• 25 اپریل, 2024

خلافت دائمی نعمت ہے منہاج نبوت پر

انہیں زعمِ تفاخر ہے زر و مال و حکومت پر
ہمیں شرفِ فضیلت ہے کہ مرتے ہیں خلافت پر
زہے قسمت ہمارے سر پہ سایہ ہے امامت کا
ہمیں وہ لوگ ہیں جن کا یقیں پختہ خلافت پر
یہ اس کا فضل و احساں ہے یہ اس کی مہربانی ہے
یہ خاص الخاص رحمت ہے جو اس نے کی جماعت پر
بہ فیضِ نصرتِ ایزد ہوئی ہم کو عطا بہجت
کیا شاداں ہمیں اس نے عظیم الشان نعمت پر
بشارت دی مسیحائے زماں نے الوصیت میں
عزیزو غم نہ کرنا تم مری دنیا سے رخصت پر
مرا جانا ہی لازم ہے مگر غمگین مت ہونا
خدا تم کو سکینت دے کے لائے گا خلافت پر
تمہارے خوف کو وہ امن میں تبدیل کر دے گا
خلافت ایک مرہم ہے دلِ زخمیدہ صورت پر
خدا کا شکر واجب ہے کریں حمد و ثنا اس کی
جھکیں اس آستانے پر جھکیں اس کی عنایت پر
نبوّت قدرتِ اول خلافت قدرتِ ثانی
یہ دونوں قدرتیں شاہد ہیں مہدی کی صداقت پر
خلافت منبع خیر و عمل رشد و ہدایت ہے
خلافت دائمی نعمت ہے منہاج نبوت پر
کہاں ہوگا جہاں میں اَور کوئی ہم سا خوش قسمت
کہ خود کو بیچ ڈالا ہے ترے دستِ امامت پر
ترا ہر بول شیریں ہے ترا ہر لفظ خوشبو ہے
ملائک وجد کرتے ہیں ترے حسنِ خطابت پر

(ڈاکٹر عبد الکریم خالد)

پچھلا پڑھیں

حضرت مسیح موعودؑ کی سیرت کے متعلق حضرت مصلح موعودؓ کے بیان فرمودہ بعض واقعات

اگلا پڑھیں

’’ہوں بندہ مگر میں خدا چاہتا ہوں‘‘