• 26 اپریل, 2024

چوتھی سالانہ ریجنل تربیتی کلاس لجنات بانجل، گیمبیا

محض خدا تعالیٰ کے فضل سے مجلس لجنہ اماء اللہ بانجل،کومبو ریجن کو امسال اپنی چوتھی سالانہ سمر ٹریننگ کلاس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للّٰہ علیٰ ذالک

یہ کلاس جماعت کی جامع، مرکزی مسجد بیت السلام میں دس روز کے لئے مؤرخہ12؍اگست تا 21؍اگست 2022ء کو منعقد ہوئی۔ لجنات کی رہائش کا انتظام مسجد کے ملحقہ ہال میں تھا اور انہوں نے دس روز وہیں قیام کیا۔

الحمد للّٰہ ان دس دنوں میں لجنات اپنے دن کا آغاز باجماعت نمازِ تہجد سے کرتی رہیں۔ لجنات تعلیمی کلاسز مسجد بیت السلام میں منعقد ہوئیں۔ جو صبح آٹھ بجے سے دوپہر تک جاری رہتیں۔

کلاسز کے دوران مختلف مضامین کا احاطہ کیا گیا اور تدریس کے لئے درج ذیل مضامین مقرر کئے گئے۔

  • حفظ اور تفسیر قرآن، سورة البقرہ رکوع 19، آیات 154۔
  • قرآن پاک سے منتخب دعائیں برائےحفظ
  • حدیث کی کتاب ’’چالیس جواہرپارے ‘‘ کی پہلی چار حدیثوں کا حفظ مع تفسیر
  • نماز (اقسام، اجزاء وغیرہ)

ان مضامین کے علاوہ کلاس کے دوران لجنات کی علمی، اخلاقی تربیت کے لئے مختلف عناوین پر لیکچرز کا سلسلہ بھی جاری رہا۔یہ لیکچر بعد از مغرب ہوتے تھے جن کے بعد متعلقہ موضوعات پر شاملات کو سوالات کا موقع بھی دیا جاتا۔ یہ لیکچرز نیشنل عاملہ کے ممبران اور معلمین نے بڑی محنت سے تیار کئے۔ دوران کلاس پیش کیے گئے لیکچرز کے عناوین درج ذیل ہیں:

  • احمدیت کی صداقت قرآن اور احادیث کی روشنی میں
  • گیمبیا میں احمدیت کا قیام
  • حفظان صحت کے اصول
  • جماعت کا مالی نظام اور چندہ جات کا تعارف
  • احمدیت کا سفر
  • چند صحابیاتؓ کا تعارف
  • اسلام اور احمدیت کے متعلق عمومی علم

اسلام روحانی و اخلاقی صحت کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت پر بھی زور دیتا ہے لہٰذا اس کلاس میں تعلیمی سلسلہ کے علاوہ لجنات نے روزانہ کھیل اور ورزش میں بھی حصہ لیا۔

20؍اگست 2022ء کو لجنات کے لئے امتحان منعقد کیا گیا اور بعد ازاں اعزاز پانے والی لجنات میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ناصرات اور لجنات کی کارکردگی تسلی بخش رہی۔

اس دس روزہ تربیتی کلاس کا اختتام مؤرخہ 21؍اگست 2022ء کو ہوا۔ اختتامی سیشن کی صدارت نائب امیر ومشنری انچارج مکرم محمود احمد طاہر صاحب نےکی۔ اپنے اختتامی کلمات میں محترم مشنری انچارج صاحب نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ اس نے ہمیں اچھی صحت اور زندگی کے ساتھ تربیتی کلاس کے کامیاب انعقاد کے قابل بنایا جو گزشتہ دو سال کرونا کی وبا کے باعث منعقد نہیں ہوسکی تھیں۔ انہوں نے حصول علم کی اہمیت کو اجاگر کیا اور شاملین پر زور دیا کہ وہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے نمونے کو اپنانے کی کوشش کریں کیونکہ خواتین ہی معاشرے کی نگہبان ہیں۔ انہوں نے شرکاء کو کلاسز کے دوران حاصل کردہ اچھے معیارات کو برقرار رکھنے اور آنے والے سالوں میں مزید آگے بڑھنے کی کوشش کرنے کی طرف بھی توجہ دلائی۔آخر پر دعا کے ساتھ اس کلاس کا باقاعدہ اختتام ہوا۔

اس کلاس میں لجنات کی کل حاضری 77 رہی۔

آخر میں اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس کلاس کو مبارک فرمائے اور ہمیں حقیقی رنگ میں احمدیت کی تعلیم پر عمل کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ آمین۔

(محمد اکمل۔ مشنری بانجل،گیمبیا)

پچھلا پڑھیں

اے خدا! سارے زمانے کو ہدایت دے دے

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی