• 2 نومبر, 2024

زندگی بخش ہے فضل کی نہر ہے

زندگی بخش ہے فضل کی نہر ہے
نور کی لہر ہے علم کا شہر ہے

ہے عمل کامیابی کا ضامن کہ ہاں
بے عمل علم ہے تو فقط زہر ہے

ہے یہ جوئے سعادت رَواں دیکھیے
دَجل کی دھوپ میں ماہ ہے مہر ہے

حکمتوں کے خزانے لُٹاتا ہے یہ
چھوڑنا دین کو دعوتِ قہر ہے

زندگی بخش ہے فضل کی نہر ہے
نور کی لہر ہے علم کا شہر ہے

عزمِ فضلِ عمر نے جلایا دِیا
محترم بیبیوں نے بھی زیور دیا

دعوتِ فکر ہے تیری ہر اِک اَدا
روشنی ابتدا روشنی انتہا

تجھ میں ذکرِ خدا کی انوکھی صدا
تجھ میں عشقِ محمدؐ کا ہے معجزہ

جامِ کوثر ہے تُو، تُو ہے رَدّ بلا
ضامنِ فیض ہے صفحہ صفحہ ترا

زندگی بخش ہے فضل کی نہر ہے
نور کی لہر ہے علم کا شہر ہے

اک خدا ہے نبی اُس کے معصوم ہیں
تُو ہے خادم تو یہ تیرے مخدوم ہیں

حکمتوں کے خزانے لُٹاتے سبھی
تیرے مضمون ہیں یا کہ منظوم ہیں

تجھ میں مہدی کے چھپتے دفینے بھی ہیں
ہم پہ ظاہر ہیں منکر پہ مکتوم ہیں

قسمتوں کے دَھنی ہیں جو پائیں تجھے
ہیں وہ محروم جو تجھ سے محروم ہیں

زندگی بخش ہے فضل کی نہر ہے
نور کی لہر ہے علم کا شہر ہے

تُو ہے اَدیانِ باطل پہ حجت کڑی
تُو ہے الفضل جو معدنِ دین ہے

لاجرم انگ ہے احمدیت کا تُو
آنکھ والے ہی سمجھیں گے دیکھیں تجھے

پشت پر اَحمدی کے ہے ہر دم کھڑی
ہیں مضامین جوں موتیوں کی لڑی
ہے ضرورت ہر اک احمدی کو بڑی
تُو مہربان ہے رحمتوں کی جھڑی

زندگی بخش ہے فضل کی نہر ہے
نور کی لہر ہے علم کا شہر ہے

تجھ سے ہم کو بشارات ملتی رہیں
تجھ سے تعلیم حکمت کی پائیں سبھی
عاجزانہ دعائیں ہماری ہیں یہ
عمر سو سال اب جب کہ تیری ہوئی

تیرے ماتھے پہ آیات سجتی رہیں
تا قیامت عنایات بٹتی رہیں
فیض کی تیری لہریں یہ چلتی رہیں
فضل کی تیری نہریں یہ بہتی رہیں

زندگی بخش ہے فضل کی نہر ہے
نور کی لہر ہے علم کا شہر ہے

(محمد مقصود احمد منیبؔ)

پچھلا پڑھیں

الفضل کی ایک ننّھی اور معصوم مجاہدہ

اگلا پڑھیں

اخبار الفضل پر خلفاء سلسلہ کی لازوال عنایات اور بے پایاں محبتیں اور شفقتیں