• 2 مئی, 2024

سیرالیون کے مشاکا ریجن میں تقریبات آمین

سال نو کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر میں گزشتہ سال کے دوران قرآن مجید کا پہلا دور مکمل کرنے والے احمدی بچوں اور بچیوں کی آمین کی تقریبات کا آغاز ہو جاتا ہے اور سال کے اوّلین مہینوں میں ملک بھر کے ریجنز میں یہ تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔ امیر صاحب سیرالیون ان بچوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ان تقریبات میں باقاعدہ شامل ہوتے ہیں۔

مارچ کے مہینہ میں مشاکا ریجن کی چار جماعتوں میں آمین کی تقریبات ہوئیں، مکرم محترم مولانا سعیدالرحمٰن ، امیر و مشنری انچارج سیرالیون نے ان تقریبات کی صدارت کی ۔ 26بچے، بچیوں اور دیگر افراد نے پہلی بار قرآن کریم ناظرہ مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی۔

ان بابرکت تقریبات میں 91 غیر از جماعت اماموں سمیت 985 افراد شامل ہوئے۔ تمام تقریبات کے اختتام پر حاضرین کی ریفریشمنٹ کروائی گئی۔

Magbeley میں ایک عیسائی دوست مکرم علی بنگورا نے کچھ عرصہ پہلے بیعت کرکے جماعت احمدیہ مسلمہ میں شرکت اختیار کی تھی۔ ان کی عمر 50سال سے زائد ہے۔ انہوں نے اور ان کے ایک بیٹے نے بھی قرآن کریم ناظرہ کا پہلا دور مکمل کیا اور ان تقریبات آمین میں شامل ہوئے۔ الحمد للہ۔

Rokel جماعت کے ایک شخص عیسیٰ سیسے صاحب، جن کی عمر 40 سال سے زائد ہے ان کو بھی قرآن کریم ناظرہ کا پہلا دور مکمل کرنے کی سعادت نصیب ہوئی ہوئی۔

مکرم امیر صاحب نے اپنے خطابات میں جماعت کا تعارف کروایا اور جماعت کی تعلیم القرآن کے بارہ میں کاوشوں کا ذکر فرمایا۔ الحمد للہ، یہ تقریبات تبلیغ کا بہترین موقع ثابت ہوئیں اور کثیر تعداد میں غیر از جماعت احباب تک جماعت کا پیغام پہنچا۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں قرآن کریم کو پڑھنے، اس کو سمجھنے اور اس پر کما حقہ عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین

(عبدالہادی قریشی، سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

شب برأت

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 اپریل 2020