• 25 اپریل, 2024

نائب صدرگیمبیا کی وفات پر جماعت کی طرف سے تعزیتی وفد و پیغام

مؤرخہ 18؍ جنوری 2023ء کو مملکت گیمبیا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ جب ملک کے نائب صدر مکرم الیو بدارا جوف کا انتقال ہوگیا۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ

مرحوم کچھ عرصہ سے بیمار تھے اور علاج کی غرض سے ہندوستان گئے ہوئے تھے اور وہیں پر ان کی وفات ہوئی۔

اس موقع پر امیر صاحب جماعت احمدیہ گیمبیا کی سربراہی میں جماعت کا ایک وفد مرحوم نائب صدر کی رہائش گاہ پر دیگر مذہبی رہنماؤں، کابینہ کے وزراء اور قومی اسمبلی کے کچھ ارکان کے ساتھ نائب صدر کے خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرنے کے لئے گیا۔ اس کے بعد جمعہ 20؍ جنوری 2023ء کو بانجل میں اسٹیٹ ہاؤس کا بھی دورہ کیا تاکہ مرحوم نائب صدر کے لیے رکھی گئی تعزیت کی کتاب پر دستخط کیے جائیں۔ پیر 23؍ جنوری کو جماعت کا ایک وفد مرحوم نائب صدر کی ریاستی اور سرکاری تعزیت کے لیے قومی اسمبلی میں گیا۔ وفد نے اسی دن مرحوم نائب صدر کی آخری رسومات اور تدفین کے لیے بانجولنڈنگ میں شمولیت اختیار کی۔

مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ گیمبیا نے اس کے علاوہ صدر مملکت کوسرکاری خط کے ذریعہ تعزیتی پیغام بھی بھیجا جس میں جماعت احمدیہ کے سربراہ پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی گیمبیا کے لئے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا ذکر کیا۔ اس کے علاوہ اس خط میں جماعت احمدیہ کی طرف سے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

امیر صاحب نے لکھا کہ یہ سانحہ واقعی آپ، آپ کےخاندان، مرحوم نائب صدر کے خاندان، کابینہ اور مجموعی طور پر پوری قوم کے لیے بہت افسوسناک ہے۔

نائب صدر ایک قومی اثاثہ تھے اور ایک سادہ، عاجز، مخلص، ایماندار، محنتی اور شاندار انسان تھے۔ انہوں نے جنوری 1988ء میں گیمبیا میں اپنے دورے کے دوران حضرت مرزا طاہر احمد خلیفہ المسیح الرابع رحمہ اللہ سے بھی ملاقات کی تھی۔

ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور مرحوم کی نیکیوں اور قربانیوں کا صلہ عطاء فرمائے۔ آمین

(مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل آئن لائن گیمبیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 مارچ 2023

اگلا پڑھیں

احمدیت کا فضائی دور (ایم ٹی اے- تقدیر الٰہی کا زندہ و تابندہ نشان) (قسط 3)