• 3 مئی, 2024

پہلا سالانہ ریجنل جلسہ دلوا (Daloa)، آئیوری کوسٹ

کورونا وباءکے باعث گزشتہ سال ماہ دسمبر میں آئیوری کوسٹ میں جلسہ سالانہ کا انعقاد نہ کیا جاسکا تاہم تربیت کے اس سلسلہ کو جاری رکھنے کے لئے ریجنل سطح پر جلسہ جات کے انعقاد کا آغاز کیا گیا۔ماہ دسمبر 2021ء سے ہی اس سلسلہ کو شروع کر دیا گیا۔اسی سلسلہ کی کڑی کے طور پر بفضل خداتعالیٰ دوران ماہ دلوا ریجن کو اپنا پہلا ریجنل جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس جلسہ کا انعقاد مورخہ 12و13 فروری 2022ء بروز ہفتہ و اتوار بمقام سیگلا (segula) کیا گیا۔ جلسہ کے انعقاد سے قبل ہی مرکزی مبلغ سلسلہ عبدالسلام طورے صاحب نے مختلف اوقات میں میٹنگز کر کے جلسہ کے انتظامات اور ہونے والے پروگرامز کا جائزہ لیاساتھ ہی ساتھ مقامی معلم مکرم سیاوے محمد صاحب کے ساتھ مختلف مقامات کا دورہ بھی کیا تاکہ احمدی احباب کو جلسہ میں شامل ہونے کی دعوت نیز جلسہ کی اہمیت سے آگاہ کیا جاسکے۔ تاہم باقاعدہ تیاری کا آغاز بروز جمعۃ المبارک 11 فروری کیا گیا۔ جس دن ایک مقامی سکول کی جگی کرائے کے طورپر حاصل کی گئی جہاں جلسہ کا پنڈال سجایا گیا اور مختلف ٹینٹ وغیرہ لگانے کا ساتھ جلسہ گاہ کی صفائی کاکام بھی کیا گیا۔

جلسہ کے لئے مہمانان کی آمد کاسلسلہ بروز جمعہ ہی شروع ہو گیا۔مکرم و محترم امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ عبدالقیوم پاشا صاحب بھی نیشنل عاملہ کے ممبران و دیگر مرکزی مہمانان کے ساتھ بروز ہفتہ جلسہ سے قبل جلسہ گاہ پہنچ گئے۔جلسہ کے لئے آنے والے احباب کی تجنید کا آغاز صبح سے ہی کر دیا گیا۔جلسہ کی تقریب کا باقاعدہ آغاز بروز ہفتہ بعد از نماز عصر لوائے احمدیت لہرانے کے ساتھ ہوا، صدارت مکر م امیر ومشنری انچارج صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور فرینچ زبان میں ترجمہ کے بعد نظم پڑھی گئی جس کے بعد مکرم ریجنل مشنری صاحب نے مقامی روایات کے مطابق شاملین جلسہ کو خوش آمدید کہا۔جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے افتتاحی تقریر بعنوان ’’جلسہ کی اہمیت و برکات‘‘ کی۔اس کے بعد مکرم صدیق جیالو لوکل معلم صاحب نے بعنوان ’’احمدیت و آمد امام مہدیؑ‘‘ کی۔ نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد سوال و جواب کا پروگرام رکھا گیا جس کی صدارت مکرم سینا کولیبالی معلم سلسلہ صاحب نے کیا۔ بعد ازاں عشاء کی نماز ادا کی گئی۔اسی دوران مکرم امیر صاحب کے ساتھ ریجنل و لوکل عاملہ کی میٹنگ بھی ہوئی جس کے بعد طعام دیا گیا اور یوں جلسہ کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔

دوسرے دن کا آغاز باجماعت نمازتہجد اور نماز فجر سے ہوا۔جس دوران مکرم سیاوے محمد لوکل معلم سلسلہ صاحب نے درس بعنوان نماز اور اسکی اہمیت دیا۔دوسرے دن کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز صبح 9:30 بجے تلاوت قرآن کریم،فرینچ ترجمہ و نظم کے ساتھ ہوا جس کی صدارت مکرم امیر ومشنری انچارج صاحب نے کی۔ جس کے بعد اس سیشن کی سب سے پہلی تقریرمکرم گاؤسو تراؤرے (Gaoussou Traore) لوکل صدر صاحب نے بعنوان ’’اسلام، امن کا مذہب‘‘ کیا۔ بعدازاں ریجنل مشنری مکرم عبدالسلام طورے صاحب نے تقریر بعنوان ’’نوجوان مسلمانوں کو درپیش شدت پسندی کے مسائل اور انکا حل‘‘ کی۔ جس کے بعد معزز مہمان کرام نےآکر اظہار خیال کیا۔ اس بابرکت تقریب کی اختتامی تقریر مکرم امیر صاحب نے بعنوان ’’اسلام میں عبادات، نماز، تہجد اور نوافل کی اہمیت‘‘ کی۔ جس کے بعد دعا کروائی اور جلسہ کا اختتام ہوا۔ اور نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد مہمان میں کھانا تقسیم کیا گیا جس کے بعد مہمانان کو اپنے اپنے مقامات کی طرف واپس جانے کی اجازت دی گئی۔

بفضل خدا تعالیٰ امسال دلوا (Daloa) ریجن کو اپنا پہلا ریجنل جلسہ منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی . جلسہ میں الحمد للہ شاملین کی کل حاضری 200 رہی جس میں 10 مختلف جماعتوں سے احباب جماعت نے شرکت کی۔جبکہ جلسہ میں مکرم امیر صاحب کے ساتھ نیشنل عاملہ کے بعض اراکین مثلاً نیشنل صدر خدام الاحمدیہ،نیشنل صدر لجنہ اماءاللہ، نیشنل صدر انصار اللہ و دیگر نے شرکت کی جبکہ ایسیا،ماں ریجن کے مبلغین کرام نیز سینفرا، ابنگروکے معلمین کرام نے بھی اس جلسہ میں شرکت کی۔ اس جلسہ میں کئی ایک غیر از جماعت لوکل امام بھی شریک ہوئے جبکہ مسٹر خالدو موسیٰ صاحب انچارج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، نیز مکرم دانوگو باکارے صاحب انچارج cogeds نے بھی شرکت کی۔جبکہ سوشل میڈیا پر بھی جلسہ کے پروگرامز کی تشہیر کی گئی نیز ایم ٹی اے ٹیم آئیوری کوسٹ نے بھی جلسہ کی کوریج کی اور بعد ازاں اسے اپنے یوٹیوب اکاؤنٹ پر اپلوڈ کیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ یہ جلسہ ہر لحاظ سے بابرکت کرے اور شاملین جلسہ کو حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی دعاؤں کا وارث بنائےنیز آئندہ بھی جماعت دلوا کو تربیت کے اس سلسلہ کو جاری رکھنے کی توفیق عطا فرماتا جائے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل آن لائن آئیوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 21 مارچ 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ