سالانہ ورزشی مقابلہ جات
جامعۃ المبشرین برکینا فاسو 2022ء
جامعۃ المبشرین برکینا فاسو میں جہاں علمی اور تربیتی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں وہاں طلبأ کو تندرست رکھنے کے لیے کھیلوں کا انعقاد بھی باقاعدگی سے کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ تعلیمی سال کے اختتام پر سالانہ ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ مسابقت کی روح پیدا کرنے کے لیے جامعہ کے تمام طلبأ کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان گروپس کے نام ’’امانت‘‘, ’’صداقت‘‘، ’’شجاعت‘‘ اور ’’عدالت‘‘ ہیں۔
رسول اللہ ﷺ کے فرمان ’’اَلْعَقْلُ السَّلِیْمِ فِیْ الْجِسْمِ السَّلِیْمِ‘‘ کو مد نظر رکھتے ہوئے روزانہ باقاعدگی سے بعد نماز عصر طلبأ کے لیے مختلف کھیلوں کا انتظام کی جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس سال دس کلومیٹر پیدل تیز چلنے کا بھی مقابلہ کروایا گیا۔ نیز سیکٹر کے غیر احمدی لڑکوں کے ساتھ بھی فٹ بال کے مقابلہ جات کروائے گئے جس سے جماعت کا تعارف بھی بڑھا۔
امسال سالانہ ورزشی مقابلہ جات 30 جون تا 2 جولائی منعقد ہوئے۔ گروپس کے مابین ابتدائی مقابلہ جات پہلے کروائے جاچکے تھے۔ چنانچہ ان تین دنوں میں صرف فائنل میچزکروائے گئے۔ پروگرام سے پہلے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں خط لکھا گیا نیز صدقہ بھی دیا گیا۔ چنانچہ سالانہ ورزشی مقابلہ جات کے اجتماعی مقابلہ جات میں فٹ بال،کرکٹ، باڑی،والی بال،رسہ کشی، دوڑتین ٹانگ، ایک ٹانگ پر کھڑے ہو کر توازن برقرار رکھنا، دوڑ 100میٹر اور ریلےریس شامل تھے۔ اس کے علاوہ انفرادی مقابلہ جات میں ثابت قدمی، دوڑ، کلائی پکڑنا، پنجہ آزمائی، نشانہ غلیل، لانگ جمپ، ہائی جمپ، بوری ریس، گولہ پھینکنا، دوڑ ہزار میٹر اور روک دوڑ شامل تھی۔مقابلہ جات سے پہلے حافظ نمی آدم صاحب استاد جامعہ احمدیہ جو کھیلوں کے نگران ہیں، نے اساتذہ پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے کر ان کو مختلف ذمہ داریاں سونپی گئیں۔
افتتاحی تقریب
سالانہ کھیلوں کی افتتاحی تقریب موٴرخہ 30 جون 2022ء کو منعقد جامعہ کے ہال میں منعقد ہوئی جس کے لئے، جامعہ کی روایات کے مطابق دوران سال نئے آنے والے استاد، اکبر احمد طاہر صاحب کو نامزد کیا گیا تھا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جو چی تینگے ابراہیم صاحب طالب علم سال اول نے کی۔ بعد ازاں جگی آدم صاحب طالب علم سال دوم نے نظم پیش کی۔مہمان خصوصی نے اپنی تقریر میں صحت کا خیال رکھنے اور ورزش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ نیز ایک مبلغ کے صحت مند ہونے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ آخر میں چوہدری نعیم احمد باجوہ صاحب پرنسپل جامعۃ المبشرین نے طلبأ کو نصائح کیں۔ مہمان خصوصی نے دعا کروائی۔
مقابلہ جات کا آغاز
افتتاحی تقریب کے بعد فائنل مقابلہ جات کا آغاز کیا گیا۔ پہلا کرکٹ کا فائنل میچ صداقت اور شجاعت گروپس کے مابین کروایا گیا۔ اسی طرح باڑی کے میچ عدالت اور امانت گروپ کے درمیان، والی بال کا میچ امانت اور صداقت گروپس کے مابین ہوا۔فٹ بال صداقت اور امانت نیز رسہ کشی کا فائنل میچ شجاعت اور امانت گروپس کے درمیان منعقد کیاگیا۔
چاروں گروپس میں سے اول دوم اور سوم گروپ کا فیصلہ کرنے کے لئے ہر میچ کے پوائنٹس رکھے گئے تھے۔ان قواعد کے مطابق نتائج تیار کئے گئے۔ اس سال امانت گروپ 47 پوانٹس حاصل کر کے پہلے نمبر پر رہا۔ جبکہ بہترین کھلاڑی دوسرے سال کے طالب علم سلف تراوارے قرار پائےانہوں نے 36 پوئنٹ حاصل کیے۔
اختتامی تقریب
کھیلوں کے تیسرے دن 2 جولائی 2022ء بروزہفتہ دوپہر ساڑھے بارہ بجے اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔اس تقریب کے مہمان خصوصی محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینا فاسو تشریف تھے۔ مہمان خصوصی کے تشریف لانے پر روک دوڑ کا مقابلہ کروایا گیا جو کہ سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا مقابلہ تھا۔ اسی طرح کلائی پکڑنا اور پنجہ آزمائی کے فائنل میچز مہمان خصوصی کے سامنے کروائے گئے۔ بعد ازاں مہمانانِ کرام کے لیے میوزیکل چیئرز کے مقابلہ کا انعقاد کیا گیا تھا جو کہ بہت دلچسپ رہا۔
مقابلہ جات کے بعد تمام طلبہ اپنے اپنے گروپ کے سپورٹس یونیفارم میں ملبوس ہو کر جامعہ کے ہال میں ترتیب سے بیٹھ گئے۔ ساڑھے بارہ بجے تلاوت قرآن مجید سے تقریب کا آغاز ہوا جس کے بعد نظم ’’نونہالان جماعت مجھے کچھ کہنا ہے‘‘ پیش کی گئی۔ ودراگو حمزہ طالب علم سال سوم و سیکریٹری شعبہ کھیل نےسالانہ رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں پرنسپل صاحب نے ابتدائی کلمات پیش کئے۔آپ نے مہمانان کرام اور مہمان خصوصی کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد امیر صاحب برکینا فاسو نے طلبأ میں انعامات تقسیم کیے اور آخر میں نصائح فرمائیں۔ تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔
نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد ظہرانہ دیا گیا جس میں مہمانان کرام، جامعہ اسٹاف اور تمام طلبہ شامل ہوئے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ پروگرام طلبأ میں روحانی جسمانی ترقیات کا موجب بنیں۔ آمین
(رپورٹ:مبارک احمد منیر -نمائندہ الفضل آن لائن لندن)