• 21 مئی, 2024

نیشنل یوم امن پر امن مارچ

عالمی طور پر عموماً 21 ستمبر کو بطور امن کا دن منایا جاتا ہے تاہم اس کے برعکس آئیوری کوسٹ میں کئی دہائیوں تک خانہ جنگی کا شکار رہنے کے بعد 1996ء سے تاحال ہر سال 15 نومبر کو امن کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے جس دن پورے ملک میں عام تعطیل ہوتی ہے اور مختلف مقامات پر پروگرامز کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے جس میں ملک میں امن اور بھائی چارہ کی اہمیت پر زور دیا جاتا ہے۔جماعت احمدیہ احمدیہ آئیوری کوسٹ کو بفضل خدا تعالیٰ ہر سال مؤرخہ 15 نومبر کو اس دن کونیشنل لیول پر امن کے طور پر منانے کی سعادت نصیب ہوتی ہے۔ ہر سال کی طرح امسال بھی مؤرخہ 15 نومبر کو یہ دن امن کی اہمیت کے طورپر منایا گیا جس کے لئے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کی جانب سے مقامی سطح پر امن مارچ کا انعقاد کیا گیا۔

امسال امن مارچ کے انعقاد کے سارے انتظامات خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کی زیر نگرانی مکرم جابی مصطفیٰ صاحب نے کئے جس میں ایک ہفتہ قبل ہی آبی جان شہر کے قرب جوار میں واقع ریجنز مثلاً بسم،گراں لاہو نیز آبوویل میں خصوصا خدام الاحمدیہ و عموما تمام احمدی احباب کرام کو اس مارچ میں شرکت کی دعوت دی گئی نیز مقامی طورپر قبائلی عمائدین کو بھی اس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔مؤرخہ 15 نومبر بروز سوموار صبح 09 بجے 04کلومیٹر پر محیط اس مارچ کا باقاعدہ آغاز امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشاصاحب کی زیرنگرانی بمقام یپوگوں سیپوریکس (yopougon siporex) سے کیا گیا۔اس مارچ میں سب سے آگے ملکی پرچم کوبلندکیا گیا جسے خدام الاحمدیہ نے تھاما ہوا تھا۔مارچ سے قبل گورنمنٹ سے اس کی باقاعدہ اجازت لی گئی چنانچہ پولیس بھی اس مارچ میں شاملین کے ساتھ ساتھ برائے سیکیوریٹی موجود رہی۔اس مارچ کے روٹ کے مختلف مقامات میں siporex,sable,bel air,selmer کے مقامات شامل تھے جبکہ اس مارچ کا اختتام میئر آفس یپوگوں (yopougon) میں کیا گیا جہاں قومی پرچم لہرانے کے ساتھ ساتھ مکرم امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے مختصر تقریر کی جس میں شاملین کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں امن کی اہمیت کے متعلق بھی آگاہ کیا نیز جماعت احمدیہ کی عالمی امن کی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔جس کے بعد شاملین میں ریفریشمنٹ تقسیم کی گئی اور اس مارچ کا باقاعدہ اختتام ہوا۔

اس مارچ میں آبوویل سے 34 افراد،گراں لاہو سے 15 افرادنیز 14 افراد کی گراں بسم سے شرکت کے ساتھ ساتھ کل حاضری اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ تقریباً ایک سو پچاس (150) کے قریب رہی جس میں خدام الاحمدیہ کے ساتھ ساتھ اطفال الاحمدیہ، انصار اللہ نیز لجنہ اماءاللہ اور نصرات نے بھی شرکت کی، نیز اس مارچ میں مقامی علاقہ کے یاقوبا،بورو اور باؤلے قبیلہ کے عمائدین نے بھی اپنا روایتی لباس زیب تن کرکے شرکت کی۔دوران مارچ شاملین نے بینرز اٹھار کھے تھے جن پر امن کی اہمیت کے متعلق ارشادات خلفاء و جماعتی ماٹو ’’محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں‘‘ درج تھا جبکہ شاملین مسلسل la paix یعنی امن کے نعرہ لگاتے رہے۔دوران مارچ گزرنے والی گاڑیوں،موٹر سائیکل سوار نیز پیدل چلنے والوں میں جماعتی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔ اس مارچ کی باقاعدہ رپورٹنگ یپوگوں کے مقامی ریڈیو چینل نے کی۔یوپوگوں کے میئر صاحب بھی حکومتی مصروفیات کے باعث اس میں شریک نہ کر سکےتاہم انہوں نے جماعت کے لئے نیک خواہشات کااظہار کیا،مزید براں دیگر مقامی گزرنے والے افراد نے بھی جماعت احمدیہ کی کاوش کو سراہا کہ وہ کس طرح اپنے اس مارچ کے ذریعے سے اپنے اردگرد کے ماحول میں امن کی اہمیت کو اجاگر کر رہی ہے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ کی اس کاوش کو احسن رنگ میں قبول کرے نیز سربراہان ممالک و عوام الناس حقیقی طور پر امن کے شہزادے حضرت محمد مصطفیٰ نیز آپ کے عاشق صادق حضرت مسیح موعودؑ کی تعلیمات کو سمجھتےہوئے دنیا میں امن قائم کرنے والے ہوں۔آمین

(عبدالنور۔نمائندہ الفضل آئیوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14 دسمبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ