• 26 اپریل, 2024

تنزانیہ کی جماعت دالونی میںمسجد کاافتتاح

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ تنزانیہ کو امسال ٹانگا ریجن کی ایک جماعت دالُونی (Daluni) میں مسجد کی تعمیرِ نو کی توفیق ملی۔ یہ گاؤں ٹانگا شہر سے تقریباً 64 کلومیٹر کے فاصلہ پر ایک اونچے پہاڑ پر واقعہ ہے۔ اس گاؤں میں جماعت تقریباً 20 سال سے قائم ہے اور حاجی عبد اللہ سادالہ (Sadala) نامی ایک مخلص بزرگ نے مسجد کے لیے زمین ہدیہ کی تھی جہاں مسجد بنائی گئی۔ کافی عرصہ گزرنے کے بعد یہ عمارت خستہ حال ہو چکی تھی۔ چنانچہ اسی جگہ پر اب نئے سرے سے پہلے سے بڑی مسجد بنائی گئی ہے۔ ماہِ مارچ میں دعاؤں، صدقات اور افرادِ جماعت کی مدد سے اس مسجد کا سنگِ بنیاد رکھا گیا اور تعمیراتی کام کا آغاز ہوا۔

مقامی معلم سلسلہ مکرم محی الدین کی نگرانی میں خدام نے وقارِ عمل کے ذریعہ بھرپور انداز میں تعمیر میں حصہ لیا۔ تقریباً 2000 اینٹیں وقارِعمل کے ذریعہ بنائی گئیں۔ اس علاقہ کا شمار گرم علاقوں میں ہوتا ہے اور برسات کے موسم میں بھی بارشیں بہت کم ہوتی ہیں۔ تعمیراتی مراحل میں سب سے مشکل کام پانی کی مسلسل فراہمی تھی جس میں خاص طور پر احمدی خواتین نے تعاون کیا جو گاؤں سے باہر گزرنے والے دریا سے سائیکلوں پر پانی کے ڈول بھر بھر کے لاتی رہیں۔ اسی طرح پرانی مسجد سے قابل استعمال سامان کو بھی حسبِ ضرورت استعمال میں لایا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اگست میں مسجد کی عمارت کی تعمیر مکمل ہوئی جس میں تقریباً 120 افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔

مورخہ 31 اگست 2019ء بروز ہفتہ اس گاؤں کی خوبصورت مسجدکے افتتاح کا پروگرام تھا۔
امیر و مشنری انچارج مکرم طاہر محمود چوہدری مسجد کے افتتاح کے لیے تشریف لائے۔

افتتاح کا پروگرام تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔ جس کے بعد نظم پیش کی گئی۔ بعد ازاں تشریف لائے ہوئے سرکاری عہدیداران نے مختصر طور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مکرم امیر صاحب نے افتتاحی تقریر میں مساجد کی تعمیر کی غرض و غایت بیان فرمائی اور اسی طرح غیر از جماعت احباب کے لیے جماعت احمدیہ کا تعارف بھی کروایا۔ گاؤں کی سُنی مسجد کے امام اپنے وفد کے ہمراہ بھی شامل ہوئے۔ شامل ہونے والے مہمانان نے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ اس جگہ سے کچھ دور دیگر مساجد بھی قائم ہیں مگر احمدیہ مسجد علاقے کی سب سے خوبصورت مسجد بن گئی ہے۔

مجموعی طور پر اس پروگرام میں 320 افراد شامل ہوئے جن میں تقریباً 200 سے زائد غیر ازجماعت احباب بھی تھے۔ دعا کے بعد مسجد کے باہر تمام احباب کی اجتماعی تصویر بنائی گئی اور تمام حاضرین کو کھانا پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس جگہ خانۂ خدا کی تعمیر کے حوالہ سے ہماری اس حقیر سی کوشش کو اپنے حضور قبول فرمائے۔

(محمد افضل بھٹی ۔تنزانیہ)

پچھلا پڑھیں

روزنامہ الفضل کا پرنٹ سے ڈیجیٹل میڈیا تک کا کامیاب سفر

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 جنوری 2020