• 4 مئی, 2024

رپورٹ بابت ریفریشر کورس معلمین سینیگال

2020ء کی پہلی سہ ماہی کے بعد کورونا وائرس کی وجہ سے دیگر ممالک کی طرح جماعت احمدیہ سینیگال کی تمام سرگرمیاں ایک حد تک تعطل کا شکار رہیں۔ اور جماعتی روایات کے مطابق ادا نہ ہو سکیں ۔ مگر ماہ ستمبر میں جب کورونا وائرس کا زور کم ہوا تو ملکی قانون کے تحت محدود پیمانے پر دوبارہ جماعتی پروگرام شروع ہوئے۔

امسال حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے لوکل معلمین کے علمی معیار کو بڑھانے کے متعلق خاص ہدایات موصول ہوئیں۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشاد کی تعمیل میں، محترم ناصر احمد سدھو صاحب امیر جماعت سینیگال سے منظوری کے بعد ریجن وائز ریفریشر کورس برائے معلمین کے انعقاد کا پروگرام بنایا گیا۔

ریفریشر کورس معلمین کولڈا ریجن

اس سلسلہ میں سب سے پہلے کولڈا Kolda ریجن میں سہ روزہ ریفریشر کورس معلمین کا انعقاد کیا گیا۔ مکرم شیخ نبیل احمد صاحب ریجنل مبلغ کولڈا نے امیر صاحب اور لوکل حکومتی انتظامیہ کو مطلع کرنے کے بعد دعا، صدقہ اور دعائیہ فیکس بخدمت حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزسے کورس کا آغاز کیا۔

مؤرخہ 30 اگست تا یکم ستمبر 2020 تک منعقدہ کورس میں 10 معلمین کے علاوہ دیگر احباب بھی وقتا فوقتا ازدیاد علم کی خاطر شامل ہوتے رہے۔

دوران کلاس معلمین کو بنیادی اسلامی مسائل ،وضو اور نماز کا طریق ،یسرنا القرآن و قرآن کریم ناظرہ،فقہ احمدیہ، جماعتی نظام، خطبات امام اور اختلافی مسائل سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

مکرم شیخ نبیل احمد صاحب مبلغ سلسلہ اور مکرم احمد گئی صاحب لوکل مشنری نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں انتھک کوشش کی ۔ اللہ تعالیٰ ان کی مساعی میں برکت ڈالے آمین

ریفریشر کورس معلمین تانبا کنڈا ریجن

اسی طرح تانبا کنڈا Tambacoundaریجن میں بھی پندرہ روزہ ریفریشر کورس معلمین کا انعقاد کیا گیاخاکسار نے امیر صاحب اور لوکل حکومتی انتظامیہ سے اجازت حاصل کرنے کے بعد کورس کا آغاز کیا۔

مورخہ 4 تا 11 ستمبر و 18 تا 25 ستمبر 2020 تک منعقد ہونے والی اس کلاس میں 10 معلمین شامل ہوئے ۔ان کے علاوہ دیگر احباب بھی بشمول سو پرےفے مسٹر کمارا حصول علم کے لئے شامل ہوتے رہے۔

دوران کلاس معلمین کو بنیادی اسلامی مسائل ،وضو اور نماز کا طریق، یسرنا القرآن و قرآن کریم ناظرہ،فقہ احمدیہ، جماعت کا انتظامی ڈھانچہ،خطبات امام اور اختلافی مسائل سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

خاکسار کے علاوہ جامعۃ المبشرین غانا سے فارغ التحصیل 3 لوکل معلمین مکرم بدرا سار، مکرم حمیدو ڈکو اور مکرم احمدو جیالو صاحب نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے انتظامی و تعلیمی کاموں میں معاونت کی۔

پروگرام کی تفصیلی رپورٹ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں بغرض دعا ارسال کی گئی۔دیگر ریجنز میں بھی متعلقہ انتظامیہ کی اجازت کے بعدکورسز منعقد کئے جارہے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی کوششوں کو ثمر آور بنائے ۔ آمین

(رپورٹ: حافظ مصور احمد مزمل نمائندہ روزنامہ الفضل لندن، سینیگال)

پچھلا پڑھیں

جگ میں آ کر ادھر ادھر دیکھا

اگلا پڑھیں

اسکاٹ لینڈ ریجن میں آن لائن سیرت النبی جلسہ