• 18 مئی, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

• مکرم ابن ایف آر بسمل سے تحریر کرتے ہیں :

ایک مدیر الفضل کی سابق مدیر الفضل سے والہانہ محبت کا اظہار

26 نومبر 2021ء کے شمارہ الفضل آن لائن میں مکرم مولانا نسیم سیفی (مرحوم) پر مضمون دیکھ اور پڑھ کر بہت خوشی ہوئی اور نسیم سیفی صاحب (مرحوم) کی خوشگوار یادیں تازہ ہو گئیں۔ نسیم سیفی صاحب(مرحوم) کے الفضل کی ادارت سنبھالنے کے زمانے میں میرا آپ سے بہت رابطہ رہا ہے۔ مضامین لکھنے والوں کی بڑی حوصلہ افزائی فرماتے تھے اور ضروری رہنمائی بھی کر دیا کرتےتھے۔ ایک مرتبہ مجھے مخاطب کرتے ہوئے کہا۔ ’’دینی مضامین لکھنے والے ہمارے پاس بہت مربیان ہیں۔ آپ پر جماعت کا قرض ہے۔ آپ انجینئر ہیں۔ سائنسی اور ٹیکنیکل مضامین لکھا کریں‘‘ ۔چنانچہ ان کی خواہش کے مطابق جب میرے مضامین شائع ہونے لگے تو بڑی خوشی کا اظہار فرماتے۔

ایک بار میں نے عرض کیا کہ میں تو حضرت سلطان القلم کا ایک ادنی سپاہی ہوں۔ فرمانے لگے۔ بریگیڈیئر تو نہیں آپ کرنل کے مقام پر پہنچ چکے ہیں ۔آپ نے للہی محبت کی خاطر اپنے ساتھ میری تصویر بنوا کر اپنے دفتر میں لگائی ہوئی تھی۔

ایک اور واقعہ یاد آرہا ہے جس کا ذکر کیے دیتا ہوں کہ میری ایک بیٹی کا ولیمہ تھا میرے داماد مکرم خواجہ رفیق احمد (جرمنی) جو سابق ایڈیٹر الفضل خواجہ غلام نبی صاحب (مرحوم) کے پوتے ہیں ۔چنانچہ آپ از راہ شفقت میری بیٹی کے ولیمے میں شمولیت کے لئے تشریف لائے اور فرمایا۔ عین اسی وقت ایک اور شادی میں بھی invited تھا لیکن الفضل کے حوالے سے کہ دولہا ایک سینئرسابق ایڈیٹر کا پوتا ہے اور آپ الفضل کے لئے باقاعدہ لکھنے والے ہیں۔ میں نے اس شادی میں شامل ہونے کو ترجیح دی ہے۔ فجزاہم اللّٰہ تعالیٰ احسن الجزاء۔

باتیں تو اور بھی ہیں لیکن اسی پر اکتفا کرتا ہوں اللہ تعالیٰ مکرم نسیم سیفی (مرحوم) کے درجات بلند فرمائے اور مضمون نگار مکرم محترم مجید احمد سیالکوٹی (جنہیں میں غلطی سے عبدالمجید سیالکوٹی لکھ جاتا ہوں) کو جزائے خیر دے۔ آمین۔

• مکرمہ صفیہ بشیر سامی ۔لندن سے تحریر کرتی ہیں :
الفضل آن لائن 26 نومبر 2021 ءکے شمارہ میں محترم بھائی جان نسیم سیفی پر بہت پیارا حقیقت پر مبنی مضمون پڑھا۔محترم میرے خالہ زاد بھائی تھے ۔خاندان میں سب کو بہت محبت سے ملتے سب ہی سوچنے پر مجبور ہوتے۔ سیفی بھائی (مرحوم) مجھ سے ہی سب سے زیادہ پیار کرتے ہیں۔ میں بھی یہ کہنے پر سعادت سمجھتی ہوں کہ بھائی جان سیفی (مرحوم) مجھ سے بہت پیار کرتے تھے ۔مجھے یہ سعادت بھی حاصل ہے جب ہم پشاور رہتے تھے تو جماعتی تقریبات کے لئے بھائی سیفی (مرحوم) پشاور ہمیشہ ہمارے گھر قیام کرتے اُن کی دعائیں محبت بھری باتیں نصیحتیں سب یاد ہیں۔ اللہ سے دعا کرتی ہوں اللہ تعالیٰ بھائی جان کے درجات بلند فرمائے اللہ ہمیں اور ہماری اولادوں کو اُسی جذبہ سے دین کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فر مائے آمین۔

• مکرم عبد العلیٰ ۔فرینکفرٹ جرمنی سے لکھتے ہیں:
جرمن چانسلر کے عہدہ سے سبکدوش اور سیاست کو خیر آباد کہنے والی انجیلا میرکل ایک عظیم خاتون اور حکمران کے طور پر یاد رکھی جائیں گی۔ الفضل آن لائن کے شمارہ 27 نومبر2021ء میں محترمہ در ثمین احمد کا انجیلا میرکل کے متعلق مضمون پڑھا ۔انجیلا میرکل جرمنی کی تاریخ میں ایک سادہ، بہترین انسان دوست اور ہمدرد خاتون کے نام پر یاد رکھی جائیں گی الوداع میرکل۔

• مکرم جاوید اقبال ناصر ۔ جرمنی سے تحریر کرتے ہیں :
27 نومبر 2021ء کے شمارہ الفضل میں ’’اتباع امام مثالوں کی روشنی میں‘‘ آپ کا مضمون پڑھا۔ بہت عمدہ اور اعلی مثالوں سے آپ نے مضمون کا حق ادا کیا۔ خاص طور پر اونٹ کی مثال سے۔ کہا جاتا ہے کہ کسی بھی اونٹ میں اپنے سے اگلےاونٹ سے آگے نکلنے کی خواہش نہیں ہوتی۔ اور یہی وہ جانور ہے کہ اگر اس کی نکیل ایک بچے کو بھی تھما دی جائے تو یہ اس کی بات بھی اطاعت کے جذبہ سے بھر پور ہو کر مانتا ہے۔

پچھلا پڑھیں

حدیث ’’من سبّ نبیّا فاقتلوہ‘‘ پر ایک علمی نظر

اگلا پڑھیں

آج کی دعا