• 6 مئی, 2024

سیرالیون میں جلسہ پیشگوئی مصلح موعود ؓکا بابرکت انعقاد

احمدیہ مسلم سیکنڈری سکول روکوپر، سیرالیون میں
جلسہ پیشگوئی مصلح موعود ؓکا بابرکت انعقاد

مجلس نصرت جہاں کے تحت سیرالیون میں قائم ہونے والے احمدیہ سیکنڈری سکول روکوپر 50سال سے دینی و دنیاوی تعلیم دے رہا ہے۔ پرائمری سکول 1938ء میں حضرت مولانا الحاج نذیر احمد علی صاحب مرحوم نے جبکہ احمدیہ مسلم جونیئر سیکنڈری سکول 1972ء میں مکرم منصور احمد بشیر صاحب نے قائم فرمایا تھا۔ پرائمری و سیکنڈری سکول کی علیحدہ علیحدہ عمارت میں دو ہزار سے زائد طلباء علم حاصل کر رہے ہیں۔ سکول ہذا میں محترم مبارک احمد طاہر صاحب سیکرٹری مجلس نصرت جہاں بھی بطور پرنسپل خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔

محض اللہ تعالی کے فضل سے مورخہ 18 فروری 2022ء کو سکول میں جلسہ پیشگوئی مصلح موعودؓ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ جلسہ کے لئے طلباء کی تیاری ماہ جنوری کے آغاز سے کر دی گئی تھی۔

امتحانات کے باعث مورخہ 17 فروری 2022ء بروز جمعرات اسمبلی کے معاً بعد مکرم موسیٰ کے ڈی محمود صاحب (پرنسپل احمدیہ سیکنڈری سکول روکوپر و ریجنل صدر) کی زیر صدارت جلسہ پیشگوئی مصلح موعودؓ کا آغاز ہوا۔

عزیزم ادریسہ کے کمارا (کلاس JSS3) نے سورۃ النور کی آیات 56 مع انگریزی ترجمہ پیش کیں۔ جس کے بعد عزیزم سعیدو اے کمارا (SSS3) نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی مبشر اولاد کے حوالے سے مذکور حدیث يَتَزَوَّجُ وَ يُوْلَدُ لَهُ پیش کی اور مختصراً اس کا پورا ہونا بیان کیا۔ پرائمری سکول کی کلاس ششم کے طالب علم عزیزم شیخو لامین ییلا نے حضرت مصلح موعود ؓ کی آمین کے موقع پر کہا گیا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام ’’حمد و ثناء اسی کو‘‘ مترنم آواز میں مع ترجمہ پیش کیا۔

بعد ازاں طالب علم عزیزم سعیدو ایس سُمّہ (SSS2) پیشگوئی کے الفاظ پڑھ کر سنائے۔ اس کے بعد دو احمدی طالبات پر مشتمل گروپ نے ترانہ خلافت پیش کیا۔

اس کے بعد خاکسار نے پیشگوئی مصلح موعود رضی اللہ عنہ کا پس منظر اور چند علامات کا ذکر کر کے بتایا کہ یہ پیشگوئی جماعت احمدیہ کے دوسرے خلیفہ کی ذات میں پوری ہوتی ہے جبکہ صدر مجلس نے حضرت مصلح موعود ؓکے کارناموں پر تقریر فرمائی جس میں علمی خدمات کے ساتھ ساتھ، جماعتی نظام کے استحکام، اور حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ کے ذریعہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے الہام ’’میں تیری تبلیغ کو دنیا کے کناروں تک پہنچاؤں گا۔‘‘ کا پورا ہونا بیان فرمایا۔

تقسیم انعامات

ماہ جنوری کے آغاز میں احمدی طلباء و طالبات کے مابین پیشگوئی مصلح موعودؓ کا انگریزی ترجمہ یاد کرنے کے انعامی مقابلہ کا اعلان کیا گیا اور مکمل پیشگوئی یاد کرنے پر 20ہزار لیونز کا انعام مقرر کیا گیا۔ 45 کے قریب طلباء و طالبات نے مقابلہ میں حصہ لیا۔ عزیزم سعیدو ایم سُمّہ طالب علم SSS2 نے پیشگوئی کے الفاظ من و عن مکمل یاد کئے اور انعام کے حقدار قرار پائے۔

دوسرا انعام عزیزم عمران جان طورے طالب علم SSS2 کو دیا گیا۔ جس نے امسال 4 جنوری کو قرآن کریم شروع کیا۔ خاکسار نے اس خادم کو چیلنج دیا کہ اگر 30 دنوں کے اندر قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کر لو گے تو ان شاء اللّٰہ مصلح موعودؓ ڈے پر انعام دیا جائے گا۔ عزیزم موصوف نے 19 دن میں قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کر لیا اور انعام کے حقدار قرار پائے۔

صدر مجلس محترم پرنسپل صاحب نے نقد انعامات تقسیم کئے اور دونوں طلباء کی کاوش کو سراہا۔ قابل ذکر امر یہ ہے کہ ان دونوں خادم طلباء نے انعامی رقم سے سب سے پہلے اپنا چندہ ادا کیا۔

دعا و اختتام

جلسہ کے آخر پر صدر مجلس نے دعا کروائی۔ جلسہ میں 1100 سے زائد طلباء و طالبات اور اساتذہ کرام شامل ہوئے۔

الحمدُللہ یہ جلسہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے نہایت کامیاب رہا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان تمام طلباء و اساتذہ کو اس مبارک موقع سے حقیقی رنگ میں مستفیض ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: ذیشان محمود۔مربی سلسلہ و استاذ احمدیہ سیکنڈری اسکول روکوپر، سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

This Week with Huzoor مؤرخہ 18 فروری 2022ء

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ