اللہ تعالی کے فضل سے جماعت احمدیہ نیوزی لینڈ کا اکتیسواں جلسہ سالانہ مورخہ 17 و 18 جنوری 2020ء کو آکلینڈ میں مسجد بیت المقیت کے احاطہ میں منعقد ہوا ۔ امسال جلسہ سالانہ میں شاملین کی تعداد سوا پانچ سو کے قریب تھی جن میں 70 غیر از جماعت مہمان بھی شامل ہیں۔ ہمارے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت مکرم عبد القدوس عارف مربی سلسلہ وصدر مجلس خدام الاحمدیہ یو کے کو بطور مرکزی نمائندہ اس جلسہ میں شرکت کے لئے بھجوایا تھا۔
جلسہ کے پہلے روز خطبہ جمعہ میں شاملینِ جلسہ کو بالخصوص حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تحریرات کی روشنی میں جلسہ سالانہ کے اغراض و مقاصد کی طرف توجہ دلائی گئی ۔ جلسہ سالانہ کا باقاعد افتتاح نماز جمعہ و عصر کی ادائیگی کے بعد لوائے احمدیت کے لہرائے جانے کی تقریب سے ہوا۔جلسہ سالانہ کے افتتاحی اجلاس میں مکرم بشیر احمد خان نیشنل صدر جماعت احمدیہ نیوزی لینڈ نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اس جلسہ کے لئے خصوصی پیغام کو پڑھ کر سنایا۔حضور انور نےاحباب جماعت سے اپنی توقعات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایاکہ میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ آپ مثالی احمدی مسلمان بننے کے لئے ہمیشہ کوشش کرتے رہیں اور آپس میں بھی نیز تمام دوسروں لوگوں کے ساتھ بھی پیار، شفقت اور بھائی چارہ کا ماحول پیدا کریں۔ اور سب سے بڑھ کر اسلام کی خدمت اور اللہ تعالیٰ جو کہ ہمارا خالق ہے کے ساتھ زندہ تعلق قائم کرنے کے لئے پورے جذبہ اور جوش کے ساتھ کوشش کریں۔
جلسہ سالانہ کے دو ایام میں مختلف موضوعات پر انگریزی اور اردو میں کئی تقاریر پیش کی گئیں۔مرکزی نمائندہ مکرم عبدالقدوس عارف نےجلسہ کے پہلے روز اللہ تعالیٰ کی صفت رحیمیت کے موضوع پر انتہائی ایمان افروز واقعات کی روشنی میں سیر حاصل تقریر کی۔ اسی روز نماز مغرب و عشاء سے قبل مرکزی نمائندہ کے ساتھ خدام اور اطفال کی ایک خصوصی نشست منعقد ہوئی جس میں خدام اور اطفال کو مختلف موضوعات پر سوالات پوچھنے اور ان کے جوابات حاصل کرنے کا موقع ملا۔
جلسہ کے دوسرے دن ایک خصوصی اجلاس غیر از جماعت مہمانوں کے ساتھ رکھا جاتا ہے ۔اس اجلاس میں امسال حکومتی وزراء، اراکین پارلیمنٹ، کونسلرز اور کئی دیگر عمائدین نے شرکت کی۔ دوران اجلاس مکرم مستنصر احمد قمر ،مربی سلسلہ نے اپنی تقریر میں قوم پرستی کے رجحانات کا حل اسلامی تعلیمات کی روشنی میں پیش کیا۔ جبکہ مرکزی نمائندہ نے بڑھتی ہوئی منافرت کی صورتحال میں باہمی محبت اور شفقت کی اہمیت کے حوالہ سے خطاب کیا۔ انہوں نے خاص طور پر رسول پاک حضرت محمد ﷺ کے اسوہ کو پیش فرمایا کہ کس طرح آپ ﷺ نے اپنی ساری زندگی معاشرے میں باہمی محبت و احترام، رواداری اور امن کے فروغ کے لئے سعی فرمائی۔
اس اجلاس میں چند اہم مہمانوں نے بھی مختصر تقریریں کیں۔ ایتھنک کمیونیٹیز کی وزیز، محترمہ جینی سالیسا، نے جماعت کی قیام امن کے حوالہ سے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کا ماٹو محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں یقیناً آج کے حالات میں بہت اہمیت کا حامل ہے۔
اس اجلاس کے لئے خاص طور کرائسٹ چرچ شہر سے سینٹ جان ایمبولینس سروس کے ضلعی عہدیدار کو مدعو کیا گیا تھا۔ موصوف ، والی مچلز، گزشتہ سال کرائسٹ چرچ میں ہونے والے مساجد کے حملوں میں امدادی کام کے نگران تھے۔ انہوں نے انتہائی دکھی دل کے ساتھ اس واقعہ کا ذکر کیا ۔
اللہ تعالی کے فضل سے جلسہ سالانہ اپنی تمام تر برکتوں کے ساتھ بہت کامیابی سے اختتام پذیر ہوا ۔الحمد للہ
(اےمقیت۔نیوزی لینڈ)