• 3 مئی, 2024

نمازجنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ
حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 25دسمبر 2021ء بروزہفتہ 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر کے باہر تشریف لا کر نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

  • مکرم اقبال احمدصا حب ابن مکرم قدرت اللہ صاحب (انر پارک لندن)

22 دسمبر 2021 کو 82 سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کا تعلق سمندری (ضلع فیصل آباد) سے تھا اور پیشے کے لحاظ سے سکول ٹیچر تھے۔ سمندری میں مقامی سطح پر خدام الاحمدیہ اور انصار اللہ میں خدمت کی توفیق پائی۔ 1978ء میں آپ کی ٹرانسفر تعلیم الاسلام ہائی سکول ربوہ میں ہوئی اور وہیں سے ریٹائر ہوئے۔ اس دوران دارالنصر غربی میں بطور سیکرٹری مال خدمت بجالاتے رہے۔ مرحوم انتہائی نیک، دیندار، صوم وصلوۃ کے پابند، سب کے ساتھ انتہائی پیار و محبت سے پیش آنے والے، کم گواور خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والے ایک بزرگ انسان تھے۔ پسماندگان میں 3 بیٹے اور 3 بیٹیاں شامل ہیں۔ ان کے ایک بیٹے مکرم منصور احمد قمر صاحب مجلس انصار اللہ یوکے میں بطور ایڈیشنل قائد مال خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔

نماز جناز ہ غائب

1 مكرم حشام احمد باجوہ صاحب ابن مکرم طاہر محمود باجوہ صاحب (لندن)

7نومبر 2021ء کو51 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کے نانا حضرت عبد الحمید صاحب اور نانی حضرت رسول بی بی صاحبہ دونوں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ میں سے تھے۔ نمازوں میں باقاعدہ، بہت ملنسار، بڑے مہمان نواز ایک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ آپ مکرم چوہدری عبد الرحمٰن صاحب ایڈووکیٹ مرحوم (صدر قضاء بورڈ مرکزیہ ربوہ) کے بھانجے تھے۔

2- مكرمہ بشریٰ رحمٰن صاحبہ اہلیہ مکرم عبد الرحمٰن صاحب (ساؤتھ فیلڈ یوکے)

13نومبر 2021ء کو 83 سال کی عمرمیں کینیڈا میں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت حاجی محمد موسیٰ صاحبؓ (کوٹلی لوہاراں سیالکوٹ) صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نواسی اور حضرت مولوی محمد حسین صاحب ؓ (سبز پگڑی والے) کی سمدھن تھیں۔صوم وصلوۃ کی پابند، چندہ جات میں باقاعدہ، خلافت سے محبت کرنے والی ایک نیک، مخلص اور فدائی خاتون تھیں۔ پسماندگان میں چار بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

3- مكرمہ امۃ الرؤوف صاحبہ (خانیوال ۔حال یوکے)

31 اکتوبر 2021ء کو بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ ایک نیک مخلص اور باوفا خاتون تھیں اور اللہ کے فضل سے موصیہ تھیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

ادارہ الفضل کی طرف سے تمام فریق تعزیت قبول کریں۔

پچھلا پڑھیں

ساؤتومے میں جماعت احمدیہ کی مسجد (بیت الرحمٰن) کا افتتاح

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ