الٰہی بشارات اور پیشگوئیوں کے تحت آخری زمانہ میں انسانیت کی رہنمائی اور ہدایت کے لئے جن ذرائع کی طرف اشارہ کیا گیا ان میں ایک ذریعہ مواصلاتی نظام بھی تھا جس کا ایک حصہ مسیح و مہدیؑ کی ایک مقام سے اٹھتی آواز چار اکناف عالم میں بیک وقت سنے جانا بھی تھا۔چنانچہ ان بشارات کو اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے جماعت احمدیہ کو خلافت رابعہ کے دور بابرکت میں ایک نشریاتی ادارہ(چینل) بنام مسلم ٹیلیویژن احمدیہ (MTA) دے کر پورا کیا۔جس ایم ٹی اے کا قیام آج سے تقریبا30سال قبل عمل میں آیا وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ اپنی اگلی سے اگلی منزل کو چھوتا ہوا ترقیات کی منازل طے کرتا جا رہا ہے۔ چند گھنٹے کی نشریات سے شروع ہونے والا چینل نہ صرف چوبیس گھنٹے کی نشریات میں تبدیل ہوا بلکہ ساتھ ہی عالم اسلام کی تشنگی کی دوری کے لئے خلافت خامسہ کے بابرکت دور میں یہ ایک چینل سے آگے بڑھ کر کئی چینل بنتے بنتے اب تک آٹھ مختلف باقاعدہ چینلز کی صورت میں معرض وجود میں آچکا ہے جہاں متعدد عالمی زبانوں میں تراجم کے ساتھ تعلیمی وتربیتی پروگرامز نشر کئے جاتے ہیں۔ برطانیہ کے ایک اسٹوڈیو سے شروع ہونے والی مسیح دوراں کی آواز اب دنیا کے کئی ممالک سے آرہی ہے۔ جس میں تقریباً تمام بر اعظم کے اسٹودیوز شامل ہیں جہاں اسلام احمدیت کی حقیقی تعلیم کی اشاعت کے لئے پروگرامز تیار کئے جاتے ہیں۔
افریقہ کےکئی ایک ممالک مثلاً غانا، گیمبیا،مالی وغیرہ میں بھی ایم ٹی اے اسٹوڈیو کا آغاز ہو چکا ہے۔اسی سلسلہ کی کڑی کے طور پر جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ(Cote d’Ivoire) نے بھی گزشتہ چند سالوں سے مقامی طور پر ایم ٹی اے کے لئے پروگرامز کی تیاری کا سلسلہ شروع کر دیا تھا تاہم یہ پروگرامز مرکزی منظوری کے ساتھ سال میں تین سے چار مرتبہ غانا جا کر تیار کروائے جاتے رہے جو کہ فرینچ زبان میں ہوتے تھے کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث ان ریکارڈڈ پروگرامز کا سلسلہ بھی فروری 2020ء کے بعد رک گیا۔ سال 2018ء میں ہی آئیوری کوسٹ میں دفتر ایم ٹی اے کے باقاعدہ آغاز کے لئے کوششوں کاآغاز ہو چکا تھا جس کے لئےایم ٹی اے انٹرنیشنل کے آفیشلز نے یہاں آکر جائزہ بھی لیا،تاہم کوروناء وباء کے باعث یہ سلسلہ تعطل کا شکار رہا۔ کورونا وباء میں کمی آنے کے بعد مرکزی منظوری کے ساتھ آئیوری کوسٹ میں ہی ایم ٹی اے اسٹوڈیو کی تیاری کا سلسلہ شروع کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دوران ماہ جنوری 2023ء میں ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ کے اسٹوڈیو کی تیاریوں کے کام کا دوبارہ آغاز کیا گیا جس کے لئے مکرم فائز احمد ناصر صاحب لندن سےغانا اور اس کےبعد آئیوری کوسٹ تشریف لائے اور مکرم سورو الحسن صاحب (مبلغ سلسلہ نیز کوآرڈینیٹرایم ٹی اے آئیوری کوسٹ) کے ساتھ مل کر، ایم ٹی اے دفتر کے لئے باقاعدہ سامان کی خرید شروع کی گئی۔ایک ہفتے کے اس دورانیہ میں ایم ٹی اےکے عارضی دفتر کے قیام کے لئے ضروری اشیاء کی خریداری کی گئی جن میں کمپیوٹر،جدید ہائی کوالٹی ویڈیو کیمرہ، ایڈیٹنگ مشین سسٹم نیز دفتر کے تعلق میں مزید درکار اشیاء خریدیں گئیں۔
آئیوری کوسٹ کے شہر آبی جان(Abidjan) کے محلہ والوں(Vallon) میں واقع جماعتی مشن کی پہلی منزل پر واقع ایک کمرہ کو ایم ٹی کے عارضی دفتر کے طور پر منتخب کیا گیا۔جس میں سامان رکھنے اور اسے دفتر کے ماحول کے مطابق تیار کرنے کے لئے موٴرخہ 29؍ جنوری کو کام کا آغاز کیا گیا اور 30؍ جنوری تک یہ کمرہ تیاری کے مراحل سے گزر کر ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ کے عارضی دفتر کے طورپر تیار تھا۔
موٴرخہ یکم فروری 2023ء بروز بدھ بعد از نماز عصر ایم ٹی اے کے دفتر کے افتتاح کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب تھے۔مکرم امیر صاحب نے فیتہ کاٹا اور دعا کے ساتھ دفتر کا افتتاح کیا۔جس کے بعد انھیں ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ کے اس دفتر کے متعلق تفصیلی معلومات سے آگاہی فراہم کی گئی اور دفتر میں موجود اشیاء کا حاضرین کو تعارف کروایا گیا۔افتتاح کے اس حصہ کے بعد مشن ہاؤس میں ہی ایک تقریب بسلسلہ ایم ٹی اے کا انعقاد کیا گیا جس میں مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب،مکرم فائز احمد ناصر صاحب،مکرم سورو الحسن صاحب کے علاوہ دفتر کے عملہ و نیشنل عاملہ کے اراکین نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد یکے بعد دیگرے مکرم سورو الحسن صاحب کوآرڈینیٹر ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ،مکرم فائز احمد ناصر صاحب نے ایم ٹی اے نے مختصر تقاریر کیں جس کے بعد امیر و مشنری انچارج مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب نے اس پروگرام کی اختتامی تقریر کی جس میں ایم ٹی کے آغاز اور اس کی تاریخ و ترقی سے حاضرین کو آگاہی فراہم کی اور بعد ازاں اختتامی دعا کروائی۔بعد از دعا حاضرین کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ کے دفتر کے قیام کو ہر لحاظ سے بابرکت کرے اور ٹیم ایم ٹی اے کو احسن رنگ میں خدمت کی توفیق عطا کرے نیز اسلام و احمدیت کی اشاعت میں ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ اپنا ایک اہم حصہ ڈالنے والی بنے نیز اس اسٹوڈیو میں بننے والے پروگرامز سامعین کی دلچسپی اور ازدیاد ایمان کا موجب ہوں۔آمین
(عبدالنور۔ نمائندہ الفضل آن لائن آئیوری کوسٹ)