• 20 اپریل, 2024

نماز جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 4؍جنوری 2023ء بروز بدھ 12بجے دوپہر اسلام آباد میں درج ذیل نماز جنازہ حاضر و غائب پڑھائے۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ شمیم اختر طارق صاحبہ اہلیہ مکرم محمد لقمان طارق صاحب (ہیز۔ یوکے)

27؍دسمبر 2022ء کو 55 سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ مکرم ٹھیکیدار محمد اسلم صاحب (آف ربوہ) کی بیٹی اور مکرم محمد سلیمان طارق صاحب مرحوم (آف ساؤتھ آل) کی بہو تھیں۔ مرحومہ نما ز اور روزہ کی پابند، بہت ملنسار، مہمان نواز اور خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والی ایک نیک، دیندار اورمخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ نے اپنی جماعت میں ریجنل وقف نو کوآرڈینیٹر کے علاوہ صدر لجنہ اماء اللہ ہیز کے طور پرخدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں شوہر کے علاوہ 3 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرم انتصار احمد صاحب راجپوت ابن مکرم چوہدری احمد جان صاحب

29؍نومبر 2022ء کو 73سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کے دادا حضرت میاں جان محمد صاحب راجپوت ؓ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔ مرحوم نہایت ملنسار، خوش مزاج شخصیت کے مالک تھے۔ خلافت سے بے پناہ محبت کرنے والے تھے۔ خدمت دین کے جذبہ سے سرشار، دوسروں کی تکلیف کا احساس کرنے والےایک نیک انسان تھے۔ جب حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒ کی مجالسِ عرفان کی آڈیو کیسٹس کا آغاز ہوا تو آپ گھنٹوں اُن کیسٹس کو بے حد شوق اور توجہ کے ساتھ سنتے۔ ملازمت کے دوران احمدیت کی مخالفت کے باوجود بڑی محنت اور لگن سے کام کرتے اور سب مشکلات کا صبرو استقامت سے سامنا کرتے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چھ بچے شامل ہیں۔ بڑے بیٹے مکرم اویس احمدصاحب اللہ تعالیٰ کے فضل سے حافظ قرآن ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم احمد فراز صاحب (مربی سلسلہ) لتھوانیا میں خدمت بجالا رہے ہیں اور میدان عمل میں ہونے کی وجہ سے اپنے والد کے جنازہ پر حاضر نہیں ہوسکے۔

-2 مکرم ملک عنایت اللہ صاحب ابن مکرم حافظ محمد عبد اللہ صاحب

4؍اکتوبر 2022ء کو 95سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم صوم وصلوٰة کے پابند اور چندوں کی ادائیگی میں باقاعدہ تھے۔ نظام جماعت اور خلافت کے اطاعت گزار، شفیق، کم گو، نرم دل، سادہ مزاج اورمخلص انسان تھے۔ لمبا عرصہ مختلف حیثیتوں میں جماعت کی خدمت بجالاتے رہے۔ مرحوم اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔

-3 مکرمہ صدیقن بی بی صاحبہ اہلیہ مکرم عبد اللہ جان صاحب

2؍اپریل 2021ء کو 95سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ کا تعلق سیکھواں انڈیا کی کشمیری فیملی سے تھا۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت میاں دین محمد صاحب عرف میاں بگا رضی اللہ عنہ کی بہو تھیں۔ صوم وصلوٰة اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، تہجد گزار، متوکل علی اللہ اور خودار طبیعت کی مالک تھیں۔آپ بڑی مہمان نواز،غریب پرور،بہت نیک، ہمدرد اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ شادی کے 13سال بعد حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی دعا سے آپ کے ہاں اولاد پیدا ہوئی اور اللہ تعالیٰ نے آپ کو چار بیٹوں اور تین بیٹیوں سے نوازا۔جن میں سے ایک بیٹے وفات پاچکے ہیں۔

-4 مکرم عبید اللہ واہلہ صاحب

16؍ دسمبر 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ نے 88 شمالی سرگودھا میں صدر جماعت کے علاوہ امیر حلقہ شمالی سرگودھا خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم شفیق، ہمدرداور ایک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ خلافت کے ساتھ گہرا فدائیت کا تعلق تھا۔مالی قربانی میں پیش پیش رہتے تھے۔ اولاد کی بہت اچھی تربیت کی۔ جماعتی عہدیداروں کا بہت احترام کیا کرتے تھے۔مرحوم اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔

-5 مکرم منور احمد ضیاء صاحب (آسٹریلیا)

21؍دسمبر 2022ء کو 79 سال کی عمر میں طاہر ہارٹ انسٹی ٹیوٹ ربوہ میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کے خاندان میں احمدیت آپ کے پڑدادا حضرت مولوی محمد عبدا للہ صاحب بھینی ضلع شیخوپورہ کے ذریعہ آئی۔ مرحوم صوم وصلوٰة اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، تہجد گزار، دعا گو، مہمان نواز، حقوق اللہ اور حقوق العباد ادا کرنے والے، چندوں میں باقاعدہ،ایک نیک، ملنسار اور مخلص انسان تھے۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔ ایک پوتے مکرم مدبر احمد صاحب مربی سلسلہ ہیں۔ جبکہ ایک پوتے مکرم انس محمود صاحب جامعہ احمدیہ کینیڈا میں اور ایک نواسے مکرم سجیل احمد صاحب جامعہ احمدیہ میں زیر تعلیم ہیں۔

-6 مکرم کلیم رانا صاحب ابن مکرم چوہدری رشید احمد صاحب (امریکہ)

9؍دسمبر 2022ء کو 80 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ مکرم چوہدری چھجو خان صاحب (بیعت 1908ء) کے پوتے اور حضرت چوہدری غلام احمد صاحب ایڈووکیٹ کے نواسے تھے۔ مرحوم 1980ء میں امریکہ منتقل ہو گئے اور بحیثیت کیمیکل ٹیکنالوجسٹ پیشہ ورانہ زندگی کو جاری رکھا۔ امریکہ جانے سے قبل آپ کو قائد مجلس خدام الاحمدیہ منڈی بہاؤالدین کے طور پر خدمت کی توفیق ملی۔ امریکہ میں کئی سالوں تک ہیوسٹن جماعت کے صدر کے علاوہ ذیلی تنظیموں میں بھی مختلف عہدوں پر فعال خدمت بجالاتے رہے۔ مسجد کے ساتھ ایک خاص لگاؤ تھا اورکام کے بہت مشکل شیڈول کے باوجود مسجد میں نماز کا ناغہ نہیں کیا کرتے تھے۔ خلافت سے بہت محبت اور پیار کا تعلق تھا۔ مرحوم موصی تھے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

ادارہ الفضل تمام مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ تمام کا حامی و ناصر ہو۔

پچھلا پڑھیں

سومایا پلی ہو سکا (Somaya Pilichowska)

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 جنوری 2023