• 2 مئی, 2024

ریجنل جلسہ جات وافتتاح مساجد

جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو امسال بفضل خدا تعالیٰ وقتاً بوقتاً ریجنل جلسہ جات کے انعقاد کی توفیق مل رہی ہے۔ اس ضمن میں بواکے (Bouake) ریجن نیز فیرکے (Ferkessedougou) ریجن (شمالی ریجن) کو دوران ماہ بالترتیب مورخہ 19 و 20 فروری بروز ہفتہ و اتوار اپنے اپنے ریجنز میں سالانہ ریجنل جلسہ جات کے انعقاد کی توفیق ملی۔

ریجنل جلسہ بواکے (Bouake)

بواکے ریجن کو امسال اپنا پہلا ریجنل جلسہ مورخہ 19 فروری کو انعقاد کی سعادت نصیب ہوئی۔جس سلسلہ میں مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ عبدالقیوم پاشا صاحب بمع نیشنل عاملہ کے ممبران نے اس جلسہ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔یہ جلسہ بمقام تاکاناجولاسو میں منعقد ہوا۔ ریجنل جلسہ کے انتظامات مکرم باسط احمد صاحب ریجنل مبلغ سلسلہ کی نگرانی میں کئے گئے، جس کے لئے جلسہ سے قبل ہی جلسہ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا نیز انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے متعدد میٹنگز بھی کی گئیں۔ ریجن کی تمام جماعتوں میں باقاعدہ جلسہ میں شمولیت کے پیغامات بھجوائے گئے۔ جلسہ میں شرکت کے لئے مہمانان کی آمد کا سلسلہ ایک روز قبل بروز جمعۃ المبارک ہی شروع ہو گیا چنانچہ اسی روز سے ہی شعبہ حاضری نے اپنا کام شروع کردیا۔ بروز جمعہ بعد از نماز عشاء مجلس سوال و جواب کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں مکرم لقمان احمد فرید صاحب مبلغ سلسلہ نے حاضرین کے سوالات کے جوابات دیئے۔ جلسہ کے دن کا باقاعدہ آغاز باجماعت نماز تہجد کے ساتھ کیا گیا جس کے بعد مکرم سلا ابراہیم صاحب نے یوم مصلح موعود کے پیش نظر پیشگوئی حضرت مصلح موعودؑ کے عنوان سے درس دیا۔جلسہ کی کاروائی کا باقاعدہ آغاز صبح 9 بجے لوائے احمدیت قومی پرچم لہرانے اور دعا سے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم فرینچ زبان میں ترجمہ اور قصیدہ کے بعد مقامی روایات کے مطابق ابتدائی طور پر حاضرین جلسہ کومکرم ڈالیساکا ہارون صاحب افسر ریجنل جلسہ نے بذریعہ تقریر خوش آمدید کہا گیا۔ جس کے بعد جلسہ کی تقاریر کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ابتدائی تقریر مکرم سلا ابراہیم صاحب معلم سلسلہ نے بعنوان ’’نماز کی اہمیت‘‘کی۔ جس کے بعد ریجنل مشنری باسط احمد صاحب نے بعنوان ’’جلسہ سالانہ کے اغراض و مقاصد‘‘ تقریر کی۔ بعد ازاں مکرم بالو احمد صاحب لوکل معلم سلسلہ نے تقریر بعنوان ’’جماعت احمدیہ اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کیں۔ جیالو صدیق صاحب نے اس کے بعد تقریر بعنوان ’’برکات خلافت‘‘ کی۔ بعد ازاں نیشنل عاملہ کے عہدیداران و جلسہ میں شامل غیر از جماعت خصوصی مہمان نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ اس بابرکت تقریب کی اختتامی تقریر مکرم و محترم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے ’’بطور مسلمان ایک احمدی کی ذمہ داریاں و فرائض‘‘ کے عنوان سے کی جس کے بعد دعا کے ساتھ اس بابرکت تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔

جلسہ سالانہ کا ایک مقصد احباب جماعت کی تربیت کے ساتھ ساتھ آئندہ کے لئے انھیں اپنے اپنے فرائض کے سلسلہ میں رہنمائی فراہم کرنا بھی ہے۔ چنانچہ نماز ظہر عصر کی ادائیگی اور طعام کے بعد مکرم امیر صاحب کی صدارت میں جلسہ میں شاملین ضلعی عاملہ و لوکل صدران جماعت کے ساتھ میٹنگ کا انتظام بھی کیا گیا جس میں آپ نے انھیں ہدایات سے نوازا۔ بواکے ریجن کے جلسہ میں امیر صاحب اور نیشنل عاملہ کے ممبران کے ساتھ ساتھ بعض ریجنل مبلغین کرام مکرم لقمان احمد فرید صاحب، مکرم احتشام الحسن صاحب نے بھی شرکت کی جبکہ نمائندہ پارلیمینٹ، نمائندہ گورنر، میئر اور پیراماونٹ چیف و دیگر مقامی غیر از جماعت آئمہ مساجد نے بھی شرکت کی۔اس جلسہ کی کل حاضری 753 افراد پر مشتمل رہی، الحمد للّٰہ علی ذلک۔

ریجنل جلسہ فیرکے (Ferke)
نیز 2مساجد کا افتتاح

ملک کے شمالی علاقہ کا ریجنل جلسہ مورخہ 20 فروری 2022ء کو بمقام Lokaha II منعقد ہوا۔ جلسہ کی تیار ی کے سلسلہ میں Lokaha II جماعت کے احباب وخواتین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ حال ہی میں مکمل ہونیوالی مسجد اور اس کے احاطہ کو متعدد وقار عمل کے ذریعہ صاف کیا گیا۔ دیگر انتظامات بالخصوص کھانے کی تیاری کے لئے باقاعدہ ٹیمیں تشکیل دیکر انہیں تفصیلی ہدایات دی گئیں۔ جلسہ میں شرکت کے لئے دور کی جماعتوں سے تقریباً ایک سو مہمان 19فروری کی رات کو پہنچ گئے۔ مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ 16احباب و خواتین پر مشتمل وفدریجنل کے ساتھ جلسہ بواکے میں شرکت کے بعد مورخہ 19فروری کی شام فیرکے شہر پہنچ گئے جہاں رات قیام کرنے کے بعد 20فروری کی صبح جلسہ گاہ پہنچے۔ جلسہ کے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد و فجر سے ہوا۔ جلسہ کے پروگرام کا باقاعدہ آغازصبح 10 بجے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم بالو احمد معلم سلسلہ Amoriakro نے ’’توحید باری تعالیٰ‘‘ کے عنوان سے جولا زبان میں تقریر کی۔ جس کے بعد مکرم سورو سعید صاحب معلم سلسلہ نے ’’قیام نماز اور اس بارہ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوہ حسنہ‘‘ کے موضوع پر سینفو زبان میں تقریر کی۔ تیسری تقریر مکرم Sanfo Hassyml Moubaric ریجنل قائدمجلس خدام الاحمدیہ فیرکے ریجن نے بعنوان ’’آخری زمانہ کی علامات اور امام مہدی کا ظہور‘‘ کی جس کے بعدمکرم سلطان احمد وڑائچ صاحب ریجنل مبلغ شمالی (فیرکے) ریجن نے ’’مقاصد مذہب‘‘ کے عنوان سے کی جس کے بعد صدر مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ، صدر مجلس انصار اللہ آئیوری کوسٹ کے نمائندہ اور صدر لجنہ اماء اللہ آئیوری کوسٹ نے مختصر خطابات کئے اور اپنی اپنی ذیلی تنظیم سے متعلق ہدایات دیں۔

مساجد کا افتتاح

اس بابرکت تقریب کی اختتامی تقریر مکرم عبد القیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے بعنوان ’’تعمیر مسجد کے مقاصد اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان سے کی نیز ساتھ ہی ساتھ اختتام پر پیش گوئی مصلح موعودؓ کا مختصر تعارف بھی پیش کیا۔جس کے بعد جلسہ کے پروگرام کا باقاعدہ اختتام ہو۔ بعدازاں مکرم امیر صاحب نے نئی تعمیر شدہ مسجد کی دیوار پر آویزاں یادگاری تختی کی نقاب کشائی کر کے مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا اور دعا کروائی۔ یوم مصلح موعودؓ کی مناسبت سے مسجد کا نام ’’مسجد محمود‘‘ رکھا گیا ہے۔ مسجد کے افتتاح کے موقع پر علاقہ کے ممبر آف پارلیمنٹ کے نمائندہ اور Commandat de Brigade کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ دوپہر ڈیڑھ بجے نماز ظہر اور عصر جمع کرکے ادا کی گئیں جس کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ جلسہ میں 18جماعتوں کے تقریباً 500 افراد شامل ہوئے جن کے علاوہ تقریباً 100 غیر مسلم مہمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سہ پہر تین بجے مکرم امیر صاحب افراد جماعت کے ایک بڑے وفد کے ہمراہ Ladiokaha پہنچے جوکہ Lokaha II سے تقریباً 2 کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ یہاں پہنچ کر مکرم امیر صاحب نے نئی تعمیر شدہ مسجد کی یادگاری تختی کی نقاب کشائی کرکے مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا اور دعا کروائی۔ اس مسجد کا نام ’’مسجد نور‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر تقریباً 200 افراد جمع تھے جن میں غیر مسلم افراد کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔ یوں دونوں تقاریب میں تقریباً 800 افراد شامل ہوئے۔ دونوں مساجد کے افتتاح کی خبرالیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں شائع ہوئی۔AIPجو کہ ملک کی سرکاری نیوز ایجنسی ہے کی ویب سائٹ پر دو جبکہ Operanews پر ایک خبر شائع ہوئی۔ اسی طرح ملک کے حکومتی اخبار Fraternite Matinمیں خبر شائع ہوئی۔ دیگر دو ملکی اخبارات L’Essor اور L’inter میں بھی اس بارہ میں خبریں شائع ہوئیں جن کے ذریعہ ہزاروں افراد تک جماعت کا پیغام پہنچا۔ الحمد للّٰہ علیٰ ذالک

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ افراد جماعت کو ان دونوں جلسہ جات سے حقیقی رنگ میں بھرپور فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ دونوں نئی تعمیر شدہ مساجد کو بھی ایمانی جذبہ کے تحت نمازیوں سے بھرنے کی توفیق عطا کرے کیونکہ مساجد کی اصل رونق تونمازیوں سے ہے۔ اللہ تعالیٰ جماعت آئیوری کوسٹ کو آئندہ بھی تعلیم وتربیت کے اس سلسلہ کو قائم رکھنے کی توفیق عطا کرتا جائے اور اللہ کرے کہ جلد سارے لوگ اپنے رب کو ماننے لگ جائیں۔ آمین

(رپورٹ: عبدالنور۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

ایم ٹی اے کی نئی موبائل ایپلیکیشن اور ویب سائیٹ کا افتتاح

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ