 نمائندگان شامل ہوئے نیز نیشنل عاملہ اور ریجنل قائدین اس کے علاوہ تھے۔

26دسمبر 2021

اجتماع کے تیسرے دن کا بھی آغاز تہجد کی نماز سے کیا گیا اور نماز فجر کے بعد عطأ الحبیب صاحب نے ’’اطاعت خلافت‘‘ کے موضوع پر درس دیا۔ بعدازاں ورزشی مقابلہ جات کے فائنل مقابلہ جات کروائے گئے۔ اجتماع کی اختتامی تقریب کا انعقاد صبح گیارہ بجے کیا گیا۔

اختتامی تقریب

اختتامی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا بعد ازاں صدر صاحب خدام الاحمدیہ نے خدام سے عہد لیا۔ نیز منظوم کلام پیش کیا گیا۔اس کے بعد یوڈا احمدو صاحب معتمد خدام الاحمدیہ برکینا فاسو نے خدام الاحمدیہ کی سالانہ مساعی کی رپورٹ پیش کی اور مکرم امیر صاحب نے پوزیشن لینے والے خدام میں انعامات تقسیم کیے۔ اس اجتماع پر ٹوگو سے تین افراد پر مشتمل وفد بھی شامل ہوا تھا۔ چنانچہ ان کے نمائندہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ بعد ازاں نیشنل صدر صاحب خدام الاحمدیہ برکینا فاسو نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور شاملین کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں پہلے نمبر پر آنے والے ریجن واگا ڈوگو کو عَلم انعامی دیا گیا۔ جبکہ پچھلے سال بھی واگا ڈوگو ریجن ہی پہلے نمبر پر آیا تھا۔ علم انعامی لینے کے لیے ناصر اقبال صاحب ریجنل مشنری واگاڈوگو، تپ سوبا یوسف صاحب Tapsoba Yosuf ریجنل قائد واگا ڈوگو اور ریجنل عاملہ تشریف لائی اورمکرم امیر صاحب برکینا فاسو نے شاملین اجتماع کو نصائح کیں اور دعا کروائی۔ بعد ازاں نماز ظہر اور عصر پڑھی گئی اور کھانا پیش کیا گیا۔ اجتماع کے اختتام پر تمام وفود واپسی کے لیے روانہ ہوگئے۔ بازار:۔ اجتماع کے موقع پر ایک بازار بھی لگایا گیا جس میں مختلف کھانے پینے کی اور کپڑوں وغیرہ کی دوکانیں لگائی گئیں۔ چنانچہ ٹوٹل 28 کی تعداد میں دکانوں کا انتظام کیا گیا تھا۔

نمائش

اس موقع پر ایک خوبصورت نمائش کا بھی انتظام کیا گیا۔ جس میں خلفأ کرام کی تصاویر آویزاں کی گئیں نیز برکینا فاسو میں صدر خدام الاحمدیہ کی خدمات سر انجام دینے والے صدران کی فوٹو بھی چسپاں کی گئی تھیں۔اس کے علاوہ مختلف بینرز لگائے گئے جو کہ خدام الاحمدیہ کا تعارف،نظام جماعت اور خلفأ کرام کے اقتباسات پرمشتمل تھے۔ اس موقع پر ایک بک سٹال بھی لگایا گیا جس میں کتب سلسلہ اور پہلی دفعہ پاکٹ سائز میں فرینچ زبان میں نماز با ترجمہ پیش کی گئی۔

میڈیا کوریج

اس سال اجتماع کی کوریج کے لیے پرنٹ میڈیا اور مختلف چینلز کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔چنانچہ ملک کے نیشنل ٹی وی چینل R.T.B پر تفصیلی خبر نشرکی گئی اور جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ اجتماع شاملین کو علم و عرفان میں بڑھانے والا ہو۔ آمین

(رپورٹ: مبارک احمد منیر۔ نمائندہ الفضل برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 فروری 2022

اگلا پڑھیں

تم میں سے بہترین شخص