• 8 مئی, 2024

جلسہ ہائے سیرۃ النبیؐ

الحمد للّٰہ خدا تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے مشرقی افریقہ کے ملک کینیا کو دورانِ ماہ اپنے ریجنز کی بعض جماعتوں میں جلسہ ہائے سیرۃ النبیﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جن کی مختصر رپورٹ بغرضِ دعا پیش خدمت ہے۔

ممباسہ (Mombasa) ریجن

موٴرخہ 9؍ اکتوبر 2022ء بروز اتوار ممباسہ ریجن کو درج ذیل6 جماعتوں میں جلسہ ہائے سیر ۃ النبیﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ممباسہ، کیبرانی، چیبوگا،مریاکانی، مٹونڈیا اور کواکاڈوگو۔ ان جلسوں کی حاضری تقریباً تین صد رہی جن میں دو سُنی اماموں سمیت 22غیر از جماعت احباب بھی شامل ہوئے۔

تلاوت قرآنِ کریم، قصیدہ اور نظم کے بعد مقررین نے آنحضرتﷺ کی زندگی کے مختلف پہلوں کو اُجاگر کیا۔ جن میں آپﷺ کی عائلی زندگی، شب و روز کی عبادت، آپﷺ بحیثیت رحمۃ اللعالمین اور مذہبی آذادی کے علمبردار وغیرہ شامل ہیں۔اجلاسات کے بعد نمازِ ظہر ادا کی گئی اور شاملین کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

ایلڈوریٹ (Eldoret) ریجن

موٴرخہ 9؍اکتوبر 2022 بروز اتوار ایلڈوریٹ ریجن کو بھی اپنی دو جماعتوں یعنی ایلڈوریٹ اور گارا فالز میں جلسہ ہائے سیرۃ النبیﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ایلڈورٹ کے جلسہ کی حاضری 28 تھی جس میں تین مہمان بھی شامل ہوئے جبکہ گارا فالز کے جلسہ کی حاضری 30 رہی۔

ناکورو (Nakuru)

اسی طرح ناکورو ریجن کو بھی اپنی جماعت مینن گائی(Menengai) میں موٴرخہ 8؍اکتوبر 2022ء بروز ہفتہ جلسہ سیرۃ النبیﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ چار غیر از جماعت مہمانوں سمیت کل 35 احباب اس بابرکت جلسے میں شامل ہو کر آنحضرتﷺ کی زندگی کے مختلف پہلوں سے مستفیض ہوئے۔

نیروبی (Nairobi) اور وَوئی (Voi) ریجنز

موٴرخہ 9؍اکتوبر 2022ء بروز اتوار نیروبی ریجن کی جماعت کینول (Kenol) میں نیز وَوئی ریجن کی ماراپُو (Marapu) جماعت میں تبلیغی جلسہ جات منعقد کیے گئے۔ ان جلسوں میں حاضرین کی تعداد بشمول 12 غیر از جماعت مہمانان کے 53 رہی۔ مکرم مولانا طارق محمود ظفر امیر جماعت کینیا نے بھی ووئی ریجن، جماعت ماراپُو کی اس تبلیغی و تربیتی نشست میں بنفسِ نفیس شرکت فرمائی۔

ویسٹرن اے (Western A) ریجن

موٴرخہ 24؍ستمبر 2022ء بروز ہفتہ لونیوں (Lunhyu) جماعت میں جلسہ سیر ۃ النبیﷺ منعقد ہوا۔ تلاوت قرآنِ مجید کے بعد سواحیلی زبان میں نظم پڑھی گئی۔ بعد ازاں آنحضرتﷺ کی عبادت اور تعلق باللہ کے عنوان پر تقریر ہوئی جس میں آپﷺ کی سیرت کے واقعات اور حضرت مسیح موعود کے آنحضرتﷺ کی شان میں بابرکت اقتباسات پڑھ کر سنائے گئے۔ جلسہ کے آخر میں مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی۔ اس جلسہ میں نزدیک کی دو جماعتوں کے بعض احباب بھی شامل ہوئے۔ جلسہ کی حاضری 8 غیر از جماعت مہمانان سمیت 41 رہی۔

ویسٹرن ریجن کی جماعت شیبینگا (Shibinga) کو بھی موٴرخہ 2؍اکتوبر بروز اتوارکو اپنا جلسہ سیرۃ النبی ﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تلاوتِ قرآنِ کریم کے بعد اطفال الاحمدیہ شیبینگا نے قصیدہ ’’یا عین فیض اللّٰہ والعرفان‘‘ نہایت خوبصورت آواز میں پیش کیا۔ پھر مکرم رجب شیسیا (Shisia) صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کی آنحضرتﷺ اور اسلام سے قلبی محبت اور معرفت سے بھری نظم ’’وہ پیشوا ہمارا جس سے ہے نور سارا‘‘ کا سواحیلی ترجمہ مترنم آواز میں پڑھا۔ بعد ازاں مکرم محمد شیسیا صاحب نے شمائل النبی آنحضرت ﷺ کی شب و روز کی مصروفیات کی ایک جھلک بیان کی۔ پھر حضرت مسیح موعودؑ کا عشقِ رسول کے موضوع پر تقریر ہوئی۔ اس کے بعد ایک دلچسپ مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی۔ 2 سنی اور 5 عیسائی مہمانوں سمیت اس جلسہ کی حاضری64 تھی۔ الحمد للّٰہ۔ جلسہ کے اختتام پر حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

آخر میں دعا ہے کی اللہ تعالیٰ ان تمام جلسوں کو ہر لحاظ سے با برکت کرے اور بہترین نتائج نکالے اور ہم سب کو آنحضرتﷺ کی پاکیزہ سیرت پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے تا کہ ہم اپنے دین و دنیا کو سنوار سکیں۔ آمین ثم آمین

(رپورٹ: بشارت احمدملک۔ مبلغ سلسلہ ویسٹرن اے ریجن، کینیا)

پچھلا پڑھیں

اے خدا! سارے زمانے کو ہدایت دے دے

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی