• 17 مئی, 2024

احمدیہ مسلم سیکنڈری اسکول روکوپر،سیرالیون میں جلسہ سیرت النبی ؐ کا بابرکت و شاندار انعقاد

روکوپر احمدیہ اسکول کو یہ خاص مقام حاصل ہے کہ یہ سیرالیون کا پہلا احمدیہ اسکول ہے۔ اس کی بناء حضرت مولانا الحاج نذیر احمد علی صاحب مرحوم نے 1938 ء میں رکھی اورخود اس درسگاہ کے پہلے مدرس بھی بنے۔ آج یہ ادارہ پرائمری و سیکنڈری اسکول کی شکل میں علیحدہ علیحدہ عمارت میں منقسم ہے اور دو ہزار سے زائد طلباء اکتساب علم حاصل کر رہے ہیں۔

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 29 اکتوبر 2021ء کو اسکول میں ربیع الاول کے بابرکت ماہ کے حوالہ سے جلسہ سیرت النبی ؐ کا انعقاد کیا گیا۔

جلسہ کے انعقاد سے قبل حضور انور کی خدمت میں دعائیہ خط تحریر کیا گیا۔ جلسہ سے قبل ہی حضور انور کا جوابی خط بھی موصول ہوا جس میں حضور انور نے جلسہ کی کامیابی اور شاملین کے لئے دعا فرمائی۔ الحمد للّٰہ علی ذلک

تیاری جلسہ

جلسہ کی تھیم درود شریف کی برکات رکھی گئی تھی۔ اس حوالہ سے ماہ ربیع الاول کے آغاز سے ہی طلباء و اساتذہ کو تلاوت، نعت، تقاریر و اقتباسات کی تیاری کروائی گئی۔

جلسہ سیرت النبیؐ

مورخہ 28 اکتوبر 2021ء بروز بدھ بعد اسمبلی مکرم موسیٰ کے ڈی محمود صاحب (پرنسپل احمدیہ سیکنڈری اسکول روکوپر و ریجنل صدر) کی زیر صدارت جلسہ سیرت النبیؐ کا آغاز ہوا۔

اسمبلی کے معاً بعد حال ہی میں قرآن کریم ناظرہ مکمل کرنے والے طالب علم عزیزم ادریسہ کے کمارا نے سورۃ الاحزاب کی آیات 57 و 58 مع انگریزی ترجمہ پیش کیں۔ جس کے بعد ایک طالب علم نے دورود شریف کی برکات سے متعلق احادیث بیان کیں۔ ازاں بعدمولوی محمد سعید فوفانہ صاحب لوکل مشنری روکوپر سرکٹ نے درود شریف مع ترجمہ پیش کیا اور تمام شاملین نے ساتھ ساتھ دہرایا۔

اس کے بعد تین احمدی طالبات پر مشتمل گروپ نے معروف نعتیہ منظوم کلام

بدر گاہ ذیشان خیر الانام

مترنم آواز میں پڑھ کر سنایا۔ علیک الصلاۃ علیک السلام کے الفاظ میں تمام طلباء و اساتذہ نے ان کا ساتھ دیا۔

نظم کے بعدطلباء و اساتذہ کی جانب سے حسب ذیل تقاریر و اقتباسات پیش کئے گئے۔

اقتباسات و واقعات حضرت مسیح موعود علیہ السلام۔اقتباسات خلفائے کرام۔ درود شریف کی برکات بیان فرمودہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰٰ، رسول کریم ؐ غیر مسلموں کی نظر میں۔

خاکسار نے ’’درود شریف کی برکات‘‘ جبکہ صدر مجلس نے ’’رسول اللہ ؐ کا بچوں سے حسن سلوک‘‘ پر تقریر فرمائی۔

تقسیم انعامات ’’انعامی مقابلہ مضمون نویسی‘‘

ماہ اکتوبر کے آغاز میں احمدی طلباء و طالبات کے مابین انعامی مقابلہ کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبا سے اپنے الفاظ میں رسول اللہ ؐ سے اظہار محبت کے لئے 500 الفاظ میں مضمون لکھنے کا ٹاسک دیا گیا۔ اس حوالہ سے 30 سے زائد مضامین موصول ہوئے۔چنیدہ مضامین پر فائنل رزلٹ کے لئے مکرم احسن مقصود صاحب مربی سلسلہ نے فرائض منصفی سر انجام دیئے۔

جلسہ سیرت النبیؐ کے بابرکت موقع پر صدر مجلس نے اس مقابلہ کے نقد انعامات تقسیم کئے۔ پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کے نام یہ ہیں۔

اول: عزیزم سانٹگی ایس کمارا (40000لیونز)
دوم: عزیزم سعیدو ایم سُمّہ (30000لیونز)
سوم: عزیزم عمارہ ٹی مانیئے(20000لیونز)

حوصلہ افزائی: عزیزہ عائشہ رحمان مانسیرے (10000لیونز)

قابل ذکر امر یہ ہے کہ ان خدام نے یہ انعامی رقم ماہِ اکتوبر کے اخیر میں منعقد ہونے والے نیشنل اجتماع خدام الاحمدیہ کی ٹرانسپورٹ کے لئے ادا کردی تاکہ وہ اجتماع میں شامل ہو سکیں۔

دعا و اختتام

جلسہ کے آخر پر خاکسار نے دعا کروائی۔ جس سے قبل ایک بار پھر درودشریف کا اجتماعی ورد کیا گیا۔ جلسہ میں 1200 سے زائد طلباء و طالبات اور اساتذہ کرام شامل ہوئے۔

الحمدُللّٰہ یہ جلسہ اللہ تعالیٰٰ کے فضل اور حضور پُر نور ایدہ اللہ تعالیٰٰ کی دعاؤں سے نہایت کامیاب رہا۔ اللہ تعالیٰٰ سے دعا ہے کہ وہ ان تمام طلباء و اساتذہ کو اس مبارک موقع سے حقیقی رنگ میں مستفیض ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: ذیشان محمود ۔مبلغ سلسلہ سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 دسمبر 2021

اگلا پڑھیں

غزل