•مکرم وقار الحق مربی سلسلہ یہ اعلان بھجواتے ہیں:
خاکسار کے سسر مکرم رشید احمد ولد منیر احمد موٴرخہ 26؍اکتوبر 2022ء، بروز بدھ بعمر 61 سال بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نیک، مخلص، دوسروں کا درد رکھنے والے نیز صابر شخصیت کے مالک تھے۔ مہمان نوازی آپ کا ایک خاص وصف تھا۔ وفات سے قبل بطور سیکریٹری جائیداد حلقہ خدمت کی توفیق پا رہے تھے۔ قبرستان عام میں آپ کی تدفین عمل میں لائی گئی۔ آپ نے سوگواران میں اہلیہ کے علاوہ 4 بیٹے اور دو بیٹیاں یادگار چھوڑی ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم زاہد اقبال کو بطور معلم جماعتی خدمت کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے نیز قارئین الفضل سے ان کی بلندی درجات کے لئے بھی دعا کی درخواست ہے۔
•مکرم ڈاکٹر کرامت اللہ دانیال۔ برلنگٹن ورمانٹ، امریکہ سے یہ افسوس ناک اطلاع بھجواتے ہیں:
خاکسار کے والد ڈاکٹر محمد ظفراللہ صاحب ولد محترم رحمت اللہ صاحب، کوٹلی لوہاراں ضلع سیالکوٹ، بقضائے الٰہی موٴرخہ 28؍جون 2022ء کو امریکہ میں وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ موٴرخہ یکم جولائی 2022ء کو ورجینیا میں مکرم فلاح الدین شمس، نائب امیر جماعت احمدیہ امریکہ نے اُن کی نماز جنازہ پڑھائی۔ بعد ازاں ان کی تدفین فیئرفیکس میموریل پارک میں ہوئی۔
مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، با ہمت، خوش اخلاق اور خوش مزاج انسان تھے۔ تلاوت قرآن کریم کے عاشق اور ترجمہ و تفسیر کے دلدادہ تھے۔ مرحوم نے 1974ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الثالث ؒکے ارشاد پر میتھمیٹکس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی تھی اور الحمدللّٰہ 120 سے زیادہ ریسرچ پیپرز شائع کیے تھے۔ آپ نے پسماندگان میں اپنی والدہ، بیوہ اور دو بہنوں کے علاوہ 4 بیٹے سوگوار چھوڑے ہیں۔ قارئین الفضل سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے ساتھ مغفرت کا سلوک فرماتے ہوئے ان کے درجات بلند کرے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔