حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں سے گذشتہ چند سالوں سے اللہ تعالیٰ کے خاص فضل واحسان سے جماعتِ احمدیہ ویسٹرن ریجن کو مکرم و محترم ڈاکٹر اقبال حسین صاحب انچارج احمدیہ ہسپتال،شیانڈا کے مسلسل تعاون سے ریجنل لیول پہ ریڈیو اور ٹی وی پروگرامز کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ فالحمد للہ علیٰ ذلک
یہ پروگرامز احمدیہ مسلم ہسپتال، شیانڈا کے تعاون سےاپریل 2017ء میں شروع ہوئے۔ پہلا ریڈیوپروگرام مؤرخہ 7اپریل، 2017ء بروز جمعۃ المبارک شام ساڑھے سات بجے Nyota FM (نیوٹا ایف ایم) ریڈیو چینل پر سواحیلی زبان میں آن ائیر ہوا۔ اس پروگرام کا دورانیہ آدھ گھنٹا تھا۔
پہلا ٹی وی پروگرام مؤرخہ 8ستمبر، 2018ء بروز ہفتہ صبح ساڑھے چھ بجے Nyota TV (نیوٹا ٹی وی) پر سواحیلی زبان میں آدھے گھنٹے کا آن ائیر ہوا۔ اس پروگرام کا نام Nyota Asubuhi یعنی صبح نیوٹا کے ساتھ تھا۔ اس میں ٹاک شو کے رنگ میں اس عاجز نے چند سوالات کے جوابات دیے جنکے ذریعہ جماعت کا تعارف ہوا اور دیگر معروضی حالات پہ جماعتی مؤقف پیش کرنے کی توفیق ملی۔ اس پروگرام کے Presenter Mr. Joe Hakonga Junior تھے۔ یہ پروگرام لائیو یعنی براہِ راست نشر ہوا۔
اسی طرح حضرت امیرالمؤمنین مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ریکاڈ شدہ خطبہ سواحیلی زبان میں ترجمہ کے ساتھ MTA Internationalکا تیا ر کردہ پہلی بار TV Magharibi پہ مؤرخہ 3اپریل 2020ء بروز جمعۃ المبارک دوپہر ڈیڑھ بجے آن ائیر ہوا۔
اس وقت تک بففلہٖ تعالیٰ ویسٹرن ریجن کینیا میں مندرجہ ذیل ٹی وی، اور ریڈیو چینلزپہ جماعتی پروگرامز آن ائیر ہو چکے ہیں۔ اس حوالہ سے یاد رہے کہ یہ سب چینلز پرائیوٹ ہیں۔ ان میں سے بعض چینلز پر احمدیہ مسلم ہسپتال، شیانڈا کی سپانسر شپ سے پروگرامز آن ائیر ہوتے ہیں اور بعض چینلز پہ (ان تعلقات کی وجہ سے جو مسلسل پروگرامز کرنے کے باعث پیدا ہوئے ہیں) محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مفت پروگرامز آن ائر ہوتے ہیں:
ریڈیو چینلز: Nyota FM نیوٹا ایف ایم، Radio Mukwano ریڈیو مکوانو (یہ چینل اب بند ہو چکا ہے)، Sasa Radio ساسا ریڈیو،Tandaza FM ٹنڈازا ایف ایم،Lubao FM لوباؤ ایف ایم
یہ سارے چینلز Bungoma County (بنگوما) کے ہیڈ کوارٹر Bungoma City (بنگوما)میں موجود ہیں، سوائے Lubao FM (لوباؤ ایف ایم) کے جو Kakamega County (کاکامیگا) کے ہیڈ کوارٹر Kakamega City (کاکامیگا) کے قریب Lubao (لوباؤ ) میں واقعہ ہے۔
TVچینلز: TV Magharibi (ٹی وی مغربی)، Nyota TV ( نیوٹا ٹی وی)۔
نوٹ: یہ دونوں چینلز Bungoma County (بنگوما)کے ہیڈ کوارٹر Bungoma City (بنگوما) میں واقعہ ہیں۔
پروگرامز کرنے والی ٹیمیں: اللہ تعالیٰ کے فضل وا حسان سے یہ پروگرام ویسٹرن ریجن اے اور ویسٹرن ریجن بی کے دو ٹیمیں تیار کرتی ہیں۔
ویسٹرن ریجن اے: احمد عدنان ہاشمی، مبلغ سلسلہ، ویسٹرن ریجن اے، مکرم ومحترم محمد مولیدی صاحب، معلم سلسلہ، شیانڈا جماعت، مکرم و محترم صدام رجب صاحب، مبلغ سلسلہ
ویسٹرن ریجن بی: مکرم ومحترم عیدی ابواؤ صاحب، مبلغ سلسلہ، ویسٹرن ریجن بی، مکرم و محترم عیدی ماکوہا صاحب، معلم سلسلہ، مسامبا جماعت
ریڈیوپروگرامز کی اقسام: اس وقت بفضلہٖ تعالیٰ تین قسم کے پروگرامز چار4 ریجنل ریڈیو سٹیشنز پہ آن ائیر ہو رہے ہیں۔
الف) پہلی قسم ریکارڈ شدہ پروگرامز کی ہے جس میں آجکل مخالفوں کی طرف سے ایک تفصیلی پروگرام کیا گیا جس میں حضرت مسیحِ موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور جماعتِ احمدیہ کے خلاف عام اعتراضات اور وہ اعتراضات بھی جو عمومًا پاکستان میں کئے جاتے ہیں سواحیلی زبان میں کئے گئے۔ اور کافی ہرزہ سرائی کی گئ۔ اب ان سب اعتراضات کا سواحیلی زبان میں جوابات تیار کئے جارہے ہیں۔ جسکے لئے جماعتی ویب سائٹس سے اور حضرت مسیحِ موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور خلفاءِ احمدیت کی تحریرات سے سکرپٹ تیار کر کے جوابات دیے جارہے ہیں۔ اب تک اس نوعیت کے 11 پروگرامز آن ائیر ہو چکے ہیں۔ ساتھ ہی ان پروگرامز کی ویڈیو بھی تیار کر لی جاتی ہے جو سوشل ویب سائٹس (یو ٹیوب، وٹس ایپ،اور فیس بک) پر جماعتی اکاؤنٹس پر اپ لو ڈ کر دی جاتی ہیں۔ اس عاجز کو یہ سکرپٹ تیا ر کرنے کی توفیق ملتی ہے، اس حوالہ سے مکرم ومحترم عیدی ابواؤ صاحب، مبلغ سلسلہ، ویسٹرن ریجن بی نے بھی مددکی توفیق پائی۔ فجزاہ اللہ احسن الجزاء
اسکے علاوہ انہی ریکارڈ شدہ پروگرامز کی لئے اس سے قبل مندرجہ ذیل کتب ِ سلسلہ اور لٹریچر تھوڑا تھوڑا کر کے سواحیلی زبان میں آن ائیر ہوچکے ہیں:
جماعتی تعارفی اور اسلام کی امن کی تعلیمات پہ مبنی پمفلٹس، کشتی نوح (مکمل)، اسوہِ رسول ﷺ اور خاکوں کی حقیقت(مکمل)، عالمی بحران اور امن کی راہ (مکمل)، True Justice & Peace (مکمل)، رمضان کے روزے(مکمل)، نبی ِ پاکﷺ بائیبل میں (مکمل)، اسلام اور عصرِ حاضر کے مسائل کا حل(اس کتا ب کے بعض حصے)، حضر ت مسیح ناصری علیہ السلام کی صلیبی موت سے نجات اور سفرِ کشمیر۔ اسکے علاوہ دیگر موضوعات مثلا عورتوں کے حقوق، حجاب کی حکمت، شراب خوری قمار بازی کے نقصانات، دہشت گردی وغیرہ موضوعات پر بھی پروگرامز سواحیلی زبان میں ہوچکے ہیں۔ ریڈیو پروگرامز کے سوالات اور حصوں کی تقسیم مکرم ومحترم عیدی ماکوہاصاحب معلم سلسلہ (مسامبا جماعت) بہت محنت سےتیار کرتے ہیں اور اس سلسلہ میں معلم صاحب کو بہت نمایاں خدمت کی توفیق مل رہی ہے۔ فجزاہ اللّٰہ احسن الجزاء
ب) دوسری قسم لائیو پروگرامز کی ہے جو اس سال سے شروع کی ہے، اس حوالہ سے خاکسار ہمارے ہمسایہ ریجن کے مبلغ سلسلہ مکرم ومحترم عیدی ابواؤ صاحب، ویسٹرن ریجن بی اور مکرم و محترم عیدی ماکوہا صاحب، معلم سلسلہ، مسامبا جماعت کا خاص کر مشکور ہے کہ انہوں نے بہت سارے پروگرامز اب لائیو (براہِ راست) کرنے شروع کر دیے ہیں جن میں جماعتی پمفلٹس کے علاوہ مندرجہ ذیل کتبِ سلسلہ براہِ راست آن ائیر ہو رہی ہیں:
مسیح ہندوستان میں، کفارہِ مسیح، دعوۃ الامیر، نیز Uongofu Wa Tafsiri، اسکے علاوہ ایک چینل پہ تعلیما ت ِ دینیہ پہ اسلام اور عیسائیت کا موازنہ بھی پیش کیا جاتا ہے نیز حالاتِ حاضرہ پہ جماعتی مؤقف پیش کیا جاتا ہے۔
ج ) اس کے علاوہ خبروں میں بھی جماعتی سرگرمیوں کی رپور ٹ یا حالاتِ حاضرہ پہ جماعتی مؤقف وقتًا فوقتًا آن ائیر ہوتا رہتا ہے۔
تعداد پروگرامز اور انکا کورج ایریا:سنہ 2017ء سے لے کر اکتوبر2021ء تک بفضلہٖ تعالیٰ 5 پانچ ریڈیو چینلز پہ کل 287پروگرامز آن ائیر ہوچکے ہیں جن پہ 160گھنٹے صر ف ہوئے۔ ان پروگرامز کے ذریعہ چھ کاؤنٹیز
(1.Kakamega, 2.Bungoma, 3.Busia, 4.Siaya, 5.Trans Nzoia, And 6. West Pokot Counties)
کے علاوہ یوگینڈا کے بارڈر کے علاقہ جات کے 5.5ملین آبادی کو پیغام پہنچ رہا ہے۔ فالحمد للّٰہ علیٰ ذٰلک
ٹی وی پروگرامز کی اقسام: ٹی وی پروگرامز کے بھی تین حصہ ہیں، جو بفضلہ تعالیٰ 2 ریجنل ٹی وی چینلز پہ آن ائیر ہو رہے ہیں:
۱لف) پہلا حصہ حضرت امیرالمؤمنین مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ریکارڈ شدہ خطبات جمعات سواحیلی زبان میں ترجمہ کے ساتھ MTA International کے تیا ر کردہ ہیں، جو TV Magharibi پہ آن ائیر ہوتے ہیں۔
ب) دوسرا حصہ وہ لائیو یا براہِ راست صبح کے ٹاک شوز ہیں جس میں اس عاجز نیز مکرم ومحترم عیدی ابواؤ صاحب، مبلغ سلسلہ، ویسٹرن ریجن بی کو مدعو کیا جاتا ہے۔ ان پروگرامز میں حالاتِ حاضرہ میں جن معاملات کا تعلق مذہبی، اخلاقی، معاشی اور معاشرتی سے ہو ان پہ جماعتی مؤقف لیا جاتا ہے اور حضرت مسیحِ موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور خلفاءِ احمدیت کی تعلیمات و ارشادات کی روشنی میں جوابات دیے جاتے ہیں۔
ج) اس کے علاوہ خبروں میں بھی جماعتی سرگرمیوں کی رپورٹ کبھی کبھار آن ائیر ہو جاتی ہے۔
تعداد پروگرامز اور انکا کورج ایریا: ستمبر 2018ء سے لے کر اکتوبر2021ء تک بفضلہٖ تعالیٰ 2 دو ٹی وی چینلز پہ کل 104پروگرامز آن ائیر ہوچکے ہیں جن پہ 75گھنٹے صر ف ہوئے ان پروگرامز کے ذریعہ چھ کاؤنٹیز
(1.Kakamega, 2.Bungoma, 3.Busia, 4.Siaya, 5.Trans Nzoia, And 6. West Pokot Counties)
کے علاوہ یوگینڈا کے بارڈر کے علاقہ جات کے 5.5ملین آبادی کو پیغام پہنچ رہا ہے۔ فالحمد للہ علیٰ ذٰلک
(رپورٹ: احمد عدنان ہاشمی ۔ نمائندہ الفضل آن لائن، کینیا)