• 21 مئی, 2024

اجتماع خدام الاحمدیہ ریجن واگا ڈوگو برکینا فاسو

جماعت احمدیہ برکینا فاسو دن دگنی اور رات چگنی ترقی کر تی چلی جارہی ہے اور ہر سال ہزاروں افراد جماعت احمدیہ کی آغوش میں آتے چلے جارہے ہیں۔ ان افراد کی تعلیم و تربیت کے لیے اور نظام جماعت میں ان کو شامل کرنے کے لیے ہر سال برکینا فاسو میں اجتماعات اور جلسہ جات کا انعقاد کیا جاتا ہے اسی سلسلہ میں واگا ڈوگو ریجن کے خدام الاحمدیہ کو اپنا ریجنل اجتماع 30تا 31 اکتوبر 2021 کو Tampouy جماعت میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

اجتماع سے پہلے Tapsoba Issouf ریجنل قائدخدام الاحمدیہ واگاڈوگو کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جنھوں نے تمام کام بہت خوش اسلوبی سے سرانجام دیئے۔ اجتماع سے پہلے ریجنل قائد صاحب واگا ڈوگو نے مختلف جماعتوں کے دورہ جات کیےاور خدام کو اجتماع کے لیے تیار کیا۔ اجتماع کی تمام تر تیاری میں ناصر اقبال صاحب ریجنل مشنری واگا ڈوگو نے ہر موقع پر خدام کی راہنمائی کی اور جماعتی روایات کو ملحوظ رکھنے کی تلقین کرتے رہے۔ اس کے علاوہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دعائیہ خط لکھا۔ امسال اجتماع کے لیے واگا ڈوگو کی ایک جماعت Tampouy کا انتخاب کیا گیا۔جس کا مقصد یہ تھا کہ علاقہ کے دوسرے غیر احمدی حضرات تک بھی احمدیت کی خوبصورت تعلیم پہنچانے کی توفیق مل جائے اور یہ اجتماع ایک خاموش تبلیغ کا کام بھی دے سکے۔

اجتماع کا آغاز 30 اکتوبر 2021 کو ہوا۔ تمام خدام ظہر کی نماز تک مقررہ جگہ پر پہنچ گئے تھے۔ چنانچہ دو بجے دوپہر کو افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت Kone Daouda کونے داؤدا صاحب صدر خدام الاحمدیہ برکینا فاسو نے کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد صدر صاحب نے خدام سے عہد لیا اور حضرت مسیح موعود ؑ کا منظوم کلام پڑھا گیا۔ اس کے بعد ریجنل قائد صاحب نے شاملین کو خوش آمدید کہا۔ اور آخر میں صدر صاحب خدام الاحمدیہ برکینا فاسو نے خدام کو نصائح کیں اور دعا کروائی۔

افتتاحی تقریب کے بعد ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ان مقابلہ جات میں فٹ بال، رسہ کشی، دوڑ ۱۰۰ میٹر اور ریلے ریس کے مقابلہ جات شامل تھے۔چنانچہ تمام مقابلہ جات خدام اور اطفال کے الگ الگ کروائے گئے۔ان مقابلہ جات کو دیکھنے کے لیے علاقہ کے دوسرے افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

شام 6بجے نماز مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھی گئیں۔نمازوں کے بعد درس دیا گیا۔ بعد ازاں مہمانوں کے لیے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔ رات کے کھانے کے بعد علمی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، اذان، حفظ قرآن، قصیدہ، تقریر بزبان فرینچ، تقریر فی البدیہہ، دینی معلومات اور پیغام رسانی کے مقابلہ جات شامل تھے۔ یہ تمام مقابلہ جات خدام اور اطفال کے الگ الگ کروائے گئے۔

31 اکتوبر کا آغاز نماز تہجد سے کیا گیا چنانچہ نماز تہجد کے بعد فجر کی نماز ادا کی گئی اور درس دیا گیا۔ ناشتہ کے بعد بقایا ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ اختتامی تقریب کا آغاز صبح ۹ بجے ہوا۔ اختتامی تقریب کے لیے مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینا فاسو تشریف لائے اور خدام الاحمدیہ کی حوصلہ افزائی کی۔ تلاوت قرآن کریم، عہد خدام الاحمدیہ،نظم کے بعد ایک خادم نے ’’نوجوانوں کی ذمہ داریوں اور جدید زمانہ میں روحانی اور مادی ترقی کرنے کے لیے اسلامی تعلیم پر عمل کرنا ضروری ہے‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ بعد ازاں پوزیشن لینے والے خدام اور اطفال میں امیر صاحب نے انعامات تقسیم کیے اور حاضرین اجتماع کو نصائح فرمائیں۔ اجتماع کا اختتام دعا سےہوا۔ بعدا زاں نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور حاضرین اجتماع کو کھانا پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس اجتماع پر 17جماعتوں سے 293 خدام و اطفال شامل ہوئے۔

اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو شاملین اجتماع کے لیے ہر لحاظ سے بابرکت کرے اور انہیں ایمان و وفا میں بڑھائے۔ آمین ثم آمین۔

(مبارک احمد منیر۔ نمائندہ الفضل برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

دعاؤں کی تازہ تحریک

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ