• 28 اپریل, 2024

سانحہ ارتحال

مکرم عدیل احمد گوندل ۔مربی سلسلہ حال کینیڈا یہ افسوسناک اطلاع دیتے ہوئے لکھتے ہیں۔ کہ
خاکسار کے والد مکرم چوہدری نذیر احمد گوندل آف بھڈال ضلع سیالکوٹ مؤرخہ 24دسمبر2021ء بروز جمعۃ المبارک بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اناللّٰہ وانا الیہ راجعون۔

آپ 2015ء سے کینیڈا میں مقیم تھے۔ آپ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ آپ کی وفات جرمنی میں ہوئی۔ مؤرخہ 27دسمبر کو جرمنی میں نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد میت کو کینیڈا لایا گیا جہاں مؤرخہ 29 دسمبر 2021ء کو BRAMPTON کینیڈا میں (احمدیہ قبرستان میں) نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد تدفین کی گئی۔

آپ خلافت کے سچے جانثار تھے۔آپ کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے بطور امیر حلقہ، صدر جماعت، ناظم انصاراللہ ضلع سیالکوٹ، نائب قائد مجلس خدام الاحمدیہ ضلع سیالکوٹ کی حیثیت سے خدمات کی توفیق ملتی رہی۔ آپ سلسلہ اور نظام سلسلہ کے ساتھ بہت وفا اور غیرت کا تعلق رکھنے والے تھے۔ آپ منکسر المزاج شخصیت کے مالک تھے۔ مہمان نوازی آپ کا شیوہ تھی۔ اپنی ڈیوٹیز کو انتہائی ذمہ داری سے ادا کرنے والے تھے۔ لازمی اور طوعی چندہ جات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے تھے۔ علاوہ ازیں ہیومینٹی فرسٹ کے مختلف پراجیکٹس اور تعمیر مساجد وغیرہ کاموں میں بھی حسب استطاعت ضرور شامل ہوتے رہے۔ آپ نے زندگی کے مختلف مواقع پر ابتلاؤں اور مخالفتوں کا بڑی جرأت اور ثابت قدمی سے مقابلہ کیا۔ آپ کو مختلف ممالک کے جلسہ ہائے سالانہ میں شمولیت کی سعادت بھی حاصل ہوتی رہی اسی طرح 2018ء میں عمرہ کی سعادت بھی نصیب ہوئی۔

آپ نے لواحقین میں اہلیہ، چار بیٹے اور ایک بیٹی یادگار چھوڑے ہیں۔ تمام بچوں کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے کسی نہ کسی رنگ میں سلسلہ کی خدمت کی توفیق مل رہی ہے۔

اہلیہ: مکرمہ نسیم محمودہ چوہدری۔ (لجنہ اماء اللہ تحصیل و ضلع سیالکوٹ میں نمایاں خدمات بجالاتی رہی ہیں۔ اس وقت بریمپٹن کینیڈا میں مقامی لجنہ کی عہدیدار ہیں)

بیٹے: مکرم رفیق عامر گوندل (جرمنی میں زونل ناظم انصاراللہ کے طور پر خدمات کی توفیق پارہے ہیں)

٭ مکرم چوہدری نوید احمد گوندل (بریمپٹن کینیڈا میں قائد مجلس خدام الاحمدیہ، صدر جماعت احمدیہ بعد ازاں ریجنل ناظم انصاراللہ کے طور پر خدمات کی توفیق پاتے رہے ہیں)

٭ خاکسار عدیل احمد گوندل مربی سلسلہ حال کینیڈا

٭ مکرم شرجیل احمد گوندل (جرمنی میں لوکل سیکرٹری مال اور قائد خدام الاحمدیہ کے طور پر خدمات کی توفیق پارہے ہیں)

بیٹی: مکرمہ افشین نذیر اہلیہ مکرم حافظ عبدالحفیظ مانگٹ حلقہ بیت الاحسان انگلینڈ (مقامی طور پر لجنہ میں خدمت کی توفیق ملتی رہی ہے)

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے ساتھ رحم اور مغفرت کا سلوک فرمائے، تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

ادارہ الفضل کی طرف سے تمام لواحقین تعزیت قبول فرمائیں۔

پچھلا پڑھیں

خلاصہ خطبہ جمعۃ المبارک بیان فرمودہ مؤرخہ 4؍فروری 2022ء

اگلا پڑھیں

فقہی کارنر