• 4 مئی, 2024

شیانگا ریجن تنزانیہ میں تائیدات الٰہی کے چند نظارے

دنیا بھر میں جماعت احمدیہ پر اللہ تعالی کے بیشمار فضل نازل ہو رہے ہیں اور جماعت احمدیہ تیزی سے ترقیات کی منازل طے کرتی چلی جارہی ہے۔الحمدللہ علی ذالک۔ تنزانیہ کے شمال مغرب میں شیانگا ریجن واقع ہے جہاں مختلف دیہاتوں میں بڑی تعداد میں احمدی آباد ہیں۔اس ریجن میں 82 جماعتیں قائم ہیں اور دیگر 26 مقامات پر بھی جماعت کا پودا لگ چکا ہے۔ ان میں سے اکثریت جماعتیں نومبائعین پر مشتمل ہیں جن کی تعلیم و تربیت کیلئے دورانِ سال مختلف پروگرامز منعقد کیے جاتے رہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس ریجن میں تعمیراتی کاموں کے ساتھ ساتھ خدمتِ خلق میں بھی جماعت احمدیہ کو خاطر خواہ کامیابی حاصل ہورہی ہے۔ بلاشبہ یہ تائیدات الٰہی کے نظارے ہیں جن میں سے چند تحدیثِ نعمت کیلئے قارئین کرام کی خدمت میں پیش کیے جارہے ہیں۔

اس ریجن میں مکرم عمران محمود (مبلغ سلسلہ) کے ہمراہ 17 معلمین تعینات ہیں جو تبلیغی و تربیتی سرگرمیوں کی نگرانی کرتے ہیں۔ اس سال 3 جماعتوں میں مساجد بنانے کی توفیق ملی جن کے نام Bukomela، Kalo اور I gundaہیں۔ ماہِ جون میں ان مساجد کا افتتاح عمل میں آیا۔ ان مساجد کی تعمیر کے ساتھ ہی علاقہ میں جماعت کا نام پہلے سے زیادہ پھیل رہا ہے۔ اسی طرح ان تینوں دیہاتوں میں پینے کے صاف پانی کی قلت کے پیش نظر واٹر پمپس بھی نصب کیے گئے ہیں۔ ان واٹر پمپس کیلئے IAAAE کا تعاون حاصل کیا گیا۔

ماہِ جون میں تین جماعتوں Mwamala، Shabuluba اور Nhumbili میں مشن ہاؤسز کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس سے قبل ان جماعتوں میں معلمین سلسلہ کرایہ کے مکانات میں قیام پذیر تھے۔

اس کے علاوہ شیانگا ریجن میں دوران سال قرآن سیمنار اور قرآن نمائش بھی منعقد کی گئی۔ نمائش دیکھنے آنے والے تمام لوگوں کو قرآن کریم کی عظمت اسکی شان اسکی اہمیت وغیرہ کے بارے میں از تحریرات حضرت مسیح موعود علیہ السلام بتایا گیا نیز زائرین کو پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ نمائش کے علاوہ Kahama شہر میں مختلف مقامات پر 5 بکس سٹال لگائے گئے جس سے ایک کثیر تعداد میں لوگوں تک پیغام پہنچا۔

امسال ماہِ جون میں ریجنل جلسہ سالانہ شیانگا ہوا جس میں مکرم امیر صاحب کے علاوہ دیگر مبلغین اور نیشنل عاملہ کے ممبران مع صدر صاحب خدام الاحمدیہ، صدر صاحب انصاراللہ اور صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نے شرکت کی۔ ریجنل کمشنر کو بھی اس جلسہ میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ جلسہ گاہ ریجنل صدر مقام سے کافی فاصلہ پر واقع ہے۔ چنانچہ ریجنل کمشنر نے تقریباً 200 کلومیٹر دور کا سفر کرکے اس جلسے میں شرکت کی۔ ان کے علاوہ امیگریشن آفیسر،پولیس افسران اور ریجنل سکیورٹی کے افسران بھی شامل ہوئے۔ الحمدللہ جلسہ کی حاضری1700 سے زیادہ رہی۔اس جلسہ کو لوکل میڈیا نے کوریج دی اور 2 ٹی وی چینلز نے خبر نشر کی۔ اس ریجنل جلسہ سالانہ کی وجہ سے جماعت کا مثبت تعارف قریبی ریجنز تک بھی پھیلا۔

امسال 4 ریجنل تربیتی کلاسز کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریجن میں اکثر احباب احمدی ہونے سے قبل غیر مسلم تھے اس لیے احمدیت قبول کرنے کے بعداسلامی تعلیمات سکھانا بہت ضروری ہے۔ اس مقصد کیلئے تربیتی کلاسز کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ ایسے لوگ اور نوجوان تیار ہوں جو اپنی جماعتوں میں واپس جاکر امام بن کر نمازیں اور جمعہ پڑھا سکیں۔ الحمد للہ اب تک ان کلاسز کے ذریعے 58 خدام کو نماز سادہ، قرآن کریم کی چند سورتیں بنیادی دینی معلومات اور خطبہ جمعہ پڑھانا سکھا کر مقامی جماعتوں میں نماز اور نماز جمعہ پڑھانے کے لیے تیار کیا جا چکا ہے۔ ان میں سے 20 افراد نے قرآن کریم ناظرہ بھی مکمل پڑھ لیا ہے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اپنے فضلوں کے نظاروں کو مزید بڑھاتا چلا جائے اور نومبائعین کی یہ جماعتیں ایمان و ایقان میں ترقی کرتی چلی جائیں۔ آمین

(عابد محمود۔ نمائندہ الفضل آن لائن تنزانیہ)

پچھلا پڑھیں

خلاصہ خطاب مستورات جلسۂ سالانہ برطانیہ مؤرخہ 6؍اگست 2022ء

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ