• 27 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ برکینا فاسو کی انسداد کرونا وائرس کے لیے مساعی

عطیہ خون علاج بھی ،خدمت بھی ،عبادت بھی
جماعت احمدیہ برکینا فاسو کی انسداد کرونا وائرس کے لیے مساعی

آجکل جب دنیا کرونا وائرس یا COVID-19 سے متاثر ہے اور اس کا کوئی مستقل علاج ڈھونڈنے کی سر توڑ کوششیں ہو رہی ہیں تو جہاں مریضوں کی جان بچانے کے لیے خون کی اشد ضروت پڑ رہی ہے وہاں اس وائرس کا ایک علاج یہ بھی آزمایا جا رہا ہے کہ اس وائرس سے متاثرہ صحت یاب ہونے والے لوگوں کے خون سے صحت مند مادے (Antibodies) لے کر دوسرے متاثرہ مریض کو لگائے جاتے ہیں جس سے اس مریض کا دفاعی نظام بھی متحرک ہو کر اس کے جسم سے بیماری کو نکال باہر کرتا ہے اور یوں مریض صحت یاب ہو جاتاہے میڈیکل سائنس کی اس اصطلاح کو PASSIVE IMMUNITY کہتے ہیں۔ بہرحال جو بھی طریقہ علاج ہو اس میں خون کا استعمال ہو رہا ہے اور اسی لیے آجکل کی صورتحال میں عطیہ خون خدمت اور عبادت کے ساتھ علاج بھی بن گیا ہے ۔

CNTS(centre national de transfusion sanguine) برکینا فاسو کا قومی ادارہ برائے عطیہ خون ہے جوکہ ان ایام میں ماضی میں خون عطیہ کرنے والوں کو خصوصاً اور نئے لوگوں کو بھی موبائل فون پریہ پیغام بھیج رہا ہے کہ ’’کرونا وائرس نے ہمارےپاس موجود خون کے سٹاک کو بہت متاثر کیا ہے ۔ قومی ادارہ خون کی شاخوں میں سے کسی ایک میں جا کر محفوظ طریق پر عطیہ خون دینے کی کاوش جاری رکھیں آپ کا شکریہ‘‘۔

اس کرونا وائرس یا COVID-19 کی وبائی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اور اس کے انسداد اور تدارک کے لیے جماعت احمدیہ برکینا فاسو بھی حتی الوسع کوششیں کر رہی ہے حکومتی سطح پر بھی اور جماعتی سطح پربھی مختلف آگاہی مہم چلانے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور بنیادی ضروری احتیاطی سامان مثلاً فیس ماسک اور ہینڈ سینیٹائزرز کی دستیابی کو ممکن بنا کر اس کی مفت تقسیم کر رہی ہےاس موقع کو بھی غنیمت جانتے ہوئے الحمدللہ ہمیشہ کی طرح جماعت احمدیہ برکینا فاسو کو خدمت خلق کی سعادت نصیب ہو رہی ہے۔

ریجن وایوگیا

برکینا فاسو کے ایک ریجن وایوگیا کی مجلس خدام الاحمدیہ کے زیر انتظام احمدیہ مشن وایوگیا میں میڈیکل ٹیم کو بلا کرریجنل خدام سے عطیٔہ خون حاصل کیا گیا اس طرح اس ایک ریجن سے 28 خدام خون دینے کے لیے حاضر ہوئے اور 24 یونٹ خون لے کر برکینا فاسو کے قومی ادارہ برائے عطیہ خون کو دیے ۔

ریجن آواگا ڈوگو

اس ریجن میں سنٹرل جیل کا انتخاب کیا گیا اور جیل میں موجود 500 قیدیوں کو کھانا اور مشروب مہیا کیا گیا کیونکہ جیل کے اندر انتظام کرنا مشکل تھا اس لیے مشن سے ہی کھانے کی پکوائی، اس کی پیکنگ اور ترسیل کے لیے انتظامات مکمل کر کے جیل لے جایا گیا اور انتظامیہ کی مدد سے تقسیم کر دیا گیا۔ عموماً رمضان المبارک کےدنوں میں جماعت احمدیہ برکینا فاسو کی ایک عرصہ دراز سے یہ روایت چلی آ رہی ہے کہ جیل کے پُرسانِ حال قیدیوں کو یاد رکھا جاتاہے

ریجن ٹینکو ڈوگو

برکینا فاسو کے ایک ریجن ٹینکو ڈوگو کی مجلس خدام الاحمدیہ کے زیر انتظام 13 جون 2020ء احمدیہ مشن ٹینکو ڈوگو میں میڈیکل ٹیم کو بلا کرریجنل خدام سے عطیہ خون حاصل کیا گیا اس طرح اس ایک ریجن سے 46 خدام خون دینے کے لیے حاضر ہوئے اور 43 یونٹ خون لے کر برکینا فاسو کے قومی ادارہ برائے عطیٔہ خون کو دیے گئے۔

اللہ تعالیٰ کرے کہ یہ حقیر سی قربانی خدا تعالیٰ کے ہاں قبولیت کا شرف پائے اور کرونا کی وبا سے تمام دنیا کی جلد از جلد نجات پائے اور لوگوں کو صحت و تندرسی میسر آئے آمین۔

(رپورٹ :محمد اظہار احمد)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 جون 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 20 جون 2020ء