• 26 اپریل, 2024

Covid-19 افریقہ ڈائری نمبر 20، 06 مئی 2020

  • غلط فہمیوں کے باوجود تعلقات خراب نہیں ہو ں گے
  • امدادی سامان لے جانے   والے جہاز کو میزائل مارا گیا
  • نائیجریا میں   33ڈاکٹرز  بیمار
  • پبلک ٹرانسپورٹ کھول دی گئی

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2387 مریضوں اور 112 اموات کا اضافہ ہوا ہے۔

افریقہ میں کورونا وائرس  کی  موجودہ  صورت  حال

 کل مریض تندرست ہونے والے  اموات
47,142 16,375 1,954

کیسز کی تعداد کے لحاظ سے پہلے پانچ ممالک

  ملک متاثرین
1 جنوبی افریقہ 7572
2 مصر 7201
3 مراکش 5219
4 الجیریا 4838
5 نئجیریا 2802

غلط فہمیوں کے باوجود تعلقات خراب نہیں ہو ں گے

کونگو  میں چین کے سفیر    M.  Zhu Jing,   نے کہاہے کہ  کورونا وائرس کے حوالے سے چائنا اور افریقہ کے درمیان پائی جانے والی غلط فہمیوں کی وجہ سے افریقی ممالک کے ساتھ چائنا کے دوستانہ تعلقات پر فرق نہیں پڑے گا ۔ actualite.cd

کورونا کے مریضوں کا اجتجاج

 نائیجیریا کی ریاست گومبے میں کورونا  وائرس کے درجنوں مریضوں نے ایک  میڈیکل سنٹر  کے  باہر احتجاج کیا اور کہا کہ ان کی دیکھ بھال اچھی طرح نہیں ہو رہی ۔ مریضوں نے دوائیوں کی کمی اور مناسب خوراک  نہ ہونے کی شکایت کی۔(بی بی سی)

چودہ دن میں راشن ختم ہو جائے گا

افریقہ کے بیس ممالک میں  کورونا وائرس کے حوالے سے  حکومتی اقدامات  اور عوام پر اثر انداز ہونے والے عوامل کا سروے کیا گیا ۔زیادہ تر لوگوں نے بتایا کہ  اگر انہیں  14 دن تک گھر میں ہی رہنا پڑے تو کھانا اور پانی ختم کر بیٹھیں گے ۔ نصف سے زیادہ جواب دہندگان نے کہا کہ ان کے پاس رقم ختم ہو جائے گی ۔(بی بی سی)

اجازت کے باوجود کاروبار بند

زمبابوے کی وہ کمپنیاں جنہیں پیر کے روز لاک ڈاؤن کے اقدامات میں نرمی کے بعد دوبارہ کھلناچاہئے تھا ، کے مالکان نے حکومتی اقدامات کو غیر تسلی بخش قرار دیا ہے  ۔

 حکومت نے  دوبارہ کام شروع کرنے سے پہلے ملازمین کے کورونا ٹسٹ لازمی قرار دئے ہیں۔( بی بی سی)

نائیجریا میں ڈاکٹر کی وفات

نائیجیریا میڈیکل ایسوسی ایشن (این ایم اے) کا کہنا ہے کہ کوروناوائرس  کی وجہ سے کانو میں  ایک ڈاکٹر کی موت ہوگئی ہے۔ دیگر  33  ڈاکٹروں کے ٹسٹ بھی پازیٹو آئے ہیں ۔  تاہم ان کی صحت فی الحال بہتر ہے۔کانو  میں تقریباً  1،500 ڈاکٹر ز ہیں ۔(بی بی سی افریقہ)

برطانیہ سے واپسی

 برطانیہ میں پھنسے ہوئے کینیا کے84 باشدے  واپس نیروبی  پہنچ گئے ہیں ۔ مسافروں  نے سفر شروع کرنے سے پہلے اپنے  اپنے قرنطینہ  سنٹرز کا انتخاب کر لیاتھا ۔ان کو  ہوائی اڈے پر اسکریننگ کے بعد  کوروناکلیئرنس سرٹیفکیٹ دئے گئے ۔(theeastafrican.co.ke)

امدادی سامان والے  جہاز کو میزائل مار کر تباہ کیا گیا

صومالیہ میں کورونا وائرس کے  لئے امدادی سامان لے جانے والے جہاز کو میزائل مار کر تباہ کیا گیا ہے ۔ کینیا نے صومالی حکام سے اس معاملے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ جہاز میں چھ مسافربھی ہلاک ہوئے جن میں سے دو کا تعلق کینیا سے تھا اور چار صومالیہ سے  تھے ۔theeastafrican.co.ke/

پبلک ٹرانسپورٹ کھول دی گئی

برکینا فاسو میں  کوڈ 19 کے پھیلاؤ کے خلاف  اقدامات کے  ایک حصے کے طور پر 23 مارچ ، 2020 کو  ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ بند کر دی گئی تھی۔ اب لاک ڈاون کو نرم کرتے ہوئے حکومت نے  5 مئی ، 2020 سے ٹرانسپورٹ سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔(lefasonet)

احمدیہ مسلم جماعت کا دانشمندانہ اقدام

برکینا فاسو کی مسلما ن کمیونٹی نے مسلمانوں کے  بعض گروپس کے اجتجاج کے دباؤ میں آکر مساجد کھولنے کی اجازت دے دی ہے ۔انہوں نے بعض شرائط بھی عائد کی ہیں جن کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو رہی ہے۔

 احمدیہ مسلم جماعت  برکینا فاسو کےآفیشل اعلان کے مطابق کورونا  کے پیش نظر  جماعت  احمدیہ کی مساجد فی الحال بند رہیں گی۔ جماعت کے اس فیصلے کو تحسین کی نظر سے دیکھا گیا او ر دانشمندانہ اقدام قرار دیا گیا ہے ۔( lefasonet) 

(چوہدری نعیم احمد باجوہ)

(نمائندہ  روزنامہ الفضل لندن (آن لائن)

پچھلا پڑھیں

Covid-19 اپ ڈیٹ 06۔مئی2020ء

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 مئی 2020