• 26 اپریل, 2024

نمازِ جنازہ حاضرو غائب

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری لندن اطلاع دیتے ہیں: سیدنا حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايده الله تعالىٰ بنصره العزيز نے مورخہ 19مارچ 2020ء کو نماز ظہر سے قبل مسجد مبارک اسلام آباد ٹلفورڈ میں درج ذیل افراد کی نماز جنازہ حاضر و غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

  • مکرم شیخ لطیف احمد نارتھ ہیمپٹن یو کےمورخہ 14مارچ 2020ء کو 84 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَيْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے والد حضرت شیخ محمد حسین ڈھینگره حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔ آپ نے مصری شاہ لاہور میں لمبا عرصہ جنرل سیکرٹری، سیکرٹری مال اور زعیم انصاراللہ کے علاوہ دیگر عہدوں پر بھی خدمت کی توفیق پائی۔ اہلیہ کی وفات کے بعد یو کے شفٹ ہو گئے اور کچھ عرصہ دفتر پرائیویٹ سیکرٹری کے شعبہ ڈسپیچ میں رضاکارانہ طور پر خدمت بجالاتے رہے۔ صوم وصلوة کے پابند، خوش اخلاق ایک نیک اور دیندار انسان تھے۔ خلافت کے ساتھ گہرا عقیدت کا تعلق تھا۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں دو بیٹیاں اور تین بیٹے شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم ڈاکٹر نوید احمد نے لمبا عرصہ صدر جماعت نارتھ ہیمپٹن کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ آپ کی دو بیٹیاں مکرمہ منصورہ عزیز اور مکرمہ محمودہ وحید کئی سال سے دفتر پرائیویٹ سیکرٹری کی لجنہ اردو ڈاک ٹیم میں خد مت بجالا رہی ہیں۔

نماز جنازہ غائب

  • مکرمہ خورشید بی بی اہلیہ مکرم غلام رسول ربوه مورخہ 15دسمبر 2015ء کو بقضائے الہٰی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَيْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ پنجوقتہ نمازوں کی پابند تھیں۔ نماز تہجد باقاعدہ ادا کرتیں اور روزانہ کم از کم دو دفعہ قرآن مجید کی تلاوت کیا کرتی تھیں۔ بچوں کو بھی نماز باجماعت کی تاکید کرتی رہتی تھیں۔ محلہ کے بچوں کو قرآن مجید پڑھانے کی توفیق پائی۔ ربوہ میں کہیں بھی کسی جاننے والے کی وفات ہوتی تو افسوس کے لئے ضرور جاتیں۔ اپنے تمام چنده جات ہر سال رمضان المبارک میں ادا کر دیا کرتی تھیں۔ مرحومہ الله کے فضل سے موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں چار بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم مدثر احمد مشرف کی ساس تھیں۔
  • مکرمہ VAS فاطمۃ الزہراء اہلیہ مکرم APY عبد القادر میلاپالیم تامل ناڈو انڈیا مورخہ27جنوری 2020ء کو 67 سال کی عمرمیں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَيْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مر حومہ جماعتی کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہتی تھیں اور جماعت کے کاموں کے سلسلہ میں خاوند کے پاس آنے والے مہمانوں کا بھی بھر پور خیال رکھتی تھیں۔ مرحومہ صوم و صلوة کے پابند تہجد گزار اور دعا گو خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ عقیدت کا گہرا تعلق تھا۔ مرحومہ موصی تھیں۔ پسماندگان میں خاوند کے علاوہ چار بیٹے شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم اے پی اے طارق مربی سلسلہ نظارت نشر و اشاعت قادیان میں خدمت بجالارہے ہیں۔
  • مکرم ملک محمد اسلم قائد آباد ضلع کوئٹہ مورخہ5 جنوری 2020ء کو 79 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَيْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے خاندان میں احمدیت حضرت مصلح موعودؓ کے دور خلافت میں آپ کے دادا مکرم ملک رکن الدین کے ذریعہ سے آئی۔ مرحوم اسسٹنٹ کمشنر کے عہدے پر 17سال فائز رہے۔ جو بھی جماعتی خد مت سپرد کی جاتی تندہی سے بجالاتے۔ مسجد اور جماعتی املاک پر مخالفین کے حملوں کے بہت سے منصوبوں کو بروقت کارروائی کر کے ناکام بناتے رہے۔ آپ نے کوئٹہ میں سیکرٹری مال اور امیر ضلع کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔
  • مکرم ناصر احمد دارالر حمت شرقی حلقہ بشیر ربوہ مورخہ 12دسمبر 2019ء کو 74سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَيْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے کوٹ عبد المالک میں جنرل سیکرٹری، صدر جماعت اور امیر حلقہ کے طور پر خدمت کی تو فیق پائی۔ ہردلعزیز شخصیت کے مالک تھے۔ اپنی جماعت میں ہر فرد سے ذاتی تعلق تھا اور ہر کسی کی تکلیف کا مداوا کرنے کی کو شش کیا کرتے تھے۔ کئی مستحقین کے ذاتی طور پر وظائف لگائے ہوئے تھے۔ مرحوم دینی غیرت رکھنے والے ایک نڈر اور بہادر انسان تھے۔ ہرمشکل وقت میں سینہ سپر رہتے۔ خلافت سے انتہائی محبت کرنے والے تھے۔ مسجد کوٹ عبد المالک کے لئے خطیر رقم پیش کرنے کی توفیق پائی۔ مسجد سے ملحقہ اپنا مکان لمبا عرصہ جماعتی گیسٹ ہاؤس کے طور پر پیش کیا اور پھر آخری ایام میں یہ مکان اپنی طرف سے جماعت کو تحفہ میں پیش کر دیا۔ مرحوم اللہ کے فضل سے موصی تھے۔
  • مکرم لطف المنان خان495 بلاک اے ون جو ہر ٹاون لاہور مورخہ 6جنوری 2020ء کو 74 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَيْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم پنجاب گروپ آف کالجز میں چیف لائبریرین کے عہدے پر فائز تھے۔ آپ کو رضاکارانہ طور پر2007ء میں دارالذکر گڑھی شاہو کی لائبریری کو سیٹ کرنے کی سعادت ملی۔ جماعتی اجلاسات میں باقاعدگی سے شرکت کرتے تھے۔ چندوں میں با قاعدہ تھے اور سال کے شروع میں ہی اپنے تمام چندے ادا کر دیا کرتے تھے ۔ جماعتی مقالہ جات لکھتے اور2 مرتبہ اول پوزیشن بھی حاصل کی۔2010ء سے رضاکارانہ طور جماعت سے متعلق خبروں اور واقعات پر مبنی پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیانیوز پیپر کلپنگ کا کام شروع کیا جو آخر دم تک جاری رہا۔ آپ ایک فرمانبردار بیٹے اچھے بھائی، خیال رکھنے والے ذمہ دار شوہر اور ایک فرض شناس باپ تھے۔ نمازوں کے پابند اور قرآن کریم کی تلاوت میں باقاعدہ تھے۔ طبیعت نہایت سادہ تھی اور مزاج میں نرمی ، عاجزی اور دھیما پن پایا جاتا تھا۔ نہایت درجہ خلیق اور ملنسار انسان تھے۔
  • مکرم رانا محمد شریف چک نمبر 22 حمید آباد ضلع بہاولپور 12 جنوری 2020ء کو 105 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَيْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے مقامی جماعت میں سیکرٹری مال اور صدر جماعت کے طور پر خدمت کی تو فیق پائی۔ نماز با جماعت کے پابند تھے۔ اپنے ڈیرہ پر مسجد تعمیر کروائی ہوئی تھی۔ خدمت خلق میں نمایاں کردار ادا کیا۔ مرحوم اللہ کے فضل سے موصی تھے۔
  • مکرمہ رقیہ بی بی چک نمبر 168/171 شمالی منگلا ضلع سرگودھا مورخہ 29جنوری 2020ء کو 74 سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَيْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم انتہائی مخلص، مہمان نواز اور نمازوں کی پابند تھیں۔ بچوں کی تربیت اچھے رنگ میں کی۔ باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کیا کرتی تھیں۔ بیماری کا صبر سے مقابلہ کیا۔
  • مکرمہ زاہدہ پروین بستی یار والا تحصیل علی پور ضلع مظفر گڑھ مورخہ 23 دسمبر2019ء کو 57 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَيْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ کو مقامی سطح پر لجنہ کی سیکرٹری تعلیم اور سیکرٹری اصلاح و ارشاد کے طور پر خدمت کی توفیق ملی۔ تلاوت قرآن کریم کا بہت شوق تھا اور قرآن کریم کا ترجمہ بھی جانتی تھی۔ گورنمنٹ ٹیچر تھیں۔ احمدی ہونے کے باوجو د ہیڈ مسٹرس نے ان کو اسلامیات کی تدریس پر مقرر کر رکھا تھا۔ ساتھی ٹیچر ان سے قرآن پاک کے معنی بھی پوچھا کرتی تھی۔ صوم و صلوۃ کی پابند تھیں۔ جماعتی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہیں اور چندہ جات کی ادائیگی میں باقاعدہ تھیں۔ ایک نیک دل، ملنسار اور انسانیت کا درد رکھنے والی مخلص خاتون تھیں ۔ خلافت سے بے پناہ محبت تھی۔ آپ کی ایک بیٹی مربی سلسلہ سے بیاہی ہوئی ہیں۔ مرحومہ اللہ کے فضل سے موصیہ تھی۔
  • مکرمہ زینب صدیقہ دار الرحمت وسطی ربوہ مورخہ27۔اکتوبر 2019ء کو 91 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَيْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند تہجد گزار خلافت سے بے حد پیار کرنے والی، مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی، ملنسار، خوش اخلاق، مہمان نواز، غریب پرور، صابر شاکرہ اور متوکل علی اللہ خاتون تھیں۔
  • مکرم محمد سعید خان ابن مکرم محمد یوسف خان جرمنی مورخہ 6مارچ 2020ء کو جرمنی میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَيْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم 2010ء سے قومہ کی حالت میں تھے۔ آپ حضرت چوہدری نور احمدؓ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے نواسے اور مکرم چوہدری محمد احمد درویش قادیان و واقف زندگی کے داماد تھے۔ مرحوم نے سندھ پولیس میں سب انسپکٹر کی سروس کی اور 1990ء میں جرمنی آ گئے اور Fulda جماعت میں کچھ عرصہ صدر جماعت اور سیکرٹری ضیافت کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ بہت ملنسار، خوش اخلاق، غریب پرور اور ایک نیک مخلص انسان تھے۔ خلافت سے بے انتہا عقیدت کا تعلق تھا۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالی ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

پچھلا پڑھیں

بدی اور گناہ سے پرہیز

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ