• 4 مئی, 2025

نمازجنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 20؍اکتوبر 2022ء بروز جمعرات 12بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ غائب اور ایک نماز جنازہ حاضر پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

-1 مکرمہ ناصرہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم سردار غلام مصطفیٰ ڈوگرصاحب مرحوم (برنٹ ووڈ یوکے)

14؍اکتوبر 2022ء کو 86 سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ انتہائی نیک، پرہیز گار، صوم و صلوۃ کی پابند، تہجد گزار، بُہت ملنسار،غُرباء کا خیال رکھنے والی اور خلافت کیساتھ اخلاص و وفا کا گہرا تعلق رکھنے والی ایک بزرگ خاتون تھیں۔ تلاوت قُر آن کریم کا باقاعدگی سے التزام کرتی تھیں۔ چندوں میں باقاعدہ اور مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں اور بہت سے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیا ں شامل ہیں۔ مرحومہ کے بڑے بیٹے مکرم فضل عُمر ڈوگر صاحب صدر جماعت برنٹ ووڈ کے طور پر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-2مکرمہ امۃ الحفیظ صاحبہ اہلیہ مکرم نور احمد شاکر صاحب (یوکے)

16؍ اکتوبر2022ء کو71 سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ مکرم میر نور الدین صاحب (آف ربوہ) کی بڑی بیٹی اور حضرت مولوی الف دین صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی تھیں۔ مرحومہ نماز و روزہ کی پابند، بُہت ملنسار، انتہائی مہمان نواز اور خلافت کیساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔ اپنے گاؤں میں احمدیوں اور غیر احمدیوں کے ساتھ انتہائی محبت سے پیش آتیں اور ہمیشہ ان کی مدد کیا کرتی تھیں۔ مرحومہ کو کچھ عرصہ اپنی مقامی مجلس میں سیکرٹری تربیت کے طور پر خدمت کرنے کی بھی توفیق مِلی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ چار بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم صلاح الدین میر صاحب (مربی سلسلہ یوکے) کی پھوپھی تھیں۔

نماز جناز ہ غائب

-1 مکرم حمید احمد صاحب (ریٹائرڈ معلم وقف جدید ربوہ)

18؍ستمبر 2022ء کوبقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کا تعلق چک نمبر559ضلع ننکانہ سے تھا۔ابتدائی تعلیم وہیں سے حاصل کی اور مختلف جگہ ملازمت کرنے کے بعد 1987ء میں زندگی وقف کی اور 2017ء میں ریٹائر ہوئے۔ آپ کو کشمیر، پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں 30سال تک بطور معلم سلسلہ خدمت کا موقعہ ملا۔صوم وصلوۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، تہجد گزار،ایک نیک، مخلص او ر باوفا انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم سعید احمد صاحب امریکہ میں مقیم ہیں اور آجکل مجلس خدام الاحمدیہ فورٹ ورتھ( ڈیلیس )کے ناظم عمومی کے طور پر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-2 مکرمہ مقصودہ بانو خان صاحبہ اہلیہ مکرم محمد امجد خان صاحب (سڈنی۔ آسٹریلیا)

10/11؍ستمبر 2022ء کی درمیانی رات 65سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ مرحومہ صوم وصلوۃ کی پابند، تہجدگزار، مہمان نواز، ہنس مکھ، بہت نیک اور باوفا خاتون تھیں۔ آپ مسجد بیت الہدیٰ سڈنی آسٹریلیا کے لئے عورتوں کی وقار عمل کی ٹیم کی رکن تھیں۔ چندوں میں باقاعدہ اور جماعتی پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ چار بیٹے شامل ہیں۔ان کے ایک بیٹے سہیل خان صاحب امریکن ائیر لائن میں کام کرتے ہیں۔ حضور کے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران سفری انتظامات کے سلسلہ میں انہیں بھی خدمت کی توفیق ملی۔

-3مکرم شیراز احمد چوہدری صاحب ابن مکرم چوہدری نذیر احمد صاحب (لاہور)

5؍جون 2022ء کو 49سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم صوم وصلوۃ کے پابند ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔گھر میں نماز سنٹر بنایا ہوا تھا۔ جماعت کے لئے مسجد بنانے کا شوق تھا اوراس مقصد کے لئے آپ نے جماعت کو زمین بھی خرید کر دی تھی۔مرحوم موصی تھے۔

-4مکرمہ فاطمہ صاحبہ اہلیہ مکرم شیخ ناصر احمد صاحب (مٹھی تھرپارکر ضلع میر پور خاص)

29؍جولائی 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ نے 1969ء میں اپنے خاوند کے ساتھ جماعت میں شمولیت اختیار کی۔آپ مٹھی شہر کی پہلی احمدی خاتون تھیں۔ صوم وصلوۃ کی پابند، مہمان نواز، بہت دیندار ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ آپ کے ایک نواسے معلم سلسلہ ہیں۔ ایک نواسہ مدرسۃ الظفر میں اور ایک پوتا جامعہ احمدیہ ربوہ میں زیر تعلیم ہے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

ادارہ الفضل آن لائن تمام مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہے۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

سیّدنا حضرت امیر المؤمنین کا دورہ امریکہ 2022ء (قسط 11)